Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
21 verses
1پھِر اُس نے مُجھے بلّور کی طرح چمکتا ہُؤا آبِ حیات کا ایک درِیا دِکھایا جو خُدا اور برّہ کے تخت سے نِکل کر اُس شہر کی سڑک کے بِیچ میں بہُتا تھا۔
2اور درِیا کے وار پار زِندگی کا دَرخت تھا۔ اُس میں بارہ قِسم کے پھَل آتے تھے اور ہر مہِینے میں پھَلتا تھا اور اُس دَرخت کے پتّوں سے قَوموں کو شِفا ہوتی تھی۔
3اور پھِر لعنت نہ ہو گی اور خُدا اور برّہ کا تخت اُس شہر میں ہوگا اور اُس کے بندے اُس کی عِبادت کریں گے۔
4اور وہ اُس کا مُنہ دیکھیں گے اور اُس کا نام اُن کے ماتھوں پر لِکھا ہُؤا ہوگا۔
5اور پھِر رات نہ ہوگی اور وہ چِراغ اور سُورج کی روشنی کے محتاج نہ ہوں گے کِیُونکہ خُداوند خُدا اُن کو روشن کرے گا اور وہ ابدُالآباد بادشاہی کریں گے۔
6پھِر اُس نے مُجھ سے کہا یہ باتیں سَچ اور برحق ہیں چُنانچہ خُدا نے جو نبِیوں کی رُوحوں کا خُدا ہے اپنے فرِشتہ کو اِس لِئے بھیجا کہ اپنے بندوں کو وہ باتیں دِکھائے جِن کا جلد ہونا ضرُور ہے۔
7اور دیکھ مَیں جلد آنے والا ہُوں۔ مُبارک ہے وہ جو اِس کِتاب کی نُبُوّت کی باتوں پر عمل کرتا ہے۔
8مَیں وُہی یُوحنّا ہُوں جو اِن باتوں کو سُنتا اور دیکھتا تھا اور جب مَیں نے سُنا اور دیکھا تو جِس فرِشتہ نے مُجھے یہ باتیں دِکھائیں مَیں اُس کے پاؤں پر سِجدہ کرنے کو گِرا۔
9اُس نے مُجھ سے کہا خَبردار! اَیسا نہ کر۔ مَیں بھی تیرا اور تیرے بھائِی نبِیوں اور اِس کِتاب کی باتوں پر عمل کرنے والوں کا ہم خِدمت ہُوں۔ خُدا ہی کو سِجدہ کر۔
10پھِر اُس نے مُجھ سے کہا اِس کِتاب کی نُبُوّت کی باتوں کو پوشِیدہ نہ رکھ کِیُونکہ وقت نزدِیک ہے۔
11جو بُرائی کرتا ہے وہ بُرائی ہی کرتا جائے اور جو نجِس ہے وہ نجِس ہی ہوتا جائے اور جو راستباز ہے وہ راستبازی ہی کرتا جائے اور جو پاک ہے وہ پاک ہی ہوتا جائے۔
12دیکھ مَیں جلد آنے والا ہُوں اور ہر ایک کے کام کے مُوافِق دینے کے لِئے اجر میرے پاس ہے۔
13مَیں الفا اور اومیگا۔ اوّل اور آخِر۔ اِبتدا اور اِنتہا ہُوں۔
14مُبارک ہے وہ جو اپنے جامے دھُوتے ہیں کِیُونکہ زِندگی کے دَرخت کے پاس آنے کا اِختیّار پائیں گے اور اُن دروازوں سے شہر میں داخِل ہوں گے۔
15مگر کُتّے اور جادُوگر اور حرامکار اور خُونی اور بُت پرست اور جھُوٹی بات کا ہر ایک پسند کرنے اور گھڑنے والا باہِر رہے گا۔
16مُجھ یِسُوع نے اپنا فرِشتہ اِس لِئے بھیجا کہ کلِیسیاؤں کے بارے میں تُمہارے آگے اِن باتوں کی گواہی دے۔ مَیں داؤد کی اصل و نسل اور صُبح کا چمکتا ہُؤا سِتارہ ہُوں۔
17اور رُوح اور دُلہن کہتی ہیں آ اور سُننے والا بھی کہے آ۔ اور جو پیاسا ہو وہ آئے اور جو کوئی چاہے آبِ حیات مُفت لے۔
18مَیں ہر ایک آدمِی کے آگے جو اِس کِتاب کی نُبُوّت کی باتیں سُنتا ہے گواہی دیتا ہُوں کہ اگر کوئی آدمِی اُن میں کُچھ بڑھائے تو خُدا اِس کِتاب میں لِکھی ہُوئی آفتیں اُس پر نازِل کرے گا۔
19اور اگر کوئی اِس نُبُوّت کی کِتاب کی باتوں میں سے کُچھ نِکال ڈالے تو خُدا اُس زِندگی کے دَرخت اور مُقدّس شہر میں سے جِن کا اِس کِتاب میں ذِکر ہے اُس کا حِصّہ نِکال ڈالے گا۔
20جو اِن باتوں کی گواہی دیتا ہے اور یہ کہتا ہے کہ بیشک مَیں جلد آنے والا ہُوں۔ آمِین۔ اَے خُداوند یِسُوع آ۔
21خُداوند یِسُوع کا فضل مُقدّسوں کے ساتھ رہے۔ آمِین۔