Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1اَے خُداوند اپنے قہر میں مجھے چھڑک نہ دے اور اپنے غضب میں مجھے تنینہ نہ کر۔
2کیونکہ تیرے تِیر مجھ میں لگے ہیں۔ اور تیرا ہاتھ مجھ پر بھاری ہے۔
3تیرے قہر کے سبب سے میری جسم میں صحت نہیں اور میرے گناہ کے باعث میری ہڈیوں کو آرام نہیں۔
4کیونکہ میری بدی میرے سرسے گذرگئی اور وہ بڑے بوجھ کی مانندمیرے لئے نہایت بھاری ہے۔
5میری حماقت کے سبب سے میرے زخموں سے بدبُو آتی ہے۔ وہ سٹر گئے ہیں۔
6میں پُر درد اور بہت جھکا ہوا ہوں۔ میں دن بھر ماتم کرتا پھرتا ہوں۔
7کیونکہ میری کمر میں سوزش ہی سوزش ہے اور میرے جسم میں کچھ صحت نہیں۔
8میں نحیف اور نہایت کچلا ہوا ہوں۔ اور دِل کی بے چینی کے سبب سے کراہتا رہا۔
9اَے خُداوند! میری ساری تمنا تیرے سامنے ہے اور میرا کراہنا تجھ سے چِھپا نہیں۔
10میرا دِل دھڑکتا ہے۔ میری طاقت گھٹی جاتی ہے۔ میری آنکھوں کی روشنی بھی مجھ سے جاتی رہی۔
11میرے عزیز اور دوست میری بلا میں الگ ہوگئے اور میرے رشتہ دار دُور جا کھڑے ہوئے۔
12میری جان کے خواہاں میرے لئے جال بچھاتے ہیں اور میری نُقصان کے طالب شرارت کی باتیں بولتے اور دِن بھر مکرو فریب کے منصوبے باندھتے ہیں۔
13پر میں بہرے کی مانند سُنتا ہی نہیں۔ میں گونگے کی مانند مُنہ نہیں کھولتا۔
14بلکہ میں اُس آدمی کی مانند ہوں جسے سُنائی نہیں دیتا اور جس کے مُنہ میں ملامت کی باتیں نہیں۔
15کیونکہ اَے خُداوند! مجھے تجھ سے اُمید ہے۔ اَے خُداوند میرے خُدا! تُو جواب دیگا۔
16کیونکہ میں نے کہا کہ کہیں وہ مجھ پر شادیانہ نہ بجائیں۔ جب میرا پاؤں پھسلتا ہے تو وہ میرے خلاف تکبر کرتے ہیں۔
17کیونکہ میں گرنے ہی کو ہوں اور میرا غم برابر میرے سامنے ہے۔
18اِس لئے کہ میں اپنی بدی کو ظاہر کرونگا اور اپنے گناہ کے باعث غمگین رہونگا۔
19لیکن میرے دُشمن چست اور زبردست ہیں اور مجھ سے ناحق عداوت رکھنے والے بہت ہوگئے ہیں۔
20جو نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں وہ بھی میرے مخالف ہیں کیونکہ میں نیکی کی پیروی کرتا ہوں۔
21اَے خُداوند! مجھے چھوڑ نہ دے۔ اَے خُدا! مجھ سے دُور نہ ہو۔
22اَے خُداوند! اَے میری نجات! میری مدد کے لئے جلدی کر