Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
23 verses
1اور جب رحبعام یروشلیم میں آگیا تو اُس نے اسرائیل سے لڑنے کے لیئے یہوداہ اور بنیمین کے گھرانے میں سے ایک لاکھ اسَی ہزار چُنے ہوئے جوان جو جنگی مرد تھے فراہم کیے تاکہ وہ پھر مملکت کو رحبعام کے قبضہ میں کرادیں۔
2لیکن خُداوند کا کلام مردِ خُدا سمعیاہ کو پُہنچا کہ۔
3یہوداہ کے بادشاہ سلیمان کے بیٹے رحبعام سے اور سارے اسرائیل سے جویہوداہ اور بنیمین میں ہیں کہ ۔
4خُداوند یُوں فرماتاہے کہ تُم چڑھائی نہ کرنا اور نہ اپنے بھائیوں سے لڑنا ۔تُم اپنے اپے گھر کو لَوٹ جاؤ کیونکہ یہ مُعاملہ میری طرف سے ہے ۔پس اُنہوں نے خُداوند کی باتیں مان لیں اور یُربعام پر چڑھائی کیے بغیر لَوٹ گئے۔
5اور رحبعام یروشلیم میں رہنے لگا اور اُس نے یہوداہ میں حفاظت کے لیئے شہر بنائے۔
6پس اُس نے بیت الحم اور عیطام اور تقُوع۔
7اور بیت صور اور شوکو اور عدُلام ۔
8اور جات اور مریسہ اورزیف۔
9اور ادوریم اور لکیس اور عزیقہ۔
10اور صُرعہ اور ایالون اور حُبرون کو جو یہوداہ اور بنیمین میں ہیں بنا کر قلعہ بند کر دیا۔
11اور اُس نے قلعوں کو بُہت مضبوط کیا اور اُن میں سرداروں کو مُقرر کیا اور رسد اور تیل اور مے کے ذخیرہ کو رکھا ۔
12اور ایک ایک شہر میں ڈھالیں اور بھالے رکھو اکر اُن کو نہایت ہی مضبوط کر دیا اور یہوداہ اور بنیمین اُسی کے رہے۔
13اور کاہن اور لاوی جو سارے اسرائیل میں تھے اپنی اپنی سرحد سے نکل کر اُس کے پاس آگئے۔
14کیونکہ لاوی اپنی گرِدہ نواحوں اور ملکیتوں کو چھوڑ کر یہوداہ اور یروشلیم میں آئے اس لیئے کہ یربعام اور اُسے کے بیٹوں نے اُنہیں نکال دیا تھا تاکہ وہ خُداوند کے حضور کہانت کی خدمت سر انجام نہ سینے پائیں۔
15اور اُس نے اپنی طرف سے اُونچے مقاموں اور بکروں اور اپنے بنائے ہوئے بچھڑوں کے لیئے کاہن مُقرر کیے۔
16اور لاویوں کے پیچھے اسرائیل کے سب قبیلوں میں سے ایسے لوگ جنہوں نے خُداوند اسرائیل کے خُدا کی تلاش میں اپنا دل لگایا تھا یروشلیم میں آئے کہ خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے حضور قربانی چڑھائیں۔
17سو اُنہوں نے یہوداہ کی سلطنت کو طاقتور بنا دیا اور تین برس تک سلیمان کے بیٹے رحبعام کو قوی بنا رکھا کیونکہ وہ تین برس تک داؤد اور سلیمان کی راہ پر چلتے رہے۔
18اور رُحبعام نے محالات کو جو یریموت بن داؤد اور الیاب بن یسی کی بیٹی ابی خیل کی بیٹی تھی بیاہ لیا۔
19اُس کے اُس سے بیٹے پیدا ہوئے یعنی یعوس اور سمریاہ اور زہم۔
20اُس کے بعد اُس نے ابی سلوم کی بیٹی معکہ کو بیاہ لیا جس کے اُس سے ابیاہ اور عتی اور زیزا اور سلومیت پیدا ہوئے۔
21اور رحبعام ابی سلوم کی بیٹی معکہ کو اپنی سب بیویوں اور حرموں سے زیادہ پیار کرتا تھا (کیونکہ اُس کی اٹھارہ بیویاں اور ساٹھ حرمیں تھیں اور اُس سے اٹھائیس بیٹے پیدا ہوئے اور ساٹھ بیٹیاں پیدا ہوئیں )۔
22اور رحبعام نے ابیاہ بن معکہ کو پیشوا مُقرر کیا تاکہ اپنے بھائیوں میں سردار ہو کیونکہ اُس کا ارادہ تھا کہ اُسے بادشاہ بنائے ۔
23اور اُس نے ہوشیاری کی اور اپنے بیٹوں کو یہوداہ اور بنیمین کی ساری مملکت کے بیچ ہر فصیل دار شہر میں الگ الگ کر دیا اور اُن کو بُہت خُورِش دی اور اُن کے لیئے بُہت سی بیویاں تلاش کیں۔