Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
21 verses
1غرض میرے بھائِیو! خُداوند میں خُوش رہو۔ تُمہیں ایک ہی بات بار بار لِکھنے میں مُجھے تو کُچھ دِقّت نہِیں اور تُمہاری اِس میں حِفاظت ہے۔
2کُتّوں سے خَبردار رہو۔ بدکاروں سے خَبردار رہو۔ کٹوانے والوں سے خَبردار رہو۔
3کِیُونکہ مختُون تو ہم ہیں جو خُدا کے رُوح کی ہِدایت سے عِبادت کرتے ہیں اور مسِیح یِسُوع پر فخر کرتے ہیں اور جِسم کا بھروسا نہِیں کرتے۔
4گو مَیں تو جِسم کا بھی بھروسا کر سکتا ہُوں اگر کِسی اور کو جِسم پر بھروسا کرنے کا خیال ہو تو مَیں اُس سے بھی زِیادہ کر سکتا ہُوں۔
5آٹھویں دِن میرا ختنہ ہُؤا۔ اِسرائیل کی قَوم اور بِنیمین کے قبِیلہ کا ہُوں۔ عِبرانیوں کا عِبرانی۔ شَرِیعَت کے اعتبار سے فرِیسی ہُوں۔
6جوش کے اعتبار سے کلِیسیا کا ستانے والا۔ شَرِیعَت کی راستبازی کے اعتبار سے بے عَیب تھا۔
7لیکِن جِتنی چِیزیں میرے نفع کی تھِیں اُن ہی کو مَیں نے مسِیح کی خاطِر نُقصان سَمَجھ لِیا ہے۔
8بلکہ مَیں اپنے خُداوند مسِیح یِسُوع کی پہچان کی بڑی خُوبی کے سبب سے سب چِیزوں کو نُقصان سَمَجھتا ہُوں۔ جِس کی خاطِر مَیں نے سب چِیزوں کا نُقصان اُٹھایا اور اُن کو کُوڑا سَمَجھتا ہُوں تاکہ مسِیح کو حاصِل کرُوں۔
9اور اُس میں پایا جاؤں نہ اپنی اُس راستبازی کے ساتھ جو شَرِیعَت کی طرف سے ہے بلکہ اُس راستبازی کے ساتھ جو مسِیح پر اِیمان لانے کے سبب سے ہے اور خُدا کی طرف سے اِیمان پر مِلتی ہے۔
10اور مَیں اُس کو اور اُس کے جی اُٹھنے کی قُدرت کو اور اُس کے ساتھ دُکھوں میں شرِیک ہونے کو معلُوم کرُوں اور اُس کی مَوت سے مُشابہُت پَیدا کرُوں۔
11تاکہ کِسی طرح مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے درجہ تک پہُنچُوں۔
12یہ غرض نہِیں کہ مَیں پا چُکا یا کامِل ہو چُکا ہُوں بلکہ اُس چِیز کے پکڑنے کے لِئے دَوڑا ہُؤا جاتا ہُوں جِس کے لِئے مسِیح یِسُوع نے مُجھے پکڑا تھا۔
13اَے بھائِیو! میرا یہ گُمان نہِیں کہ پکڑ چُکا ہُوں بلکہ صِرف یہ کرتا ہُوں کہ جو چِیزیں پِیچھے رہ گئیں اُن کو بھول کر آگے کی چِیزوں کی طرف بڑھا ہُؤا۔
14نِشان کی طرف دَوڑا ہُؤا جاتا ہُوں تاکہ اُس اِنعام کو حاصِل کرُوں جِس کے لِئے خُدا نے مُجھے مسِیح یِسُوع میں اُوپر بُلایا ہے۔
15پَس ہم میں سے جِتنے کامِل ہیں یہی خیال رکھّیں اور اگر کِسی بات میں تُمہارا اَور طرح کا خیال ہو تو خُدا اُس بات کو بھی تُم پر ظاہِر کر دے گا۔
16بہرحال جہاں تک ہم پہُنچے ہیں اُسی کے مُطابِق چلیں۔
17اَے بھائِیو! تُم سب مِل کر میری مانِند بنو اور اُن لوگوں کو پہچان رکھّو جو اِس طرح چلتے ہیں جِس کا نمُونہ تُم ہم میں پاتے ہو۔
18کِیُونکہ بہُتیرے اَیسے ہیں جِن کا ذِکر مَیں نے تُم سے بار ہا کِیا ہے اور اَب بھی رو رو کر کہتا ہُوں کہ وہ اپنے چال چلن سے مسِیح کی صلِیب کے دُشمن ہیں۔
19اُن کا انجام ہلاکت ہے۔ اُن کا خُدا پیٹ ہے وہ اپنی شرم کی باتوں پر فخر کرتے ہیں اور دُنیا کی چِیزوں کے خیال میں رہتے ہیں۔
20مگر ہمارا وطن آسمان پر ہے اور ہم ایک مُنّجی یعنی خُداوند یِسُوع مسِیح کے وہاں سے آنے کے اِنتظار میں ہیں۔
21وہ اپنی اُس قُوّت کی تاثِیر کے مُوافِق جِس سے سب چِیزیں اپنے تابِع کر سکتا ہے ہماری پست حالی کے بَدَن کی شکل بدل کر اپنے جلال کے بَدَن کی صُورت پر بنائے گا۔