Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
25 verses
1برادرانہ محبّت قائِم رہے۔
2مُسافِر پروری سے غافِل نہ رہو کِیُونکہ اِسی کی وجہ سے بعض نے بے خَبری میں فرِشتوں کی مہمانداری کی ہے۔
3قَیدیوں کو اِس طرح یاد رکھّو کہ گویا تُم اُن کے ساتھ قَید ہو اور جِن کے ساتھ بدسُلُوکی کی جاتی ہے اُن کو یہ سَمَجھ کر یاد رکھّو کہ ہم بھی جِسم رکھتے ہیں۔
4بیاہ کرنا سب میں عِزّت کی بات سَمَجھی جائے اور بِستر بے داغ رہے کِیُونکہ خُدا حرامکاروں اور زانِیوں کی عدالت کرے گا۔
5زر کی دوستی سے خالی رہو اور جو تُمہارے پاس ہے اُسی پر قناعت کرو کِیُونکہ اُس نے خُود فرمایا ہے کہ مَیں تُجھ سے ہرگِز دست بردار نہ ہُوں گا اور کبھی تُجھے نہ چھوڑُوں گا۔
6اِس واسطے ہم دِلیری کے ساتھ کہتے ہیں کہ خُداوند میرا مدد گار ہے۔ مَیں خوف نہ کرُوں گا۔ اِنسان میرا کیا کرے گا؟
7جو تُمہارے پیشوا تھے اور جِنہوں نے تُمہیں خُدا کا کلام سُنایا اُنہِیں یاد رکھّو اور اُن کی زِندگی کے انجام پر غَور کر کے اُن جَیسے اِیماندار ہو جاؤ۔
8یِسُوع مسِیح کل اور آج بلکہ ابد تک یکساں ہے۔
9مُختلِف اور بیگانہ تعلِیموں کے سبب سے بھٹکتے نہ پھِرو کِیُونکہ فضل سے دِل کا مضبُوط رہنا بہُتر ہے نہ کہ اُن کھانوں سے جِن کے اِستعمال کرنے والوں نے کُچھ فائِدہ نہ اُٹھایا۔
10ہماری ایک اَیسی قُربان گاہ ہے جِس میں سے خَیمہ کی خِدمت کرنے والوں کو کھانے کا اِختیّار نہِیں۔
11کِیُونکہ جِن جانوروں کا خُون سَردار کاہِن پاک مکان میں گُناہ کے کفّارہ کے واسطے لے جاتا ہے اُن کے جِسم خَیمہ گاہ کے باہِر جلائے جاتے ہیں۔
12اِسی لِئے یِسُوع نے بھی اُمّت کو خُود اپنے خُون سے پاک کرنے کے لِئے دروازہ کے باہِر دُکھ اُٹھایا۔
13پَس آؤ اُس کی ذِلّت کو اپنے اُوپر لِئے ہُوئے خَیمہ گاہ سے باہِر اُس کے پاس چلیں۔
14کِیُونکہ یہاں ہمارا کوئی قائِم رہنے والا شہر نہِیں بلکہ ہم آنے والے شہر کی تلاش میں ہیں۔
15پَس ہم اُس کے وسِیلہ سے حمد کی قُربانی یعنی اُن ہونٹوں کا پھَل جو اُس کے نام کا اِقرار کرتے ہیں خُدا کے لِئے ہر وقت چڑھایا کریں۔
16اور بھلائی اور سخاوت کرنا نہ بھُولو اِس لِئے کہ خُدا اَیسی قُربانِیوں سے خُوش ہوتا ہے۔
17اپنے پیشواؤں کے فرمانبردار اور تابِع رہو کِیُونکہ وہ تُمہاری رُوحوں کے فائِدہ کے لِئے اُن کی طرح جاگتے رہتے ہیں جِنہِیں حِساب دینا پڑے گا تاکہ وہ خُوشی سے یہ کام کریں نہ کہ رنج سے کِیُونکہ اِس صُورت میں تُمہیں کُچھ فائِدہ نہِیں۔
18ہمارے واسطے دُعا کرو کِیُونکہ ہمیں یقِین ہے کہ ہمارا دِل صاف ہے اور ہم ہر بات میں نیکی کے ساتھ زِندگی گُذارنا چاہتے ہیں۔
19مَیں تُمہیں یہ کام کرنے کی اِس لِئے بھی نصِیحت کرتا ہُوں کہ مَیں جلد تُمہارے پاس پھِر آنے پاؤں۔
20اب خُدا اِطمینان کا چشمہ جو بھیڑوں کے بڑے چرواہے یعنی ہمارے خُداوند یِسُوع کو ابدی عہد کے خُون کے باعِث مُردوں میں سے زِندہ کر کے اُٹھا لایا۔
21تُم کو ہر نیک بات میں کامِل کرے تاکہ تُم اُس کی مرضی پُوری کرو اور جو کُچھ اُس کے نزدِیک پسندِیدہ ہے یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے ہم میں پَیدا کرے جِس کی تمجِید ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمِین۔
22اَے بھائِیو! مَیں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ اِس نصِیحت کے کلام کی برداشت کرو کِیُونکہ مَیں نے تُمہیں مُختصر طَور پر لِکھا ہے۔
23تُم کو واضح ہو کہ ہمارا بھائِی تِیمُتھِیُس رہا ہو گیا ہے۔ اگر وہ جلد آگیا تو مَیں اُس کے ساتھ تُم سے مِلُوں گا۔
24اپنے سب پیشواؤں اور سب مُقدّسوں سے سَلام کہو۔ اِطالیہ والے تُمہیں سَلام کہتے ہیں۔
25تُم سب پر فضل ہوتا رہے۔ آمین۔