Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
24 verses
1دیکھو باپ نے ہم سے کَیسی محبّت کی ہے کہ ہم خُدا کے فرزند کہلائے اور ہم ہیں بھی۔ دُنیا ہمیں اِس لِئے نہِیں جانتی کہ اُس نے اُسے بھی نہِیں جانا۔
2عِزیزو! ہم جانتے ہیں کہ جب وہ ظاہِر ہوگا تو ہم بھی اُس کی مانِند ہوں گے۔ کِیُونکہ اُس کو ویسا ہی دیکھیں گے جَیسا وہ ہے۔
3اور جو کوئی اُس سے یہ اُمِید رکھتا ہے اپنے آپ کو وَیسا ہی پاک کرتا ہے جَیسا وہ پاک ہے۔
4جو کوئی گُناہ کرتا ہے وہ شرع کی مُخالفت کرتا ہے اور گُناہ شرع کی مُخالفت ہی ہے۔
5اور تُم جانتے ہو کہ وہ اِس لِئے ظاہِر ہُؤا تھا کہ گُناہوں کو اُٹھا لے جائے اور اُس کی ذات میں گُناہ نہِیں۔
6جو کوئی اُس میں قائِم رہتا ہے وہ گُناہ نہِیں کرتا۔ جو کوئی گُناہ کرتا ہے نہ اُس نے اُسے دیکھا ہے اور نہ جانا ہے۔
7اَے بچّو! کِسی کے فریب میں نہ آنا۔ جو راستبازی کے کام کرتا ہے وُہی اُس کی طرح راستباز ہے۔
8جو شَخص گُناہ کرتا ہے وہ اِبلِیس سے ہے کِیُونکہ اِبلِیس شُرُوع ہی سے گُناہ کرتا رہا ہے۔ خُدا کا بَیٹا اِسی لِئے ظاہِر ہُؤا تھا کہ اِبلِیس کے کاموں کو مِٹائے۔
9جو کوئی خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے وہ گُناہ نہِیں کرتا کِیُونکہ اُس کا تُخم اُس میں بنا رہتا ہے بلکہ وہ گُناہ کر ہی نہِیں سکتا کِیُونکہ خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے۔
10اِسی سے خُدا کے فرزند اور اِبلِیس کے فرزند ظاہِر ہوتے ہیں۔ جو کوئی راستبازی کے کام نہِیں کرتا وہ خُدا سے نہِیں اور وہ بھی نہِیں جو اپنے بھائِی سے محبّت نہِیں رکھتا۔
11کِیُونکہ جو پَیغام تُم نے شُرُوع سے سُنا وہ یہ ہے کہ ہم ایک دُوسرے سے محبّت رکھّیں۔
12اور قائِن کی مانِند نہ بنیں جو اُس شرِیر سے تھا اور جِس نے اپنے بھائِی کو قتل کِیا اور اُس نے کِس واسطے اُسے قتل کِیا؟ اِس واسطے کہ اُس کے کام بُرے تھے اور اُس کے بھائِی کے کام راستی کے تھے۔
13اَے بھائِیو! اگر دُنیا تُم سے عَداوَت رکھتی ہے تو تعّجُب نہ کرو۔
14ہم جانتے ہیں کہ مَوت سے نِکل کر زِندگی میں داخِل ہوگئے کِیُونکہ ہم بھائِیوں سے محبّت رکھتے ہیں۔ جو محبّت نہِیں رکھتا وہ مَوت کی حالت میں رہتا ہے۔
15جو کوئی اپنے بھائِی سے عَداوَت رکھتا ہے وہ خُونی ہے اور تُم جانتے ہو کہ کِسی خُونی میں ہمیشہ کی زِندگی موجُود نہِیں رہتی۔
16ہم نے محبّت کو اِسی سے جانا ہے کہ اُس نے ہمارے واسطے اپنی جان دے دی اور ہم پر بھی بھائِیوں کے واسطے جان دینا فرض ہے۔
17جِس کِسی کے پاس دُنیا کا مال ہو اور وہ اپنے بھائِی کو محُتاج دیکھ کر رحم کرنے میں دریغ کرے تو اُس میں خُدا کی محبّت کیونکر قائِم رہ سکتی ہے؟
18اَے بچّو! ہم کلام اور زبان ہی سے نہِیں بلکہ کام اور سَچّائی کے ذرِیعہ سے بھی محبّت کریں۔
19اِس سے ہم جانیں گے کہ حق کے ہیں اور جِس بات میں ہمارا دِل ہمیں اِلزام دے گا اُس کے بارے میں ہم اُس کے حُضُور اپنی دِلجمعی کریں گے۔
20کِیُونکہ خُدا ہمارے دِل سے بڑا ہے اور سب کُچھ جانتا ہے۔
21اَے عِزیزو! جب ہمارا دِل ہمیں اِلزام نہِیں دیتا تو ہمیں خُدا کے سامنے دِلیری ہو جاتی ہے۔
22اور جو کُچھ ہم مانگتے ہیں وہ ہمیں اُس کی طرف سے مِلتا ہے کِیُونکہ ہم آُس کے حُکموں پر عمل کرتے ہیں اور جو کُچھ وہ پسند کرتا ہے اُسے بجا لاتے ہیں۔
23اور اُس کا حُکم یہ ہے کہ ہم اُس کے بَیٹے یِسُوع مسِیح کے نام پر اِیمان لائیں اور جَیسا اُس نے ہمیں حُکم دِیا اُس کے مُوافِق آپس میں محبّت رکھّیں۔
24اور جو اُس کے حُکموں پر عمل کرتا ہے وہ اِس میں اور یہ اُس میں قائِم رہتا ہے اور اِسی سے یعنی اُس رُوح سے جو اُس نے ہمیں دِیا ہے ہم جانتے ہیں کہ وہ ہم میں قائِم رہتا ہے۔