Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1اور اُس نے پیتل کا ایک مذبح بنایا ۔اُس کی لمبائی بیس ہاتھ اور چوڑائی بیس ہاتھ اور اُُونچائی دس ہاتھ تھی ۔
2اور اُس نے ایک ڈھالا ہوا بڑا حَوض بنایا جو ایک کنارہ سے دورسے کنارہ تک دس ہاتھ تھا۔ وہ گول تھا اور اُس کی اُونچائی پانچ ہاتھ تھی اور اُس کا گھیر تیس ہاتھ کے ناپ کا تھا ۔
3اور اُس کے نیچے بیلوں کی صورتیں اُسکے گردا گِرد دس دس ہاتھ تک تھیں اور اُس بڑے حَوض کو چاروں طرف سے گھیرے ہوئے تھیں۔ یہ بیل دو قطاروں میں تھے اور اُسی کے ساتھ ہی ڈھالے گئے تھے۔
4اور وہ بارہ بیلوں پر دھرا ہوا تھا۔ تین کا رُخ شِمال کی طرف اور تین کا رُخ مغرب کی طرف اور تین کا رُخ جنوب کی طرف اور تتین کا رُخ مشرق کی طرف تھا اور و بڑا حَوض اُن کے اُوپر تھا اور اُن سب کے پچھلے اعضا اندر کے رُخ تھے۔
5اُس کی موٹائی چار اُنگل کی تھی اور اُس کا کنارہ پیالے کے کنارہ کی طرح اور سوسن کے پھول سے مُشابہ تھا۔ اُس میں تین ہزار بت کی سمائی تھی ۔
6اور اُس نے دس حَوض بھی بنائے اور پانچ دہنی اور پانچ بائیں طرف رکھے تاکہ اُن میں سوختنی قربانی کی چیزیں دھوئی جائیں۔اُن میں وہ اُن ہی چیزوں کو دھوتے تھے پر وہ بڑا حَوض کاہنوں کے نہانے کے لیئے تھا ۔
7اور اُس نے سونے کے دس شمعدان اُس حُکم کے مُوافق بنائے جو اُن کے بارے میں مِلا تھا۔ اُس نے اُن کو ہیکل میں پانچ دہنی اور پانچ بائیں طرف رکھا۔
8اور اُس نے دس میزیں بھی بنائیں اور اُن کو ہیکل میں پانچ دہنی اور پانچ بائیں طرف رکھا اور اُس نے سونے کے سَو کٹورے بنائے ۔
9اور اُس نے کاہنوں کا صحن اور بڑا صحن اور اُس صحن کے دروازوں کو بنایا اور اُن کے کِواڑوں کو پیتل سے منڈھا ۔
10اور اُس نے اُس بڑے حَوض کو مشرق کی طرف دہنے ہاتھ جنوبی رُخ پر رکھا۔
11اور حُورام نے برتن اور بیلچے اور کٹورے بنائے۔سو حُورام نے اُس کام کو جسے وہ سلیمان بادشاہ کے لیئے خُدا کے گھر میں کر رہا تھا تمام کیا۔
12یعنی دونوں ستونوں اور کُرے اور دونوں تاج جو اُن دونوں ستونوں پر تھے اور ستونوں کی چوٹی پر کے تاجوں کے دونوں کُروں کو ڈھانکنے کی دونوں جالیاں ۔
13اور دونوں جالیوں کے لیئے چار سو انار یعنی ہر جالی کے لیئے اناروں کی دو دو قطاریں تاکہ ستونوں پر کے تاجوں کے دونوں کُرے ڈھک جائیں۔
14اور اُس نے کُرسیاں بھی بنائیں اور اُن کُرسیوں پر حَوض لگائے۔
15اور ایک بڑا حَوض اور اُس کے نیچے بارہ بیل۔
16اور دیگیں بیلچے کانٹے اور اُس کے سب ظروُف اُس کے باپ حُورام نے سلیمان بادشاہ کے لیئے خُداوند کے گھر کے لیئے جھلکتے ہوئے پیتل کے بنائے ۔
17اور بادشاہ نے اُن سب کو یردن کے میدان میں سُکات اور صریدا کے درمیان کی چکنی مٹی میں ڈھالا۔
18اور سلیمان نے یہ سب ظروُف اس کثرت سے بنائے کے اُس پیتل کا وزن معلوم نہ ہو سکا۔
19اور سلیمان نے اُن سب ظروُف کو جو خُدا کے گھر میں تھے بنایا یعنی سونے کی قربان گاہ اور وہ میزیں بھی جن پر نذر کی روٹیاں رکھی جاتی تھیں۔
20اور خالص سونے کے شمعدان مع چراغوں کے تاک�� وہ ستور کے مُوافق اِلہا مگاہ کے آگے روشن رہیں۔
21اور سونے بلکہ کُندن کے پُھول اور چراغ اور چمٹے۔
22اور گلِگیر اور کٹورے اور چمچے اور بخُور دان خالص سونے کے اور مسکن کا مدخل یعنی اُس کے اندرونی دروازے پاکترین مکان کے لیئے اور گھر یعنی ہیکل کے دروازے سونے کے تھے۔