Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
18 verses
1اَے خُداوند داؤؔد کی خاطر اُسکی سب مُصیبتوں کو یاد کر ۔
2کہ اُس نے کِس طرح خُداوند سے قسم کھائی اور یعقؔوُب کے قادر کے حُضُور منّت مانی ۔
3کہ یقیناً میَں نہ اپنے گھر میں داخل ہونگا۔ نہ اپنے پلنگ پر جاؤنگا۔
4اور نہ اپنی آنکھوں میں نیند نہ اپنی پلکوں میں جھپکی آنے دونگا۔
5جب تک خُداوند کے لئے کوئی جگہ اور یعقؔوُب کے قادر کے لئے کوئی مسکن نہ ہو۔
6دیکھو ہم نے اِسکی خبر اِفرؔاتا میں سُنی۔ ہمیں یہ جنگل کے میدان میں ملی۔
7ہم اُسکے مسکنوں میں داخل ہونگے ہم اُس کے پاؤں کی چوکی کے سامنے سِجدہ کرینگے۔
8اُٹھ اَے خُداوند!اپنی آرام گاہ میں داخل ہو تُو اور تیری قدرت کا صُندوق۔
9تیرے کاہن صداقت سے مُلبس ہوں۔ اور تیرے مُقدّس خُوشی کے نعرے ماریں۔
10اپنے بندہ داؤد کی خاطر اپنے ممسوح کی دُعا نا منظور نہ کر ۔
11خُداوند نے سچّائی کے ساتھ داؤؔد سے قسم کھائی ہے۔ اور اُس سے پھرنے کا نہیں۔ کہ میں تیری اولاد میں سے کسی کو تیرے تخت پر بٹھاؤنگا۔
12اگر تیرے فرزند میرے عہد اور میری شہادت پر جو میَں اُنکو سِکھاؤنگا عمل کریں۔ تو اُنکے فرزند بھی ہمیشہ تیرے تخت پر بیٹھینگے۔
13کیونکہ خُداوند نے صیِؔوُن کو چُنا ہے۔ اُس نے اُسے اپنے مسکن کے لئے پسند کیا ہے۔
14یہ ہمیشہ کے لئے میری آرام گاہ ہے۔ میَں یہیں رہونگا کیونکہ میَں نے اِسے پسند کیا ہے۔
15میَں اِس کے رِزق میں خوب برکت دونگا۔ میَں اِسکے غریبوں کو روٹی سے سیر کرونگا۔
16اِسکے کاہن کو بھی میَں نجات سے مُلبس کرونگا۔ اور اُسکے مُقدّس بُلند آواز سے خُوشی کے نعرے ماریں گے۔
17وہیں میَں داؤؔد کے لئے ایک سینگ نکالونگا۔ میَں نے اپنے ممسُوح کے لئے چراغ تیار کیا ہے۔
18میَں اُسکے دُشمنوں کو شرمندگی کا لباس پہناؤنگا۔ لیکن اُس پر اُسی کا تاج رونق افروز ہوگا۔