Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
28 verses
1مگر اَے بھائِیو! اِس کی کُچھ حاجت نہِیں کہ وقتوں اور مَوقعوں کی بابت تُم کو کُچھ لِکھا جائے۔
2اِس واسطے کہ تُم آپ خُوب جانتے ہو کہ خُداوند کا دِن اِس طرح آنے والا ہے جِس طرح رات کو چَور آتا ہے۔
3جِس وقت لوگ کہتے ہوں گے کہ سَلامتی اور امن ہے اُس وقت اُن پر اِس طرح ناگہان ہلاکت آئے گی جِس طرح حامِلہ کو درد لگتے ہیں اور وہ ہرگِز نہ بچیں گے۔
4لیکِن تُم اَے بھائِیو! تارِیکی میں نہِیں ہو کہ وہ دِن چَور کی طرح تُم پر آ پڑے۔
5کِیُونکہ تُم سب نُور کے فرزند اور دِن کے فرزند ہو۔ ہم نہ رات کے ہیں نہ تارِیکی کے۔
6پَس اَوروں کی طرح سو نہ رہیں بلکہ جاگتے اور ہوشیار رہیں۔
7کِیُونکہ جو سوتے ہیں رات ہی کو سوتے ہیں اور جو متوالے ہوتے ہیں رات ہی کو متوالے ہوتے ہیں۔
8مگر ہم جو دِن کے ہیں اِیمان اور محبّت کا بکتر لگا کر اور نِجات کی اُمِید کو خُود پہن کر ہوشیار رہیں۔
9کِیُونکہ خُدا نے ہمیں غضب کے لِئے نہِیں بلکہ اِس لِئے مُقرّر کِیا کہ ہم اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے نِجات حاصِل کریں۔
10وہ ہماری خاطِر اِس لِئے مُؤا کہ ہم جاگتے ہوں یا سوتے ہوں سب مِل کر اُسی کے ساتھ جِئیں۔
11پَس تُم ایک دُوسرے کو تسلّی دو اور ایک دُوسرے کی ترقّی کا باعِث بنو۔ چُنانچہ تُم اَیسا کرتے بھی ہو۔
12اور اَے بھائِیو! ہم تُم سے دَرخواست کرتے ہیں کہ جو تُم میں محنت کرتے اور خُداوند میں تُمہارے پیشوا ہیں اور تُم کو نصِیحت کرتے ہیں اُنہِیں مانو۔
13اور اُن کے کام کے سبب سے محبّت کے ساتھ اُن کی بڑی عِزّت کرو۔ آپس میں میل مِلاپ رکھّو۔
14اور اَے بھائِیو! ہم تُمہیں نصِیحت کرتے ہیں کہ بے قائِدہ چلنے والوں کو سَمَجھاؤ۔ کم ہِمّتوں کو دِلاسا دو۔ کمزوروں کو سنبھالو۔ سب کے ساتھ تحمُّل سے پیش آؤ۔
15خَبردار! کوئی کِسی سے بدی کے عوض بدی نہ کرے بلکہ ہر وقت نیکی کرنے کے درپَے رہو۔ آپس میں بھی اور سب سے۔
16ہر وقت خُوش رہو۔
17بِلاناغہ دُعا کرو۔
18ہر ایک بات میں شُکرگُذاری کرو کِیُونکہ مسِیح یِسُوع میں تُمہاری بابت خُدا کی یہی مرضی ہے۔
19رُوح کو نہ بُجھاؤ۔
20نبُوّتوں کی حقارت نہ کرو۔
21سب باتوں کو آزماؤ۔ جو اچھّی ہو اُسے پکڑے رہو۔
22ہر قِسم کی بدی سے بچے رہو۔
23خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے آپ ہی تُم کو بالکُل پاک کرے اور تُمہاری رُوح اور جان اور بَدَن ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے آنے تک پُورے پُورے اور بے عَیب محفُوظ رہیں۔
24تُمہارا بُلانے والا سَچّا ہے۔ وہ اَیسا ہی کرے گا۔
25اَے بھائِیو! ہمارے واسطے دُعا کرو۔
26پاک بوسہ کے ساتھ سب بھائِیوں کو سَلام کرو۔
27مَیں تُمہیں خُداوند کی قَسم دیتا ہُوں کہ یہ خط سب بھائِیوں کو سُنایا جائے۔
28ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