Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
33 verses
1کاش کہ تُم میری تھوڑی سی بے وُقُوفی کی برداشت کر سکتے! ہاں تُم میری برداشت کرتے تو ہو۔
2مُجھے تُمہاری بابت خُدا کی سی غَیرت ہے کِیُونکہ مَیں نے ایک ہی شَوہر کے ساتھ تُمہاری نِسبت کی ہے تاکہ تُم کو پاکدامن کُنواری کی مانِند مسِیح کے پاس حاضِر کرُوں۔
3لیکِن مَیں ڈرتا ہُوں۔ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ جِس طرح سانپ نے اپنی مکّاری سے حوّا کو بہکایا اُسی طرح تُمہارے خیالات بھی اُس خُلُوص اور پاکدامنی سے ہٹ جائیں جو مسِیح کے ساتھ ہونی چاہِئے۔
4کِیُونکہ جو آتا ہے اگر وہ کِسی دُوسرے یِسُوع کی منادی کرتا ہے جِس کی ہم نے منادی نہِیں کی یا کوئی اَور رُوح تُم کو مِلتی ہے جو نہ مِلی تھی یا دُوسری خُوشخَبری مِلی جِس کو تُم نے قُبُول نہ کِیا تھا تو تُمہارا برداشت کرنا بجا ہے۔
5مَیں تو اپنے اپ کو اُن افضل رَسُولوں سے کُچھ کم نہِیں سَمَجھتا۔
6اور اگر تقرِیر میں بےشُعُور ہُوں تو عِلم کے اِعتبار سے تو نہِیں بلکہ ہم نے اِس کو ہر بات میں تمام آدمِیوں پر تُمہاری خاطِر ظاہِر کر دِیا۔
7کیا یہ مُجھ سے خطا ہُوئی کہ مَیں نے تُمہیں خُدا کی خُوشخَبری مُفت پہُنچا کر اپنے آپ کو پست کِیا تاکہ تُم بُلند ہو جاؤ۔
8مَیں نے اَور کلِیسیاؤں کو لُوٹا یعنی اُن سے اُجرت لی تاکہ تُمہاری خِدمت کرُوں۔
9اور جب مَیں تُمہارے پاس تھا اور حاجتمند ہو گیا تھا تَو بھی مَیں نے کِسی پر بوجھ نہِیں ڈالا کِیُونکہ بھائِیوں نے مکِدُنیہ سے آ کر میری حاجت کو رفع کر دِیا تھا اور مَیں ہر ایک بات میں تُم پر بوجھ ڈالنے سے باز رہا اور رہُوں گا۔
10مسِیح کی صداقت کی قَسم جو مُجھ میں ہے۔ اخَیہ کے علاقہ میں کوئی شَخص مُجھے یہ فخر کرنے سے نہ روکے گا۔
11کِس واسطے؟ کیا اِس واسطے کہ مَیں تُم سے محبّت نہِیں رکھتا؟ اِس کو خُدا جانتا ہے۔
12لیکِن جو کرتا ہُوں وُہی کرتا رہُوں گا تاکہ مَوقع ڈھُونڈنے والوں کو مَوقع نہ دُوں بلکہ جِس بات پر وہ فخر کرتے ہیں اُس میں ہم ہی جَیسے نِکلیں۔
13کِیُونکہ اَیسے لوگ جھُوٹے رَسُول اور دغابازی سے کام کرنے والے ہیں اور اپنے آپ کو مسییح کے رَسُولوں کے ہمشکل بنا لیتے ہیں۔
14اور کُچھ عجِیب نہِیں کِیُونکہ شَیطان بھی اپنے آپ کو نُورانی فرِشتہ کا ہمشکل بنا لیتا ہے۔
15پَس اگر اُس کے خادِم بھی راستبازی کے خادِموں کے ہمشکل بن جائیں تو کُچھ بڑی بات نہِیں لیکِن اُن کا انجام اُن کے کاموں کے مُوافِق ہوگا۔
