Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
18 verses
1اَے مالِکو! اپنے نَوکروں کے ساتھ یہ جان کر عدل و اِنصاف کرو کہ آسمان پر تُمہارا بھی ایک مالِک ہے۔
2دُعا کرنے میں مشغُول اورشُکر گُذاری کے ساتھ اُس میں بیدار رہو۔
3اور ساتھ ساتھ ہمارے لِئے بھی دُعا کِیا کرو کہ خُدا ہم پر کلام کا دروازہ کھولے تاکہ مَیں مسِیح کے اُس بھید کو بیان کر سکُوں جِس کے سبب سے قَید بھی ہُوں۔
4اور اُسے اَیسا ظاہِر کرُوں جَیسا مُجھے کرنا لازِم ہے۔
5وقت کو غنِیمت جان کر باہِر والوں کے ساتھ ہوشیاری سے برتاؤ کرو۔
6تُمہارا کلام ہمیشہ اَیسا پُرفضل اور نمکِین ہو کہ تُمہیں ہر شَخص کو مُناسِب جواب دینا آ جائے۔
7پیارا بھائِی اور دِیانتدار خادِم تخِکُس جو خُداوند میں ہم خِدمت ہے میرا سارا حال تُمہیں بتا دے گا۔
8اُسے مَیں نے اِسی لِئے تُمہارے پاس بھیجا ہے کہ تُم ہماری حالت سے واقِف ہو جاؤ اور وہ تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے۔
9اور اُس کے ساتھ اُنیسمُس کو بھی بھیجا ہے جو دِیانتدار اور پیارا بھائِی اور تُم میں سے ہے۔ یہ تُمہیں یہاں کی سب باتیں بتا دیں گے۔
10ارِسترخُس جو میرے ساتھ قَید ہے تُم کو سَلام کہتا ہے اور برنباس کا رِشتہ کا بھائِی مرقُس (جِس کی بابت تُمہیں حُکم مِلے تھے اگر وہ تُمہارے پاس آئے تو اُس سے اچھّی طرح مِلنا)۔
11اور یِسُوع جو یُوستُس کہلاتا ہے۔ مختُونوں میں سے صِرف یہی خُدا کی بادشاہی کے لِئے میرے ہم خِدمت اور میری تسلّی کا باعِث رہے ہیں۔
12اِپفراس جو تُم میں سے ہے اور مسِیح یِسُوع کا بندہ ہے تُمہیں سَلام کہتا ہے۔ وہ تُمہارے لِئے دُعا کرنے میں ہمیشہ جانفشانی کرتا ہے تاکہ تُم کامِل ہو کر پُورے اِعتِقاد کے ساتھ خُدا کی پُوری مرضی پر قائِم رہو۔
13مَیں اُس کا گواہ ہُوں کہ وہ تُمہارے اور لَودِیکیہ اور ہِیراپُلس کے لوگوں کے واسطے بڑی کوشِش کرتا ہے۔
14پیارا طبِیب لُوقا اور دیماس تُمہیں سَلام کہتے ہیں۔
15لَودِیکیہ میں کے بھائِیوں اور نُمفاس اور اُن کے گھر کی کلِیسیا سے سَلام کہنا۔
16اور جب یہ خط تُم میں پڑھ لِیا جائے تو اَیسا کرنا کہ لَودِیکیہ کی کلِیسیا میں بھی پڑھا جائے اور اُس خط کو جو لَودِیکیہ سے آئے تُم بھی پڑھنا۔
17اور ارخِپُّس سے کہنا کہ جو خِدمت خُداوند میں تیرے سُپُرد ہُوئی ہے اُسے ہوشیاری کے ساتھ انجام دے۔
18مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے سَلام لِکھتا ہُوں۔ میری زنجِیروں کو یاد رکھنا۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