Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
40 verses
1میں نے اپنی آنکھوں سے عہد کیا ہے ۔پھر میں کسی کنورای پر کیونکر نظر کُروں ؟
2کیونکہ اُوپر سے خدا کی طرف سے کیا بخرہ ہے اور عالمِ بالا سے قادِرمطلق کی طرف سے کیا میراث ہے؟
3کیا وہ ناراستوں کے لئے آفت اور بدکرداروں کے لئے تباہی نہیں ہے ؟
4کیا وہ میری راہوں کو نہیں دیکھتا اور میرے سب قدموں کو نہیں گنتا ؟
5اگر میں بطالت سے چلا ہُوں اور میرے پاؤں نے دغا کے لئے جلدی کی ہے
6(تو میں ٹھیک ترازُو میں تولا جاؤں تاکہ خدا میری راستی کو جان لے ) ۔
7اگر میرا قدم راستہ سے برگشتہ ہُوا ہے اور میرے دِل نے میری آنکھوں کی پیروی کی ہے اور اگر میرے ہاتھوں پر داغ لگا ہے
8تو میں بوؤں اور دوسرا کھائے اور میرے کھیت کی پیداوار اُکھاڑدی جائے۔
9اگر میرا دِل کسی عورت پر فریفتہ ہُوا اور میں اپنے پڑوسی کے دروازہ پر گھات میں بیٹھا
10تو میری بیوی دُوسرے کے لئے پیسے اور غیر مرد اُس پر جھکیں ۔
11کیونکہ یہ نہایت بُرا جُرم ہوتا بلکہ اَیسی بدی ہوتی جسکی سزا قاضی دیتے ہیں ۔
12کیونکہ وہ اَیسی آگ ہے جو جلا کر بھسم کردیتی ہے اور میرے سارے حاصل کو جڑ سے نیست کر ڈالتی ہے ۔
13اگر میں نے اپنے خادم یا اپنی خادمہ کا حق مارا ہو جب اُنہوں نے مجھ سے جھگڑا کیا
14تو جب خدا اُٹھیگا تب میں کیا کُرونگا؟اور جب وہ آئیگا تو میں اُسے کیا جواب دُونگا ؟
15کیا وہی اُسکا بنانے والا نہیں جِس نے مجھے بطن میں بنایا؟ اور کیا ایک ہی نے ہماری صُورت رحیم میں نہیں بنائی ؟
16اگر میں نے محتاج سے اُسکی مُرادروک رکھی یا اَیسا کیا کہ بیوہ کی آنکھیں رہ گئیں ۔
17یا اپنا نوالہ اکیلے ہی کھایا ہو اور یتیم اُس میں سے کھانے نہ پایا ۔
18(نہیں ۔ بلکہ میرے لڑکپن سے وہ میرے ساتھ اَیسے پلا جیسے باپ کے ساتھ اور میں اپنی ماں کے بطن ہی سے بیوہ کا رہنما رہا ہوں )۔
19اگر میں نے دیکھا کہ کوئی بے کپڑے مرتا ہے یا کسی محتاج کے پاس اوڑھنے کو نہیں ۔
20اگر اُسکی کمر نے مجھ کو دُعا نہ دی ہو اور اگر وہ میری بھیڑوں کی اُون سے گرم نہ ہُوا ہو ۔
21اگر میں نے کسی یتیم پر ہاتھ اُٹھایا ہو ۔کیونکہ پھاٹک پر مجھے اپنی کُمک دِکھائی دی
22تو میرا کندھا میرے شانہ سے اُترجائے اور میرے بازُو کی ہڈّی ٹوٹ جائے
23کیونکہ مجھے خدا کی طرف سے آفت کا خوف تھا اور اُسکی بُزُرگیکی وجہ سے میں کچھ نہ کرسکا ۔
24اگر میں نے سونے پر بھروسا کیا ہو اور چوکھے سونے سے کہا میرا اِعتماد تجھ پر ہے ۔
25اگر میں اِسلئے کہ میری دَولت فراوان تھی اور میرے ہاتھ نے بہت کچھ حاصل کرلیا تھا نازان ہُوا ۔
26اگر میں نے سُورج پر جب وہ چمکتا ہے نظر کی ہو یا چاند پر جب وہ آب وتاب میں چلتا ہے
27اور میرا دِل خفیتہً فریفتہ ہوگیا ہو اور میرے منہ نے میرے ہاتھ کو چوم لیا ہو
28تو یہ بھی اَیسی بدی ہے جسکی سزا قاضی دیتے ہیں کیونکہ یوں مَیں نے خدا کا جو عالمِ بالا پر ہے اِنکار کیا ہوتا ۔
29اگر میں اپنے نفرت کرنے والے کی ہلاکت سے خوش ہُوا یا جب اُس پر آفت آئی تو شادمان ہُوا ۔
30(ہاں میں نے تو اپنے منہ کو اِتنا گُناہ بھی نہ کرنے دیا کہ لعنت بھیجکر اُسکی موت کے لئے دُعا کرتا )۔
31اگر میرے خیمہ کے لوگوں نے یہ نہ کہا ہو اَیسا کون ہے جو اُسکے ہاں گوشت سے سیر نہ ہُوا ؟
32پردیسی کو گلی کُوچوں میں ٹکنا نہ پڑا بلکہ میں مُسافر کے لئے اپنے دروازے کھول دیتا تھا۔
33اگر آدمؔ کی طرح اپنی بدی اپنے سینہ میں چھپا کر میں نے اپنی تقصیروں پر پردہ ڈالا ہو
34اِس سبب سے کہ مجھے عوام الناس کا خوف تھا اور میں خاندانوں کی حقارت سے ڈر گیا۔یہانتک کہ میں خاموش ہوگیا اور دروازہ سے باہر نہ نکلا۔
35کاش کہ کوئی میری سُننے والا ہوتا! ( یہ لو میرا دستخط ۔قادِرمطلق مجھے جواب دے ) ۔کاش کہ میرے مخالف کے دعویٰ کی تحریر ہوتی!
36یقیناًمیں اُسے اپنے کندھے پر لئے پھرتا اور اُسے اپنے لئے عمامہ کی طرح باندھ لیتا ۔
37میں اُسے اپنے قدموں کی تعداد بتاتا ۔اِمیر کی طرح میں اُسکے پاس جاتا ۔
38اگر میری زمین میرے خلاف دُہائی دیتی ہو اور اُسکی ریگھاریاں ملکر روتی ہوں ۔
39اگر میں نے بے دام اُسکے پھل کھائے ہوں یا اَیسا کیا کہ اُسکے مالکوں کی جان گئی
40تو گیہوں کے بدلے اُونٹ کٹارے اور جو کے بدلے کڑوے دانے اُگیں ۔