16مَیں پھِر کہتا ہُوں کہ مُجھے کوئی بےوُقُوف نہ سَمَجھے ورنہ بےوُقوُف ہی سَمَجھ کر مُجھے قُبُول کرو کہ مَیں بھی تھوڑا سا فخر کرُوں۔
17جو کُچھ مَیں کہتا ہُوں وہ خُداوند کے طَور پر نہِیں بلکہ گویا بےوُقُوفی سے اور اُس جُرأت سے کہتا ہُوں جو فخر کرنے میں ہوتی ہے۔
18جہاں اَور بہُتیرے جِسمانی طَور پر فخر کرتے ہیں مَیں بھی کرُوں گا۔
19کِیُونکہ تُم عقلمند ہوکر خُوشی سے بےوُقُوفوں کی برداشت کرتے ہو۔
20جب کوئی تُمہیں غُلام بناتا ہے یا کھا جاتا ہے یا پھنسا لیتا ہے یا اپنے آپ کو بڑا بناتا ہے یا تُمہارے مُنہ پر طمانچہ مارتا ہے تو تُم برداشت کر لیتے ہو۔
21میرا یہ کہنا ذِلّت ہی کے طَور پر سہی کہ ہم کمزور سے تھے مگر جِس کِسی بات میں کوئی دِلیر ہے (اگرچہ یہ کہنا بےوُقُوفی ہے) مَیں بھی دِلیر ہُوں۔
22کیا وُہی عِبرانی ہیں؟ مَیں بھی ہُوں۔ کیا وُہی اِسرائیلی ہیں؟ مَیں بھی ہُوں۔ کیا وُہی ابرہام کی نسل سے ہیں؟ مَیں بھی ہُوں۔
23کیا وُہی مسِیح کے خادِم ہیں؟ (میرا یہ کہنا دِیوانگی ہے) مَیں زِیادہ تر ہُوں۔ محنتوں میں زِیادہ۔ قَید میں زِیادہ۔ کوڑے کھانے میں حدّ سے زِیادہ۔ بار ہا مَوت کے خطروں میں رہا ہُوں۔
24مَیں نے یہُودِیوں سے پانچ بار ایک کم چالِیس چالِیس کوڑے کھائے۔
25تِین بار بید لگے۔ ایک بار سنگسار کِیا گیا۔ تِین بار جہاز ٹُوٹنے کی بلا میں پڑا۔ ایک رات دِن سَمَندَر میں کاٹا۔
26مَیں بار ہا سفر میں۔ دریاؤں کے خطروں میں۔ ڈاکُوؤں کے خطروں میں۔ اپنی قَوم سے خطروں میں۔ غَیرقَوم سے خطروں میں۔ شہر کے خطروں میں۔ بِیابان کے خطروں میں۔ سَمَندَر کے خطروں میں۔ جھُوٹے بھائِیوں کے خطروں میں۔
27محنت اور مُشقت میں۔ بار ہا بیداری کی حالت میں۔ بھُوک اور پیاس کی مُصِیبت میں۔ بار ہا فاقہ کشی میں۔ سردی اور ننگاپن کی حالت میں رہا ہُوں۔
28اَور باتوں کے عِلاوہ جِن کا میں ذِکر نہِیں کرتا سب کلِیسیاؤں کی فِکر مُجھے ہر روز آ دباتی ہے۔
29کِس کی کمزوری سے مَیں کمزور نہِیں ہوتا؟ کِس کے ٹھوکر کھانے سے میرا دِل نہِیں دُکھتا؟
30اگر فخر ہی کرنا ضرُور ہے تو اُن باتوں پر فخر کرُوں گا جو میری کمزوری سے مُتعلِق ہیں۔
31خُداوند یِسُوع کا خُدا اور باپ جِس کی ابد تک حمد ہو جانتا ہے کہ مَیں جھُوٹ نہِیں کہتا۔
32دمِشق میں اُس حاکِم نے جو بادشاہ ارِتاس کی طرف سے تھا میرے پکڑنے کے لِئے دمِشقِیوں کے شہر پر پہرا بِٹھا رکھّا تھا۔
33پھِر مَیں ٹوکرے میں کھِڑکی کی راہ دِیوار پر سے لٹکا دِیا گیا اور مَیں اُس کے ہاتھوں سے بچ گیا۔