Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
30 verses
1مسِیح یِسُوع کے بندوں پَولُس اور تِمُتھِیُس کی طرف سے فِلپّی کے سب مُقدّسوں کے نام جو مسِیح یِسُوع میں ہیں نِگہبانوں اور خادِموں سمیت۔
2ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمینان حاصِل ہوتا رہے۔
3مَیں جب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اپنے خُدا کا شُکر بجا لاتا ہُوں۔
4اور ہر ایک دُعا میں جو تُمہارے لِئے کرتا ہُوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سب کے لِئے دَرخواست کرتا ہُوں۔
5اِس لِئے کہ تُم اوّل روز سے لے کر آج تک خُوشخَبری کے پھَیلانے میں شرِیک رہے ہو۔
6اور مُجھے اِس بات کا بھروسا ہے کہ جِس نے تُم میں نیک کام شُرُوع کِیا ہے وہ اُسے یِسُوع مسِیح کے دِن تک پُورا کر دے گا۔
7چُنانچہ واجِب ہے کہ مَیں تُم سب کی بابت اَیسا ہی خیال کرُوں کِیُونکہ تُم میرے دِل میں رہتے ہو اور میری قَید اور خُوشخَبری کی جوابدہی اور ثبُوت میں تُم سب میرے ساتھ فضل میں شرِیک ہو۔
8خُدا میرا گواہ ہے کہ مَیں مسِیح یِسُوع کی سی اُلفت کر کے تُم سب کا مُشتاق ہُوں۔
9اور یہ دُعا کرتا ہُوں کہ تُمہاری محبّت عِلم اور ہر طرح کی تمِیز کے ساتھ اَور بھی زِیادہ ہوتی جائے۔
10تاکہ عُمدہ عُمدہ باتوں کو پسند کر سکو اور مسِیح کے دِن تک صاف دِل رہو اور ٹھوکر نہ کھاؤ۔
11اور راستبازی کی پھَل سے جو یِسُوع مسِیح کے سبب سے ہے بھرے رہو تاکہ خُدا کا جلال ظاہِر ہو اور اُس کی سِتایش کی جائے۔
12اور اَے بھائِیو! مَیں چاہتا ہُوں تُم جان لو کہ جو مُجھ پر گُذرا وہ خُوشخَبری کی ترقّی ہی کا باعِث ہُؤا۔
13یہاں تک کہ قَیصری سِپاہیوں کی ساری پلٹن اور باقی سب لوگوں میں مشہُور ہو گیا کہ مَیں مسِیح کے واسطے قَید ہُوں۔
14اور جو خُداوند میں بھائِی ہیں اُن میں سے اکثر میرے قَید ہونے کے سبب سے دِلیر ہو کر بے خَوف خُدا کا کلام سُنانے کی زِیادہ جُرأت کرتے ہیں۔
15بعض تو حسد اور جھگڑے کی وجہ سے مسِیح کی منادی کرتے ہیں اور بعض نیک نِیّتی سے۔
16ایک تو محبّت کی وجہ سے یہ جان کر مسِیح کی منادی کرتے ہیں کہ مَیں خُوشخَبری کی جواب دِہی کے واسطے مُقرّر ہُوں۔
17مگر دُوسرے تفرقہ کی وجہ سے نہ کہ صاف دِلی سے بلکہ اِس خیال سے کہ میری قَید میں میرے لِئے مُصِیبت پَیدا کریں۔
18پَس کیا ہُؤا؟ صِرف یہ کہ ہر طرح سے مسِیح کی منادی ہوتی ہے خواہ بہانے سے ہو خواہ سَچّائی سے اور اِس سے مَیں خُوش ہُوں اور رہُوں گا بھی۔
19کِیُونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُمہاری دُعا اور یِسُوع مسِیح کے رُوح کے اِنعام سے اِس کا انجام میری نِجات ہو گا۔
20چُنانچہ میری دِلی آرزُو اور اُمِید یہی ہے کہ مَیں کِسی بات پر شرمِندہ نہ ہُوں بلکہ میری کمال دِلیری کے باعِث جِس طرح مسِیح کی تعظیم میرے بَدَن کے سبب سے ہمیشہ ہوتی رہی ہے اُسی طرح اَب بھی ہو گی خواہ مَیں زِندہ رہُوں خواہ مرُوں۔
21کِیُونکہ زِندہ رہنا میرے لِئے مسِیح ہے اور مرنا نفع۔
22لیکِن اگر میرا جِسم میں زِندہ رہنا ہی میرے کام کے لِئے مُفید ہے تو مَیں نہِیں جانتا کہ کِسے پسند کرُوں۔
23مَیں دونوں طرف پھَنسا ہُؤا ہُوں۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ کُوچ کر کے مسِیح کے پاس جا رہُوں کِیُونکہ یہ بہُت ہی بہُتر ہے۔
24مگر جِسم میں رہنا تُمہاری خاطِر زِیادہ ضرُوری ہے۔
25اور چُونکہ مُجھے اِس کا یقِین ہے اِس لِئے مَیں جانتا ہُوں کہ زِندہ رہُوں گا بلکہ تُم سب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم اِیمان میں ترقّی کرو اور اُس میں خُوش رہو۔
26اور جو تُمہیں مُجھ پر فخر ہے وہ میرے پھِر تُمہارے پاس آنے سے مسِیح یِسُوع میں زِیادہ ہو جائے۔
27صِرف یہ کرو کہ تُمہارا چال چلن مسِیح کی خُوشخَبری کے مُوافِق رہے تاکہ خواہ مَیں آؤُں اور تُمہیں دیکھُوں خواہ نہ آؤُں تُمہارا حال سُنُوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو اور اِنجِیل کے اِیمان کے لِئے ایک جان ہو کر جانفشانی کرتے ہو۔
28اور کِسی بات میں مُخالِفوں سے دہشت نہِیں کھاتے یہ اُن کے لِئے ہلاکت کا صاف نِشان ہے لیکِن تُمہاری نِجات کا اور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔
29کِیُونکہ مسِیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُؤا کہ نہ فقط اُس پر اِیمان لاؤ بلکہ اُس کی خاطِر دُکھ بھی سہو۔
30اور تُم اُسی طرح جانفشانی کرتے ہو جِس طرح مُجھے کرتے دیکھا تھا اور اَب بھی سُنتے ہو کہ مَیں وَیسی ہی کرتا ہُوں۔