Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
23 verses
1جب یِسُوع ہیرودِیس بادشاہ کے زمانہ میں یہُودیہ کے بیت لحم میں پَیدا ہُؤا تو دیکھو کئی مجُوسی پُورب سے یروشلِیم میں یہ کہتے ہُوئے آئے کہ
2یہُودِیوں کا بادشاہ جو پَیدا ہُؤا ہے وہ کہاں ہے؟ کِیُونکہ پُورب میں اُس کا ستارہ دیکھ کر ہم اُسے سِجدہ کرنے آئے ہیں۔
3یہ سُن کر ہیرودِیس بادشاہ اور اُس کے ساتھ یروشلِیم کے سب لوگ گھبرا گئے۔
4اور اُس نے قَوم کے سب سَردار کاہِنوں اور فقِیہوں کو جمع کر کے اُن سے پُوچھا کہ مسِیح کی پَیدایش کہاں ہونی چاہئے؟
5اُنہوں نے اُس سے کہا یہُودیہ کے بیت لحم میں کِیُونکہ نبی کی معرفت یُوں لِکھا گیا ہے کہ
6اَے بیت لحم یہُوداہ کے علاقے تُو یہُوداہ کے حاکموں میں ہرگِز سب سے چھوٹا نہِیں۔ کِیُونکہ تُجھ میں سے ایک سَردار نِکلے گا جو میری اُمّت اِسرائیل کی گلّہ بانی کرے گا۔
7اِس پر ہیرودِیس نے مجُوسیوں کو چُپکے سے بُلا کر اُن سے تحقیق کی کہ وہ ستارہ کِس وقت دِکھائی دِیا تھا۔
8اور یہ کہہ کر اُنہِیں بیت لحم کو بھیجا کہ جا کر اُس بچّے کی بابت ٹھِیک ٹھِیک دریافت کرو اور جب وہ مِلے تو مُجھے خَبر دو تاکہ مَیں بھی آ کر اُسے سِجدہ کرُوں۔
9وہ بادشاہ کی بات سُن کر روانہ ہُوئے اور دیکھو جو ستارہ اُنہوں نے پُورب میں دیکھا تھا وہ اُن کے آگے آگے چلا۔ یہاں تک کہ اُس جگہ کے اُوپر جا کر ٹھہر گیا جہاں وہ بچّہ تھا۔
10وہ ستارے کو دیکھ کر نِہایت خُوش ہُوئے۔
11اور اُس گھر میں پہُنچ کر بچّے کو اُس کی ماں مریم کے پاس دیکھا اور اُس کے آگے گِر کر سِجدہ کیا اور اپنے ڈِبّے کھول کر سونا اور لُبان اور مُر اُس کو نذر کِیا۔
12اور ہیرودِیس کے پاس پھِر نہ جانے کی ہِدایت خواب میں پاکر دُوسری راہ سے اپنے مُلک کو روانہ ہُوئے۔
13جب وہ روانہ ہوگئے تو دیکھو خُداوند کے فرِشتہ نے یُوسُف کو خواب میں دِکھائی دے کر کہا اُٹھ بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مصر کو بھاگ جا اور جب تک کہ مَیں تُجھ سے نہ کہُوں وَہیں رہنا کِیُونکہ ہیرودِیس اِس بچّے کو تلاش کرنے کو ہے تاکہ اِسے ہلاک کرے۔
14پَس وہ اُٹھا اور رات کے وقت بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مصر کو روانہ ہوگیا۔
15اور ہیرودِیس کے مرنے تک وَہیں رہا تاکہ جو خُداوند نے نبی کی معرفت کہا تھا وہ پُورا ہو کہ مصر میں سے میں نے اپنے بَیٹے کو بُلایا۔
16جب ہیرودِیس نے دیکھا کہ مجُوسیوں نے میرے ساتھ ہنسی کی تو نِہایت غُصّے ہُؤا اور آدمِی بھیج کربیت لحم اور اُس کی سب سَرحَدوں کے اَندر کے اُن سب لڑکوں کو قتل کروا دِیا جو دو دو برس کے یا اِس سے چھوٹے تھے۔ اُس وقت کے حساب سے جو اُس نے مجُوسیوں سے تحقیق کی تھی۔
17اُسوقت وہ بات پُوری ہُوئی جو یرمیاہ نبی کی معرفت کہی گئی تھی کہ
18رامہ میں آواز سُنائی دی۔ رونا اور بڑا ماتم۔ راخِل اپنے بچّوں کو رو رہی ہے۔ اور تسلّی قُبُول نہِیں کرتی اِس لِئے کو وہ نہِیں ہیں۔
19جب ہیرودِیس مر گیا تو دیکھو خُداوند کے فرِشتہ نے مِصر میں یُوسُف کو خواب میں دِکھائی دے کر کہا کہ
20اُٹھ اِس بچّے اور اِس کی ماں کو لے کر اِسرائیل کے مُلک میں چلا جا کِیُونکہ جو بچّے کی جان کے خواہاں تھے وہ مر گئے۔
21پَس وہ اُٹھا اور بچّے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر اسرائیل کے مُلک میں آگیا۔
22مگر جب سُنا کہ اَرخِلاؤس اپنے باپ ہیرودِیس کی جگہ یہُودیہ میں بادشاہی کرتا ہے تو وہاں جانے سے ڈرا اور خواب میں ہِدایت پاکر گلیل کے علاقہ کو روانہ ہوگیا۔
23اور ناصرۃ نام ایک شہر میں جا بسا تاکہ جو نبِیوں کی معرفت کہا گیا تھا وہ پُورا ہو کہ وہ ناصری کہلائے گا۔