Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
28 verses
1اَے خُداوند! میری دُعا سُن اور میری فریاد تیرے حُضُور پہنچے۔
2میری مُصیبت کے دِن مجھ سے روپوش نہ ہو۔ اپنا کان میری طرف جھُکا جِس دِن میں فریاد کروں مجھے جلد جواب دے۔
3کیونکہ میرے دِن دھوئیں کی طرح اُڑ جاتے ہیں۔ اور میری ہڈیاں ایندھن کی طر�� جل گئیں۔
4میرا دِل گھاس کی طرح جھُلسکر سُوکھ گیا۔ کیونکہ میَں اپنی روٹی کھانا بھول جاتا ہوں۔
5کراہتے کراہتے میری ہڈیاں میرے گوشت سے جالگیں۔
6میَں جنگلی حواصِل کی مانند ہُوں۔ میَں ویرانے کا اُلوّ بن گیا۔
7میَں بیَخواب اور اُس گورے کی مانند ہو گیا ہُوں جو چھت پر اکیلا ہو۔
8میرے دُشمن مجھے دِن بھر ملامت کرتے ہیں۔ میرے مُخالِف دیوانہ ہو کر مجھ پر لعنت کرتے ہیں۔
9کیونکہ میَں نے روٹی کی طرح راکھ کھائی اور آنسُو مِلا کر پانی پیا۔
10یہ تیرے غضب اور قہر کے سبب سے ہے کیونکہ تُو نے مجھے اُٹھایا اور پھر پٹک دیا۔
11میرے دِن ڈھکنے والے سایہ کی مانند ہیں۔ اور میَں گھاس کی طرح مُرجھا گیا ہوں،
12لیکن تُو اَے خُداوند! ابدتک رہیگا۔ اور تیری یادگار پُشت در پُشت رہیگی۔
13تُو اُٹھیگا اور صِیوُؔن پر رحم کریگا۔ کیونکہ اُس پر ترس کھانے کا وقت ہے ہاں اُس کا مُعیِن وقت آ گیا ہے۔
14اِسلئے کہ تیرے بندے اُسکے پتھروں کو چاہتے اور اُسکی خاک پر ترس کھاتے ہیں۔
15اور قوموں کو خُداوند کے نام کا اور زمین کے سب بادشاہوں کو تیرے جلال کا خُوف ہو گا۔
16کیونکہ خُداوندنے صِیُوؔن کو بنایا ہے۔ وہ اپنے جلال میں ظاہر ہُؤا ہے۔
17اُس نے بے کسوں کی دُعا پر توجّہُ کی اور اُن کی دُعا کو حقیر نہ جانا۔
18یہ آیندہ پُشت کے لئے لِکھا جائیگا۔اور ایک قوم پیدا ہو گی جو خُداوند کی ستایش کریگی۔
19کیونکہ اُس نے اپنے مقدِس پر سے نگاہ کی ۔ خُداوند نے آسمان پر سے زمین پر نطر کی۔
20تاکہ اسیر کا کراہنا سُنے اور مرنے والوں کو چھُڑالے۔
21تاکہ لوگ صِیُؔون میں خُداوند کے نام کا اظہار اور یروشؔلیم میں اُس کی تعریف کریں۔
22جب خُداوند کی عبادت کے لئے قومیں اور مملکتیں مِلکر جمع ہوں۔
23اُس نے راہ میں میرا زور گھٹا دیا ۔ اُس نے میری عمر کوتاہ کر دی۔
24میَں نے کہا اَے خُدا! مجھے آدھی عمر میں نہ اُٹھا تیرے برس پُشت در پُشت ہیں۔
25تُو نے قدیم سے زمین کی بنیاد ڈالی۔ آسمان تیرے ہاتھ کی صعنت ہے۔
26وہ نیست ہو جائینگے پر تُو باقی رہیگا۔ بلکہ وہ سب پوشاک کی مانند پُرانے ہو جائینگے تُو اُنکو لِباس کی مانند بدلیگا اور وہ بدل جائینگے۔
27پر تُو لا تبدیل ہے۔ اور تیرے برس لااِنتہا ہونگے۔
28تیرے بندوں پرزند برقرار رہینگے اور اُنکی نسل تیرے حُضُور قائم رہیگی۔