Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
11 verses
1پھر میں نے آنکھ اُٹھا کر نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک اُڑتا ہُوا طُور مار ہے۔
2اُس نے مُجھ سے پوچھا تُو کیا دیکھتا ہے؟ میں نے جواب دیا ایک اُڑتا ہُوا طُومار دیکھتا ہُوں جس کی لمبائی بیس ہاتھ اور چوڑائی دس ہاتھ ہے۔
3پھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ وہ لعنت ہے جو تمام مُلک پر نازل ہونے کو ہے اور اس کے مطابق ہر ایک چور اور جُھوٹی قسم کھانے والا یہاں سے کاٹ ڈالا جاے گا۔
4ربُ الافواج فرماتا ہے میں اُسے بھیجتا ہُوں اور وہ چور کے گھر میں اور اُس کے گھر میں جو میرے نام کی جُھوٹی قسم کھاتا ہے گُھسے گا اور اُس کے گھر میں رہے گا اور اُسے اُس کی لکڑی اور پتھر سمیت برباد کرے گا۔
5اور وہ فرشتہ مُجھ سے کلام کرتا تھا نکلا اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ اب تُو آنکھ اُٹھا کر دیکھ کیا نکل رہا ہے۔
6میں نے پوچھا یہ کیا ہے؟ اُس نے جواب دیا یہ ایک ایفہ نکل رہا ہے اور اُس نے کہا کہ تمام ملک میں یہی اُن کی شبہیہ ہے۔
7اور سیسے کا ایک گول سر پوش اُٹھایا گیا اور ایک عورت ایفہ میں بیٹھی نظر آئی۔
8اور اُس نے کہا یہ ایک شرارت ہے اور اُس نے اُس کوایفہ میں نیچے دبا کر سیسے کے اُس سر پوش کو ایفہ کے نُبہ پر رکھ دیا۔
9پھر میں نے آنکھ اُٹھا کر نگاہ کی اور کیا دیکھتا ہوں کہ دو عورتیں نکل آئیں اور ہُوا اُن کے بازووں میں بھری تھی کیونکہ اُن کے لقلق کے سے بازُو تھے اور وہ ایفہ کو آسمان و زمین کے درمیان اُٹھالے گیئں۔
10تب میں نے اُس فرشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا کہ یہ ایفہ کو کہاں لے جاتی ہیں؟۔
11اُس نےمُجھے جواب دیا سنعار کے مُلک کو تاکہ اس کے لے گھر بنائیں اور جب وہ تیار ہو تو یہ اپنی جگہ میں رکھی جائے۔