Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1اگر کوئی مرد کسی عورت سے بیاہ کرے اور پیچھے اُس میں کوئی ایسی بیہودہ بات پائے جس سے اُس عورت کی طرف اُسکی التفات نہ رہے تو وہ اُس کا طلاق نامہ لکھ کر اُس کے حوالہ کرے اور اُسے اپنے گھر سے نکال دے ۔
2اور جب وہ اُس کے گھر سے نکل جائے تو وہ دوسرے مرد کی ہو سکتی ہے ۔
3پر اگر دوسرا شوہر بھی اُس سے نا خوش رہے اور اُس کا طلاق نامہ لکھ کر اُس کے حوالہ کرے اور اُسے اپنے گھر سے نکال دے یا وہ دوسرا شوہر جس نے اُس سے بیاہ کیا ہو مر جائے۔
4تو اُس کا پہلا شوہر جس نے اُسے نکال دیا تھا اُس عورت کے ناپاک ہو جانے کے بعد پھر اُس سے بیاہ نہ کرنے پائے کیونکہ ایسا کام خداوندکے نزدیک مکروہ سو تُو اُس ملک کو جسے خداوند تیرا خدا میراث کے طور پر تجھ کو دیتا ہے گنہگار نہ بنانا ۔
5جب کسی نے کوئی نئی عورت بیاہی ہو تو وی جنگ کے لیے نہ جائے اور نہ کوئی کام اُس کے سپرد ہو وہ سال بھر تک اپنے ہی گھر میں آزاد رہ کر اپنی بیاہی ہوئی بیوی کو خوش رکھے ۔
6کوئی شخص چکی کو یا اُس کے اوپر کے پاٹ کو گرو نہ رکھے کیونکہ یہ تو گویا آدمی کی جان کو گرو رکھنا ہے ۔
7اگر کوئی شخص اپنے اسرائلی بھائیوں میں سے کسی کو غلام بنائے یا بیچنے کی نیت سے چُراتا ہو ا پکڑا جائے تو وہ چور مار ڈالا جائے یوں تُو ایسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کرنا ۔
8تو کوڑھ کی بیماری کی طرف سے ہوشیا ر رہنا اور لاوی کاہنوں کی سب باتوں کو جو وہ تُم کو بتائیں جانفشانی سے ماننا اور اُنکے مطابق عمل کرنا جیسا میں نے اُنکو حکم کیا ہے ویسا ہی دھیان دیکر کرنا ۔
9تُو یاد رکھنا کہ خداوند تیرے خدا نے جب تُم مصر سے نکل کر آرہے تھے تو راستہ میں مریم سے کیا کِیا ۔
10جب تُو اپنے بھائی کو کچھ قرض دے تو گِرو کی چیز لینے کو اُسکے گھر میں نہ گھُسنا ۔
11تُو باہر ہی کھڑے رہنا اور وہ شخص جسے تُو قرض دے خود گِرو کی چیز باہر تیرے پاس لائے ۔
12اور اگر وہ شخس مسکین ہو تو اُسکی گِروو کی چیز کو پاس رکھ کر سو نہ جانا ۔
13بلکہ جب آفتاب غروب ہونے لگے تو اُسکی چیز اُسے پھیر دینا تاکہ وہ اپنا اوڑھنا اوڑھکر سوئے اور تجھ کو دعا دے اور یہ بات تیرے لیے خداوند تیرے خدا کے حضور راستبازی ٹھہرے گی ۔
14تو اپنے غریب اور محتاج خادم پر ظُلم نہ کرنا خواہ وہ تیرے بھائیوں میں سے ہو خوا ہ اُن پردیسیوں میں سے جو تیرے مُلک کے اندر تیری بستیوں میں رہتے ہوں ۔
15تُو اُسی دن اِس سے پہلے کہ آفتاب غروب ہو اُس کی مزدوری اُسے دینا کیونکہ وہ غریب ہے اور اُس کا دل مزدوری میں لگا رہتا ہے ۔ تا نہ ہو کہ وہ خداوند سے تیرے خلاف فریاد کرے اور یہ تیرے حق میں گناہ ٹھہرے ۔
16بیٹوں کے بدلے باپ مارے نہ جائیں نہ باپ کے بدلے بیٹے مارے جائیں ہر ایک اپنے ہی گناہ سے سبب سے مارا جائے ۔
17تو پردیسی یا یتیم کے مقدمہ کو نہ بگاڑنا اور نہ بیوہ کے کپڑے کو گرو رکھنا ۔
18بلکہ یاد رکھنا کہ تُو مصر میں غلام تھا اور خداوند تیرے خدا نے تجھ کو وہاں دے چھڑایا اِسی لیے میں تجھ کو اِس کام کے کرنے کا حکم دیتا ہوں ۔
19جب تُو اپنے کھیت کی فصل کاٹے اور کوئی پولا بھول سے کھیت میں رہ جائے تو اُس کے لینے کو واپس نہ جانا وہ پردیسی اور یتیم اور بیوہ کے لیے رہے تاکہ خداوند تیرا خدا تیرے سب کاموں میں جن کو تُو ہاتھ لگائے تجھ کو برکت بخشے ۔
20جب تُو اپنے زیتون کے درخت کو جھاڑے اُس کے بعد اُس کی شاخوں کو دوبارہ نہ جھاڑنا بلکہ وہ پردیسی اور یتیم اور بیوہ کے لیے رہے ۔
21جب تُو اپنے تاکستان کے انگوروں کو جمع کرے تو اُس کے بعد اُس کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا وہ پردیسی اور یتیم اور بیوہ کے لیے رہے ۔
22اور یاد رکھنا کہ تُو ملک مصر میں غلام تھا اِسی لیے میں تجھ کو اِس کام کے کرنے کا حکم دیتا ہوں ۔