Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
17 verses
1میں شارون کی نرگس اور وادیوں کی سوسن ہوں۔
2جیسی سوسن جھاڑیوں میں ویسی ہی میری محبوبہ کنواریوں میں ہے ۔
3جیسا سیب کادرخت بن کے درختوں میں ویسا ہی میرا محبوب نوجوانوں میں ہے ۔میں نہایت شادمانی سے اُسکے سایہ میں بیٹھی اور اُس کا پھل میرے منہ میں میٹھا لگا ۔
4وہ مجھے مینحانہ کے اندر لایا اور اُسکی محبت کا جھنڈا میرے اُوپر تھا۔
5کشمش سے مجھے قراردو۔سیبوں سے مجھے تازہ دم کرو کیونکہ میں عشق کی بیمارہوں ۔
6اُسکا بایاں ہاتھ میرے سر کے نیچے ہے اور اُسکا دہنا ہاتھ مجھے گلے سے لگاتا ہے۔
7اَے یروشلیم کی بیٹیو!میں تمکوغزالوں اور میدان کی ہرنیوں کی قسم دیتی ہوں کہ تم میرے پیارے کو نہ جگاؤ نہ اُٹھاو جب تک کہ وہ اُٹھنا نہ چاہے۔
8میرے محبوب کی آواز !دیکھ وہ آرہا ہے!پہاڑوں پر سے کودتا اور ٹیلوں پر سے پھاندتا ہوا چلاآتا ہے ۔
9میرا محبوب آہو یا جوان ہرن کی مانند ہے۔دیکھ وہ ہماری دیوار کے پیچھے کھڑا ہے۔وہ کھڑکیوں سے جھانکتا ہے۔وہ جھنجریوں سے تاکتا ہے۔
10میرے محبوب نے مجھ سے باتیں کیں اور کہا اُٹھ میری پیاری !میری ناز نین!چلی آ۔
11کیونکہ دیکھ جاڑا گذرگیا ۔مینہ برس چکا اور نکل گیا ۔
12زمین پر پھولوں کی بہار ہے۔ پرندوں کے چہچانے کا وقت آپُہنچا۔اور ہماری سر زمین میں قمریوں کی آواز سُنائی دینے لگی ۔
13انجیر کے درختوں میں ہرے انجیر بکنے لگے۔اور تاکیں پُھولنے لگیں۔اُنکی مہک پھیل رہی ہے۔سو اُٹھ میری پیاری!میری جمیلہ !چلی آ۔
14اَے میری کبوتر ی جو چٹانوں کے دراڑوں میں اور کڑاڑوں کی آڑ میں پھپی ہے ! مُجھے اپنا چہرہ دِکھا۔مجھے اپنی آواز سُنا کیونکہ تو ماہ جبین اور تیری آواز شیرین ہے۔
15ہمارے لئے لومڑیوں کو پکڑو ۔اُن بچوں کو جو تاکستان خراب کرتے ہیں کیونکہ ہماری تاکوں میں پھول لگے ہیں۔
16میرا محبوب میرا ہے اور اُسکی ہوں۔وہ سوسنوں کے درمیان چراتا ہے۔
17جب تک دِن ڈھلے اور سایہ بڑھے تو پھر آ اَے میرے محبوب ! تو غزال یاجوان ہرن کی طرح ہو کر آ جو باتر کے پہاڑوں پر ہے۔