Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
39 verses
1کِیُونکہ شَرِیعَت جِس میں آیندہ کی اچھّی چِیزوں کا عکس ہے اور اُن چِیزوں کی اصلی صُورت نہِیں اُن ایک ہی طرح کی قُربانیوں سے جو ہر سال بِلاناغہ گُذرانی جاتی ہیں پاس آنے والوں کو ہرگِز کامِل نہِیں کرسکتی۔
2ورنہ اُن کا گُذراننا موقُوف نہ ہو جاتا؟ کِیُونکہ جب عِبادت کرنے والے ایک بار پاک ہو جاتے تو پھِر اُن کا دِل اُنہِیں گُنہگار نہ ٹھہراتا۔
3بلکہ وہ قُربانیاں سال بہ سال گُناہوں کو یاد دِلاتی ہیں۔
4کِیُونکہ مُمکِن نہِیں کہ بَیلوں اور بکروں کا خُون گُناہوں کو دُور کرے۔
5اِسی لِئے وہ دُنیا میں آتے وقت کہتا ہے کہ تُو نے قُربانی اور نذر کو پسند نہ کِیا۔ بلکہ میرے لِئے ایک بَدَن تیّار کِیا۔
6پُوری سوختنی قُربانِیوں اور گُناہ کی قُربانِیوں سے تُو خُوش نہ ہُؤا۔
7اُس وقت مَیں نے کہا کہ دیکھ! مَیں آیا ہُوں۔ (کِتاب کے ورقوں میں میری نِسبت لِکھا ہُؤا ہے) تاکہ اَے خُدا! تیری مرضی پُوری کرُوں۔
8اُوپر تو وہ فرماتا ہے کہ نہ تُو نے قُربانیوں اور نذروں اور پُوری سوختنی قُربانیوں اور گُناہ کی قُربانیوں کو پسند کِیا اور نہ اُن سے خُوش ہُؤا حالانکہ وہ قُربانیاں شَرِیعَت کے مُوافِق گُذرانی جاتی ہیں۔
9اور پھِر یہ کہتا ہے کہ دیکھ مَیں آیا ہُوں تاکہ تیری مرضی پُوری کرُوں۔ غرض وہ پہلے کو موقُوف کرتا ہے تاکہ دُوسرے کو قائِم کرے۔
10اُسی مرضی کے سبب سے ہم یِسُوع مسِیح کے جِسم کے ایک ہی بار قُربان ہونے کے وسِیلہ سے پاک کِئے گئے ہیں۔
11اور ہر ایک کاہِن تو کھڑا ہوکر ہر روز عِبادت کرتا ہے اور ایک ہی طرح کی قُربانیاں بار بار گُذرانتا ہے جو ہرگِز گُناہوں کو دُور نہِیں کرسکتِیں۔
12لیکِن یہ شَخص ہمیشہ کے لِئے گُناہوں کے واسطے ایک ہی قُربانی گُذران کر خُدا کی دہنی طرف جا بَیٹھا۔
13اور اُسی وقت سے مُنتظِر ہے کہ اُس کے دُشمن اُس کے پاؤں تَلے کی چَوکی بنیں۔
14کِیُونکہ اُس نے ایک ہی قُربانی چڑھانے سے اُن کو ہمیشہ کے لِئے کامِل کر دِیا ہے جو پاک کِئے جاتے ہیں۔
15اور رُوحُ القدُس بھی ہم کو یہی بتاتا ہے کِیُونکہ یہ کہنے کے بعد کہ۔
16خُداوند فرماتا ہے جو عہد مَیں اُن دِنوں کے بعد اُن سے باندھُوں گا وہ یہ ہے کہ مَیں اپنے قانُون اُن کے دِلوں پر لِکھُوں گا اور اُن کے ذِہن میں ڈالُوں گا۔
17پھِر وہ یہ کہتا ہے کہ اُن کے گُناہوں اور بے دِینوں کو پھِر کبھی یاد نہ کرُوں گا۔
18اور جب اِن کی مُعافی ہو گئی ہے تو پھِر گُناہ کی قُربانی نہِیں رہی۔
19پَس اَے بھائِیو! چُونکہ ہمیں یِسُوع کے خُون کے سبب سے اُس نئی اور زِندہ راہ سے پاک مکان میں داخِل ہونے کی دِلیری ہے۔
