Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
16 verses
1خُدا کے حضور جو ہماری قُوت ہے بلند آواز سے گاؤ۔یعقُؔوب کے خُدا کے حضور خُوشی کا نعرہ مارو۔
2نغمہ چھیڑو اور دف لاؤ اور دِلنواز سِتار اور بربط۔
3نئے چاند اور پورے چاند کے وقت ہماری عید کے دن نرسِنگاہ پھُونکو۔
4کیونکہ یہ اِسرائؔیل کے لئے آئین اور یعقُوؔب کے خُدا کا حُکم ہے۔
5اِسکو اُس نے یُوؔسُف میں شہادت ٹھہرایا۔ جب وہ مُلکِ مصؔر کے خلاف نِکلا میَں نے اُسکا کلام سُنا جسکو میَں جانتا نہ تھا ۔
6میَں نے اُسکے کندھے پر سے بوجھ اُتار دیا۔ اُسکے ہاتھ ٹوکری ڈھونے سے چھُوٹ گئے۔
7تُو نے مُصیبت میں پُکارا اور میَں نے تجھے چُھڑایا۔ میَں نے رعد کے ہردہ میں سے تجھے جواب دیا میَں نے تجھے مریؔبہ کے چشمہ پر آزمایا۔
8اَے میرے لوگو! سُنو۔ میَں تمکو آگاہ کرتا ہوں۔ اَے اِسؔرائیل! کاشکہ تُو میری سُنتا!
9تیرے درمیان کوئی غیر معبود نہ ہو اورتُو کسی غیر معبود کو سِجدہ نہ کرنا۔
10خُداوند تیرا خُدا میں ہوں۔جو تجھے مُلکِ مصؔر سے نِکال لایا۔ تُو اپنا مُنہ خُوب کھول اور میں اُسے بھر دوں گا۔
11پر میرے لوگوں نے میری بات نہ سُنی اور اِسراؔئیل مجھ سے رضا مند نہ ہؤا۔
12پس میَں نے اُنکو اُنکے دِل کی بٹ پر چھوڑ دیا تاکہ وہ اپنے ہی مشوروں پر چلیں،
13کاشکہ میرے لوگ میری سُنتےاور اِسراؔئیل میری راہوں پر چلتا!
14میَں جلد اُنکے دُشمنوں کو مغلوب کردیتا۔ اور اُنکے مُخالِفوں پر اپنا ہاتھ چلاتا۔
15خُداوند سے عداوت رکھنے والے اُسکے تابعِ ہو جاتے اور اُنکا زمانہ ہمیشہ تک بنا رہتا۔
16وہ اِنکو اچھےّ سے اچھّا گیہُوں کھِلاتا اور میَں تجھے چٹان میں کے شہد سے سیر کرتا۔