Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
13 verses
1اِس واسطے جب ہم زِیادہ برداشت نہ کر سکے تو اتھینے میں اکیلے رہ جانا منظُور کِیا۔
2اور ہم نے تِیمُتھیُس کو جو ہمارا بھائِی اور مسِیح کی خُوشخَبری میں خُدا کا خادِم ہے اِس لِئے بھیجا کہ وہ تُمہیں مضبُوط کرے اور تُمہارے اِیمان کے بارے میں تُمہیں نصِیحت کرے۔
3کہ اِن مُصِبتوں کے سبب سے کوئی نہ گھبرائے کِیُونکہ تُم جانتے ہو کہ ہم اِن ہی کے لِئے مُقرّر ہُوئے ہیں۔
4بلکہ پہلے بھی جب ہم تُمہارے پاس تھے تو تُم سے کہا کرتے تھے کہ ہمیں مُصِیبت اُٹھانا ہوگا چُنانچہ اَیسا ہی ہُؤا اور تُمہیں معلُوم بھی ہے۔
5اِس واسطے جب مَیں اَور زِیادہ برداشت نہ کرسکا تو تُمہارے اِیمان کا حال دریافت کرنے کو بھیجا۔ کہِیں اَیسا نہ ہُؤا ہوکہ آزمانے والے نے تُمہیں آزمایا ہو اور ہماری محنت بے فائِدہ گئی ہو۔
6مگر اَب جو تِیمُتھیُس نے تُمہارے پاس سے ہمارے پاس آ کر تُمہارے اِیمان اور محبّت کی اور اِس بات کی خُوشخَبری دی کہ تُم ہمارا ذِکرِ خَیر ہمیشہ کرتے ہو اور ہمارے دیکھنے کے اَیسے مُشتاق ہو جَیسے کہ ہم تُمہارے۔
7اِس لِئے اَے بھائِیو! ہم نے اپنی ساری اِحتیاج اور مُصِیبت میں تُمہارے اِیمان کے سبب سے تُمہارے بارے میں تسلّی پائی۔
8کِیُونکہ اَب اگر تُم خُداوند میں قائِم ہو تو ہم زِندہ ہیں۔
9تُمہارے باعِث اپنے خُدا کے سامنے ہمیں جِس قدر خُوشی حاصِل ہے اُس کے بدلہ میں کِس طرح تُمہاری بابت خُدا کا شُکر ادا کریں؟
10ہم رات دِن بہُت ہی دُعا کرتے رہتے ہیں کہ تُمہاری صُورت دیکھیں اور تُمہارے اِیمان کی کمی پُوری کریں۔
11اب ہمارا خُدا اور باپ خُود اور ہمارا خُداوند یِسُوع تُمہاری طرف ہماری رہبری کرے۔
12اور خُداوند اَیسا کرے کہ جِس طرح ہم کو تُم سے محبّت ہے اُسی طرح تُمہاری محبّت بھی آپس میں اور سب آدمِیوں کے ساتھ زِیادہ ہو اور بڑھے۔
13تاکہ وہ تُمہارے دِلوں کو اَیسا مضبُوط کر دے کہ جب ہمارا خُداوند یِسُوع اپنے سب مُقدّسوں کے ساتھ آئے تو وہ ہمارے خُدا اور باپ کے سامنے پاکیزگی میں بے عَیب ٹھہریں۔