Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
17 verses
1اے قومو! نزدیک آ کے سنو۔ اے اُمتو کان لگاؤ۔ زمین اور اسکی معموری دنیا اور اسکی سب چیزیں جو اس میں ہیں سنیں۔
2کیونکہ خداوند کا قہر تمام قوموں پر اور اسکا غضب انکی سب فوجوں پر ہے۔ اس نے انکو ہلاک کر دیا اس نے انکو ذبح ہونے کے لیے حوالہ کیا۔
3اور انکے مقتول پھینک دئے جائینگے بلکہ ان کی لاشوں سے بدبو اٹھیگیاور پہاڑ انکے لہو سے بہہ جائینگے۔
4اورتمام اجرامِ فلک گداز ہو جائینگے اور آسمان طومار کی مانند لپیٹے جائینگے اور انکی تمام افواج تاک اور انجیر کے مرجھائے ہوئے پتوں کی مانند گر جائینگی۔
5کیونکہ میری تلوار آسمان میں مست ہو گی دیکھو وہ ادوم پر اور ان لوگوں پر جنکو میں نے ملعون کیا سزا دینے کو نازل ہو گی ۔
6خداوند کی تلوار خون آلودہ ہے ۔ وہ چربی اور اور بکروں اور بروں کےلہو سے اورمینڈھوں کے گردوں کے خون سے چکنا گئی کیونکہ خداوند کے لیے بصراہ میں ایک قربانی اور ادوم کے ملک میں بڑی خونریزی ہے ۔
7اور انکے ساتھ جنگلی سانڈ اور بچھڑے اور بیل ذبح ہونگے اور انکا ملک خون سے سیراب ہو جائیگا اور انکی گرد چربی سے چکنا جائیگی۔
8کیونکہ یہ خداوند کا انتقام لینے کا دن اور بدلہ لینے کا سال ہے جس میں وہ صیون کا انصاف کریگا۔
9اور اسکی ندیاں رال ہو جائینگی اور اسکی خاک گندھک اور اسکی زمین جلتی ہوئی رال ہو گی۔
10جو شب و روز کبھی نہ بھجے گی۔ اس سے ابد تک دھواں اٹھتا رہیگا۔ نسل در نسل وہ اجاڑ رہیگی ۔ ابدالاباد تک کوئی ادھر سے نہ گذرے گا۔
11لیکن حواصل اور خار پشت اسکے مالک ہونگے ۔ الو اور کوئے اس میں بسینگے اور اس پر ویرانی کا سوت پڑیگا اورسنسانی کا ساہول ڈالا جائیگا۔
12اسکے اشراف میں سے کوئی نہ ہو گا جسے وہ بلائیں کہ حکمرانی کرے اور اسکے سب سردار ناچیز ہونگے۔
13اور اسکے قصروں میں کانٹے اور اسکے قلعوں میں بچھو بوٹی اور اونٹ کٹارے اُگینگے اور وہ گیدڑوں کی ماندیں اور شتر مرغوں کے رہنے کا مقام ہو گا۔
14اوردشتی درندے بھیڑیوں سے ملاقات کرینگے اور چھگمانس اپنے ساتھی کو پکارے گا ۔ ہاں عفریت شب وہاں آرام کریگا اور اپنے ٹکنے کو جگہ پائیگا ۔
15وہاں اڑنے والے سانپ کا آشیانہ ہو گا اور انڈے دینا اور سینا اور اپنے سایہ میں جمع کرنا ہو گا وہاں گدھ جمع ہونگے اور ہر ایک کے ساتھ اسکی مادہ ہو گی۔
16تم خداوند کی کتاب میں ڈھونڈو اور پڑھو ۔ ان میں سے ایک بھی کم نہ ہو گا اور کوئی بے جفت نہ ہوگا کیونکہ میرے منہ نے یہی حکم کیا ہے اور اسکی روح نے انکو جمع کیا ہے ۔
17اور اس نے انکے لیے قرعہ ڈالا ہے اور اسکے ہاتھ نے انکے لیے جریب کو تقسیم کیا ۔ سو وہ ابد تک اسکے مالک ہونگے اور پشت در پشت اس میں بسینگے۔