Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
35 verses
1اور وہ عِبادت خانہ میں پِھر داخِل ہُؤا اور وہاں ایک آدمِی تھا جِس کا ہاتھ سُوکھا ہُؤا تھا۔
2اور وہ اُس کی تاک میں رہے کہ اگر وہ اُسے سَبت کے دِن اچھّا کرے تو اُس پر اِلزام لگائیں۔
3اُس نے اُس آدمِی سے جِس کا ہاتھ سُوکھا ہُؤا تھا کہا بِیچ میں کھڑا ہو۔
4اور اُن سے کہا سَبت کے دِن نیکی کرنا روا ہے یا بدی کرنا؟ جان بَچانا یا قتل کرنا؟ وہ چُپ رہ گئے۔
5اُس نے اُن کی سخت دِلی کے سبب سے غمگِین ہوکر اور چاروں طرف اُن پر غُصّہ سے نظر کر کے اُس آدمِی سے کہا اپنا ہاتھ بڑھا۔ اُس نے بڑھا دِیا اور اُس کا ہاتھ دُرست ہوگیا۔
6پِھر فرِیسی فِی الفَور باہِر جا کر ہیرودیوں کے ساتھ اُس کے بَرخِلاف مَشوَرَہ کرنے لگے کہ اُسے کِس طرح ہلاک کریں۔
7اور یِسُوع اپنے شاگِردوں کے ساتھ جِھیل کی طرف چلا گیا اور گلِیل سے ایک بڑی بِھیڑ پِیچھے ہولی اور یہُودیہ۔
8اور یروشیلم اور اِدومَیہ سے یَردَن کے پار اور صُور اور صیدا کے آس پاس سے ایک بڑی بِھیڑ یہ سُن کرکہ وہ کیَسے بڑے کام کرتا ہے اُس کے پاس آئی۔
9پَس اُس نے اپنے شاگِردوں سے کہا بِھیڑ کی وجہ سے ایک چھوٹی کَشتی میرے لِئے تیّار رہے تاکہ وہ مُجھے دبا نہ ڈالیں۔
10کِیُونکہ اُس نے بہُت لوگوں کو اچھّا کِیا تھا۔ چُنانچہ جِتنے لوگ سخت بِیمارِیوں میں گِرفتار تھے اُس پر گِرے پڑتے تھے کہ اُسے چُھولیں۔
11اور ناپاک رُوحیں جب اُسے دیکھتی تھِیں اُس کے آگے گِر پڑتی اور پُکار کر کہتی تھِیں کہ تُو خُدا کا بَیٹا ہے۔
12اور وہ اُن کو بڑی تاکِید کرتا تھا کہ مُجھے ظاہِر نہ کرنا۔
13پِھر وہ پہاڑ پر چڑھ گیا اور جِن کو وہ آپ چاہتا تھا اُن کو پاس بُلایا اور وہ اُس کے پاس چلے آئے۔
14اور اُس نے بارہ کو مُقرّر کِیا تاکہ اُس کے ساتھ رہیں اور وہ اُن کو بھیجے کہ منادی کریں۔
15اور بَدرُوحوں کو نِکالنے کا اِختیّار رکھّیں۔
16وہ یہ ہیں:۔ شمعُون جِس کا نام پطرس رکھّا۔
17اور زبدی کا بَیٹا یَعقُوب اور یَعقُوب کا بھائِی یُوحنّا جِن کا بُوانِرگِس یعنی گرج کے بَیٹے رکھّا۔
18اور اِندریاس اور فِلپّس اور برتُلمائی اور متّی اور توما اور حلفئی کا بَیٹا یَعقُوب اور تدّی اور شمعُون قنائی۔
19اور یہُوداہ اِسکریوتی جِس نے اُسے پکڑوا بھی دِیا۔ وہ گھر میں آیا۔
20اور اِتنے لوگ پھِر جمع ہوگئے کہ وہ کھانا بھی نہ کھاسکے۔
21جب اُس کے عِزیزوں نے یہ سُنا تو اُسے پکڑنے کو نِکلے کِیُونکہ کہتے تھے کہ وہ بے خُود ہے۔
22اور فقِیہ جو یروشلِیم سے آئے تھے یہ کہتے تھے کہ اُس کے ساتھ بعلزبُول ہے اور یہ بھی کہ وہ بَدرُوحوں کے سَردار کی مدد سے بَدرُوحوں کو نِکالتا ہے۔
23وہ اُن کو پاس بُلاکر اُن سے تَمثِیلوں میں کہنے لگا کہ شَیطان کوشَیطان کِس طرح نِکال سکتا ہے ؟۔
24اور اگر کِسی سلطنت میں پھُوٹ پڑ جائے تو وہ گھر قائِم نہِیں رہ سکتی۔
25اور اگر کِسی گھر میں پھوٹ پڑ جائے تو وہ گھر قائِم نہ رہ سکے گا۔
26اگر شَیطان اپنا ہی مُخالِف ہوکر اپنے میں پھُوٹ ڈالے تو وہ قائِم نہِیں رہ سکتا بلکہ اُس کا خاتمہ ہوجائے گا۔
27لیکِن کوئی آدمِی کِسی زور آور کے گھر میں گھُس کر اُس کے اسباب کو لُوٹ نہِیں سکتا جب تک وہ پہلے اُس زور آور کو نہ باندھ لے تَب اُس کا گھر لُوٹ لے گا۔
28مَیں تُم سے سَچ کہتا ہُوں کہ بنی آدم کے سب گُناہ اور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعا�� کِیا جائے گا۔
29لیکِن جو کوئی رُوحُ القُدس کے حق میں کُفر بکے وہ ابد تک مُعافی نہ پائے گا بلکہ ابدی گُناہ کا قُصُور وار ہے۔
30کِیُونکہ وہ کہتے تھے کہ اُ س میں ناپاک رُوح ہے۔
31پِھر اُس کی ماں اور اُس کے بھائِی آئے اور باہِر کھڑے ہوکر اُسے بُلوا بھیجا۔
32اور بِھیڑ اُس کے آس پاس بَیٹھی تھی اور اُنہوں نے اُس سے کہا دیکھ تیری ماں اور بھائِی باہِر تُجھے پُوچھتے ہیں۔
33اُس نے اُن کو یہ جواب دِیا میری ماں اور میرے بھائِی کَون ہیں؟۔
34اور اُن پر جو اُس کے گِرد بَیٹھے تھے نظر کر کے کہا دیکھو میری ماں اور میرے بھائِی یہ ہیں!۔
35کِیُونکہ جو کوئی خُدا کی مرضی پر چلے وُہی میرا بھائِی اور میری بہن اور ماں ہے۔