Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
20 verses
1اور سَبت کے بعد ہفتہ کے پہلے دِن پَو پھٹتے وقت مریم مگدلینی اور دُوسری مریم قَبر کو دیکھنے آئِیں۔
2اور دیکھو ایک بڑا بھَونچال آیا کِیُونکہ خُداوند کا فرِشتہ آسمان سے اُترا اور پاس آ کر پتھّر کو لُڑھکا دِیا اور اُس پر بَیٹھ گیا۔
3اُس کی صُورت بِجلی کی مانِند تھِی اور اُس کی پوشاک برف کی مانِند سفید تھی۔
4اور اُس کے ڈر سے نِگہابان کانپ اُٹھے اور مُردہ سے ہوگئے۔
5فرِشتہ نے عَورتوں سے کہا تُم نہ ڈرو کِیُونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُم یِسُوع کو ڈھُونڈتی ہو جو مصلُوب ہُؤا تھا۔
6وہ یہاں نہِیں ہے کِیُونکہ اپنے کہنے کے مُطابِق جی اُٹھا ہے۔ آؤ یہ جگہ دیکھو جہاں خُداوند پڑا تھا۔
7اور جلد جا کر اُس کے شاگِردوں سے کہو کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور دیکھو وہ تُم سے پہلے گلِیل کو جاتا ہے۔ وہاں تُم اُس کو دیکھو گے۔ دیکھو مَیں نے تُم سے کہہ دِیا ہے۔
8اور وہ خوف اور بڑی خُوشی کے ساتھ قَبر سے روانہ ہوکر اُس کے شاگِردوں کو خَبر دینے دَوڑِیں۔
9اور دیکھو یِسُوع اُن سے مِلا اور اُس نے کہا سَلام! اُنہوں نے پاس آ کر اُس کے قدم پکڑے اور اُسے سِجدہ کِیا۔
10اِس پر یِسُوع نے اُن سے کہا ڈرو نہِیں۔ جاؤ میرے بھائِیوں کو خَبر دو تاکہ گلِیل کو چلے جائیں۔ وہاں مُجھے دیکھیں گے۔
11جب وہ جارہی تھِیں تو دیکھو پہرے والوں میں سے بعض نے شہر میں آ کر تمام ماجرا سَردار کاہِنوں سے بیان کِیا۔
12اور اُنہوں نے بُزُرگوں کے ساتھ جمع ہوکرمَشوَرَہ کِیا اور سپاہِیوں کو بہُت سے رُوپِیہ دے کر کہا۔
13یہ کہہ دینا کہ رات کو جب ہم سو رہے تھے تو اُس کے شاگِرد آ کر اُسے چُرا لے گئے۔
14اور اگر یہ بات حاکِم کے کان تک پُہنچی تو ہم اُسے سَمَجھا کر تُم کو خطرہ سے بَچالیں گے۔
15پَس اُنہوں نے رُوپِیہ لے کر جَیسا سِکھایا گیا تھا وَیسا ہی کِیا اور یہ بات آج تک یہُودِیوں میں مشہُور ہے۔
16اور گیارہ شاگِرد گلِیل کے اُس پہاڑ پر گئے جو یِسُوع نے اُن کے لِئے مُقرّر کِیا تھا۔
17اور اُنہوں نے اُسے دیکھ کر سِجدہ کِیا مگر بعض نے شک کِیا۔
18یِسُوع نے پاس آ کر اُن سے باتیں کِیں اور کہا کہ آسمان اور زمِین کا کُل اِختیّار مُجھے دِیا گیا ہے۔
19پَس تُم جا کر سب قَوموں کو شاگِرد بناؤ اور اُن کو باپ اور بَیٹے اور رُوحُ القُدس کے نام سے بپتِسمہ دو۔
20اور اُن کو یہ تعلِیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جِن کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا اور دیکھو مَیں دُنیا کے آخِر تک ہمیشہ تُمہارے ساتھ ہُوں۔