20جو اُس نے پردہ یعنی اپنے جِسم میں سے ہوکر ہمارے واسطے مخصُوص کی ہے۔
21اور چُونکہ ہمارا اَیسا بڑا کاہِن ہے جو خُدا کے گھر کا مُختار ہے۔
22تو آؤ ہم سَچّے دِل اور پُورے اِیمان کے ساتھ اور دِل کے اِلزام کو دُور کرنے کے لِئے دِلوں پر چھِینٹے لے کر اور بَدَن کو صاف پانی سے دھُلوا کر خُدا کے پاس چلیں۔
23اور اپنی اُمِید کے اِقرار کو مضبُوطی سے تھامے رہیں کِیُونکہ جِس نے وعدہ کِیا ہے وہ سَچّا ہے۔
24اور محبّت اور نیک کاموں کی ترغِیب دینے کے لِئے ایک دُوسرے کا لِحاظ رکھّیں۔
25اور ایک دُوسرے کے ساتھ جمع ہونے سے باز نہ آئیں جَیسا بعض لوگوں کا دستُور ہے بلکہ ایک دُوسرے کو نصِیحت کریں اور جِس قدر اُس دِن کو نزدِیک ہوتے ہُوئے دیکھتے ہو اُسی قدر زِیادہ کِیا کرو۔
26کِیُونکہ حق کی پہچان حاصِل کرنے کے بعد اگر ہم جان بُوجھ کر گُناہ کریں تو گُناہوں کی کوئی اَور قُربانی باقی نہِیں رہی۔
27ہاں عدالت کا ایک ہَولناک اِنتظار اور غضبناک آتِش باقی ہے جو مُخالِفوں کو کھا لے گی۔
28جب مُوسیٰ کی شَرِیعَت کا نہ ماننے والا دو یا تِین شَخصوں کی گواہی سے بغَیر رحم کِئے مارا جاتا ہے۔
29تو خیال کرو کہ وہ شَخص کِس قدر زِیادہ سزا کے لائِق ٹھہرے گا جِس نے خُدا کے بَیٹے کو پامال کِیا اور عہد کے خُون کو جِس سے وہ پاک ہُؤا تھا ناپاک جانا اور فضل کے رُوح کو بے عِزّت کِیا۔
30کِیُونکہ اُسے ہم جانتے ہیں جِس نے فرمایا کہ اِنتقام لینا میرا کام ہے۔ بَدلہ مَیں ہی دُوں گا اور پھِر یہ کہ خُداوند اپنی اُمّت کی عدالت کرے گا۔
31زِندہ خُدا کے ہاتھوں میں پڑنا ہَولناک بات ہے۔
32لیکِن اُن پہلے دِنوں کو یاد کرو کہ تُم نےمُنوّر ہونے کے بعد دُکھوں کی بڑی کھکھیڑ اُٹھائی۔
33کُچھ تو یُوں کہ لعن طعن اور مُصِیبتوں کے باعِث تُمہارا تماشا بنا اور کُچھ یُوں کہ تُم اُن کے شرِیک ہُوئے جِن کے ساتھ یہ بدسُلُوکی ہوتی تھی۔
34چُنانچہ تُم نے قَیدیوں کی ہمدردی بھی کی اور اپنے مال کا لُٹ جان بھی خُوشی سے منظُور کِیا۔ یہ جان کر کہ تُمہارے پاس ایک بہُتر اور دائِمی مِلکیّت ہے۔
35پَس اپنی دِلیری کو ہاتھ سے نہ دو۔ اِس لِئے کہ اُس کا بڑا اجر ہے۔
36کِیُونکہ تُمہیں صبر کرنا ضرُور ہے تاکہ خُدا کی مرضی پُوری کر کے وعدہ کی ہُوئی چِیز حاصِل کرو۔
37اور بہُت ہی تھوڑی مُدّت باقی ہے کہ آنے والا آئے گا اور دیر نہ کرے گا۔
38اور میرا راستباز بندہ اِیمان سے جِیتا رہے گا اور اگر وہ ہٹے گا تو میرا دِل اُس سے خُوش نہ ہوگا۔
39لیکِن ہم ہٹنے والے نہِیں کہ ہلاک ہوں بلکہ اِیمان رکھنے والے ہیں کہ جان بَچائیں۔