Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
13 verses
1تیرا محبوب کہاں گیا؟ اَے عورتوں میں سب سے جمیلہ ! تیرا محبوب کس طرف نکلا کہ ہم تیرے ساتھ اُسکی تلاش میں جائیں؟
2میرا محبوب اپنے بوستان میں بلسان کی کیاریوں کی طرف گیا ہے۔تاکہ باغوں میں چرائے اور سوسن جمع کرے ۔
3میں اپنے محبوب کی ہوں اور میرا محبوب میرا ہے ۔وہ سوسنوں میں چراتا ہے۔
4اَے میری پیاری ! تو ترضہ کی مانند خوبصورت ہے۔یروشلیم کی مانند خوش منظر اور علمدار لشکر کی مانند مہیب ہے۔
5اپنی آنکھیں میری طرف سے پھیرلے کیونکہ وہ مجھے گھبرا دیتی ہیں۔تیرے بال بکریوں کے گلہ کی مانند ہیں جو کوہ جلعاد پر بیٹھی ہوں ۔
6تیرے دانت بھڑوں کے گلہ کی مانند ہیں۔جنکو غُسل دِیا گیا ہو۔جِن میں سے ہر ایک نے دوبچے دِئے ہوں اور اُن میں ایک بھی بانجھ نہ ہو۔
7تیری کنپٹیاں تیرے نقاب کے نیچے انار کے ٹکڑوں کی مانند ہیں۔
8ساٹھ رانیاں اور اسی حرمیں اور بے شمار کنواریاں بھی ہیں
9پر میری کبوتری ۔میری پاکیزہ بے نظیر ہے۔وہ اپنی ماں کی اِکلوتی ۔وہ اپنی والدہ کی لاڈلی ہے۔بیٹیوں نے اُسے دیکھا اور اُسے مُبارک کہا ۔رانپوں اور حرموں نے دیکھکر اُسکی ستایش کی۔
10یہ کون ہے جسکا ظہور صبح کی مانند ہے جو حُسن میں ماہتاب اور نور میں آفتاب اور علمدار لشکر کی مانند مہیب ہے؟
11میں چلغوزوں کے باغ میں گیا کہ وادی کی نباتات پر نظر کروں اور دیکھوں کہ تاک میں غنچے اور انار وں میں پھول نکلے ہیں کہ نہیں۔
12مجھے ابھی خبر نہ تھی کہ میرے دِل نے مُجھے میرے امرا کے رتھوں پر چڑھا دِیا۔
13لوٹ آلوٹ آاَے شولمیت! لوٹ آلوٹ آکہ ہم تجھ پر نظر کریں ۔تم شولمیت پر کیوں نظر کرو گے گویا وہ دولشکروں کا ناچ ہے؟