Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
45 verses
1خُداوند کا شُکر کرو۔ اُسکے نام سے دُعا کرو۔ قوموں میں اُسکے کاموں کو بیان کرو۔
2اُسکی تعریف میں گاؤ اُسکی مدح سرائی کرو۔ اُسکے تمام عجائب کا چرچا کرو۔
3اُسکے مُقدس نام پر فخر کرو۔خُداوند کے طالبوں کے دِل شادمان ہوں۔
4خُداوند اور اُسکی قوت کے طالب ہو۔ ہمیشہ اُسکے دیدار کے طالب رہو۔
5اُن عجائب کاموں کو جو اُس نے کئے ۔اُس کے عجائب اور مُنہ کے احکام کو یاد رکھو۔
6اَے اُس کے بندے ابرؔہام کی نسل! اَے بنی یعقُؔوب اُسکے برگزیدو!
7وہی خُداوند ہمارا خُدا ہے۔ اُسکے احکام تمام زمین پر ہیں۔
8اُس نے اپنے عہد کو ہمیشہ یاد رکھا۔یعنی اُس کلام کو جو اُس نے ہزار پُشتوں کے لئے فرمایا۔
9اُسی عہد کو جو اُس نے ابرؔہام سے باندھا۔اور اُس قسم کو جو اُس نے اضحاق سے کھائی۔
10اور اُسی کو اُس نے یعقُؔوب کے لئے آئین یعنی اِسراؔئیل کے لئے ابدی عہد ٹھہرایا۔
11اور کہا کہ میَں کنعؔان کا مُلک تجھے دوں گا۔ کہ تمہارا مورُوثِی حِصّہ ہو۔
12اُس وقت وہ شُمار میں تھوڑے تھے بلکہ بُہت تھوڑے اور اُس مُلک میں مُسافر تھے۔
13اور وہ ایک قوم سے دُوسری قوم میں اور ایک سلطنت سے دُوسری سلطنت میں پھرتے رہے۔
14اُس نے کسی آدمی کو اُن پر ظُلم نہ کرنے دیا۔بلکہ اُن کی خاطر اُس نے بادشاہوں کو دھمکایا۔
15اور کہا میرے ممسُوحوں کو ہاتھ نہ لگاؤ۔اور میرے نبیوں کو کوئی نُقصان نہ پہنچاؤ۔
16پھِر اُس نے فرمایا کہ اُس مُلک پر قحط نازل ہو اور اُس نے روٹی کا سہارا بالکُل توڑ دیا۔
17اُس نے اُن سے پہلے ایک آدمی کو بھیجا۔ یُوؔسُف غُلامی میں بیچِا گیا۔
18اُنہوں نے اُس کے پاؤں کو بَیڑیوں سے دُکھ دیا۔وہ لوہے کی زنجیروں میں جکڑا رہا۔
19جب تک اُس کا سُخن پورا نہ ہوا۔ خُداوند کا کلام اُسے آزماتا رہا ۔
20بادشاہ نے حُکم دے کر اُسے چُھڑایا۔ ہاں قوموں کے پرمانروا نے اُسے آزاد کیا۔
21اُس نے اُسکو اپنے گھر کا مخُتار بنایا۔اور اپنی ساری مُلکیت پر حاکم بنایا ۔
22تاکہ اُس کے اُمرا کو جب چاہے قید کرے اور اُسکے بزرگوں کو دانِش سِکھائے۔
23اِسراؔئیل بھی مِصر میں آیااور یعقُؔوب حام کی سر زمین میں مُسافِر رہا۔
24اور خُدا نے اپنے لوگوں کو خُوب بڑھایا۔ اور اُنکو اُنکے مُخالِفوں سے زیادہ قوی کیا۔
25اُس نے اُنکے دِل کو برگشتہ کیا تاکہ اُس کی قوم سے عداوت رکھیں۔ اور اُس کے بندوں سے دغا بازی کریں۔
26اُس نے اپنے بندہ موؔسیٰ کو اور اپنے برگزیدہ ہاروؔن کو بھیجا۔
27اُس نے اُنکے درمیان معُجزات اور حاؔم کی سر زمین میں عجائب دِکھائے۔
28اُس نے تاریکی بھیج کر اندھیرا کر دیا اور اُنہوں نے اُسکی باتوں سے سر کشی کی۔
29اُس نے اُنکی ندیوں کو لہُو بنا دیا۔ اور اُنکی مچھلیاں مار ڈالیں۔
30اُنکے مُلک اور بادشاہوں کے بالاخانوں میں مینڈک ہی مینڈک بھر گئے۔
31اُس نے حُکم دیا اور مچھروں کے غول آئے۔ اور اُنکی سب حدوُد میں جوئیں آگئیں۔
32اُس نے اُن پر مینہ کی جگہ اولے برسائے۔اور اُنکے مُلک پر دہکتی آگ نازل کی۔
33اُس نے اُنکے انگور اور انجیر کے درکتوں کو بھی برباد کر ڈالا اور اُنکی حدوُد کے پیڑ توڑ ڈاکے۔
34اُس نے حُکم دیا تو بے شُمار ٹِڈیّاں اور کیڑے آگئے۔
35اور اُن کے مُلک کے تمام نباتات چٹ کر گئے۔اور اُنکی زمین کی پیداوار کھا گئے۔
36اُس نے اُنکے مُلک کے سب پہلوٹھوں کو بھی مار ڈالاجو اُنکی پوری قوت کے پہلے پھل تھے۔
37اور اِسرائؔیل کو چاندی اور سونے کے ساتھ نکال لایا۔اور اُسکے قبیلوں میں ایک بھی کمزور آدمی نہ تھا۔
38اُنکے چلے جانے سے مصِؔر خُوش ہو گیا۔کیونکہ اُنکا خُوف مِصریوں پر چھا گیا تھا۔
39اُس نے بادل کو سایبان ہونے کے لئے پھِیلا دیا اور رات کو روشنی کے لئے آگ دی۔
40اُنکے مانگنے پر اُس نے بٹیریں بھیجیں۔اور اُنکو آسمانی روٹی سے سیر کیا۔
41اُس نے چٹان کو چیرا اورپانی پھوٹ نکلا اور خُشک زمین پر بدی کی طرح بہنے لگا۔
42کیونکہ اُس نے اپنے پاک قول کو اور اپنے بندہ ابرؔہام کو یاد کیا۔
43اور وہ اپنی قوم کو شادمانی کے ساتھ اور اپنے برگزیدوں کو گیت گاتے ہُوئے نکال لایا۔
44اور اُس نے اُنکو قوموں کے مُلک دئے اور اُنہوں نے اُمتّوں کی مھنت کے پھل پر قبضہ کیا ۔
45تاکہ وہ اُسکے آئین پر چلیں اور اُسکی شریعت کو مانیں خُداوند کی حمد کرو۔