Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
17 verses
1اے خُداوند میرے خُدا! میرا توکل تجھ پر ہے۔ سب پیچھا کرنے والوں سے مجھے بچا اور چھُڑا۔
2ایسا نہ ہو کہ وہ شیرببر کی طرح میری جان کو پھاڑے۔ وہ اُسے ٹکڑے ٹکڑے کردے اور کوئی چھُڑانے والا نہ ہو۔
3اے خُداوند میرے خُدا! اگر مَیں نے نہ کِیا ہو۔ اگر میرے ہاتھوں سے بدی ہوئی ہو۔
4اگر مَیں نے اپنے میل رکھنے والے سے بھلائی کے بدلے بُرائی کی ہو۔ (بلکہ میں نے تو اُسے جو ناحق میرا مُخالف تھا بچایا ہے)
5تو دُشمن میری جان کا پیچھا کرکے اُسے آ پکڑے بلکہ وہ میری زندگی کو پامال کرکے مٹی میں اور میری عزت کو خاک میں مِلادے۔(سِلاہ):
6اے خُداوند! اپنے قہر میں اُٹھ۔ میرےمخالفوں کے غضب کے مقابلہ میں تُو کھڑا ہو جا اور میرے لئے جاگ۔ تُو نے اِنصاف کا حکم تو دیدیا ہے۔
7تیرے چوگرد قوموں کا اجتماع ہو اور تُوا ُنکے اُوپر عالم ِ بالا کو لَوٹ جا۔
8خُداوند قوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔ اے خُداوند! اُس صداقت و راستی کے مطابق جو مجھ میں ہے میری عدالت کر۔
9کاش کہ شریروں کی بدی کا خاتمہ ہو جائے پر صادق کو تُو قیام بخش کیونکہ خُدای ِ صادق دِلوں اور گُردوں کو جانچتا ہے۔
10میری سپِر خُدا کے ہاتھ میں ہے جو راست دِلوں کو بچاتا ہے۔
11خُدا صادق مُنصف ہے بلکہ ایسا خُدا جو ہر روز قہر کرتا ہے۔
12اگر آدمی باز نہ آئے تو وہ اپنی تلوار تیز کریگا۔ اُس نے اپنی کمان پر چِلّہ چڑھا کر اُسے تیار کر لِیا ہے۔
13اُس نے اُس کے لئے موت کے ہتھیار بھی تیار کِئے ہیں۔ وہ اپنے تِیروں کی آتشی بناتا ہے۔
14دیکھو اُسے بدی کا دردِ زہ لگا ہے! بلکہ وہ شرارت سے باروار ہوا ور اُس سے جھوٹ پیدا ہوا۔
15اُس نے گڑھا کھود کر اُسے گہرا کِیا اور اُس خندق میں جو اُس نے بنائی تھی خُود گِرا۔
16اُس کی شرارت اُلٹی اُسی کے سر پر آئیگی۔اُس کا ظلم اُسی کی کھوپڑی پر نازل ہوگا۔
17خُداوند کی صداقت کے مطابق میں اُس کا شکرکرونگا اور خُداوند تعالیٰ کے نام کی تعریف گاؤنگا۔