Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
40 verses
1جو باتیں تُم نے لِکھی تھِیں اُن کی بابت یہ ہے۔ مرد کے لِئے اچھّا ہے کہ عَورت کو نہ چھُوئے۔
2لیکِن حرامکاری کے اندیشہ سے ہر مرد اپنی بِیوی اور ہر عَورت اپنا شوہر رکھّے۔
3شوہر بِیوی کا حق ادا کرے اور وَیسا ہی بِیوی شوہر کا۔
4بِیوی اپنے بَدَن کی مُختار نہِیں بلکہ شوہر ہے۔ اِسی طرح شوہر بھی اپنے بَدَن کا مُختار نہِیں بلکہ بِیوی۔
5تُم ایک دُوسرے سے جُدا نہ رہو مگر تھوڑی مُدّت تک آپس کی رضامندگی سے تاکہ دُعا کے واسطے فُرصت مِلے اور پھِر اِکٹھے ہو جاؤ۔ اَیسا نہ ہو کہ غلبۂِ نفس کے سبب شَیطان تُم کو آزمائے۔
6لیکِن یہ مَیں اِجازت کے طَور پر کہتا ہُوں۔ حُکم کے طَور پر نہِیں۔
7اور مَیں تو یہ چاہتا ہُوں کہ جَیسا مَیں ہُوں وَیسے ہی سب آدمِی ہوں لیکِن ہر ایک کو خُدا کی طرف سے خاص خاص توفِیق مِلی ہے۔ کِسی کو کِسی طرح کی۔ کِسی کو کِسی طرح کی۔
8پَس مَیں بے بیاہوں اور بیواؤں کے حق میں یہ کہتا ہُوں کہ اُن کے لِئے اَیسا ہی رہنا اچھّا ہے جَیسا مَیں ہُوں۔
9لیکِن اگر ضبط نہ کرسکو تو بیاہ کر لیں کِیُونکہ بیاہ کرنا مست ہونے سے بہُتر ہے۔
10مگر جِن کا بیاہ ہو گیا ہے اُن کو مَیں نہِیں بلکہ خُداوند حُکم دیتا ہے کہ بِیوی اپنے شوہر سے جُدا نہ ہو۔
11(اور اگر جُدا ہو تو یا بے نِکاح رہے یا اپنے شوہر سے پھِر مِلاپ کر لے) نہ شوہر بِیوی کو چھوڑے۔
12باقِیوں سے مَیں ہی کہتا ہُوں نہ خُداوند کہ اگر کِسی بھائِی کی بِیوی بااِیمان نہ ہو اور اُس کے ساتھ رہنے کو راضی ہو تو وہ اُس کو نہ چھوڑے
13اور جِس عَورت کا شَوہر بااِیمان نہ ہو اور اُس کے ساتھ رہنے کو راضی ہو تو وہ شَوہر کو نہ چھوڑے۔
14کِیُونکہ جو شَوہر بااِیمان نہِیں وہ بِیوی کے سبب سے پاک ٹھہرتا ہے اور جو بِیوی بااِیمان نہِیں وہ مسِیحی شَوہر کے باعِث پاک ٹھہرتی ہے ورنہ تُمہارے فرزند ناپاک ہوتے مگر اَب پاک ہیں۔
15لیکِن مرد جو بااِیمان نہ ہو اگر وہ جُدا ہو تو جُدا ہونے دو۔ اَیسی حالت میں کوئی بھائِی یا بہن پاِبنِد نہِیں اور خُدا نے ہم کو میل مِلاپ کے لِئے بُلایا ہے۔
16کِیُونکہ اَے عَورت! تُجھے کیا خَبر ہے کہ شاید تُو اپنے شَوہر کو بَچا لے؟ اور اَے مرد! تُجھ کو کیا خَبر ہے کہ شاید تُو اپنی بِیوی کو بَچا لے؟
17مگر جَیسا خُداوند نے ہر ایک کو حِصّہ دِیا ہے اور جِس طرح خُدا نے ہر ایک کو بُلایا ہے اُسی طرح وہ چلے اور مَیں سب کلِیسیاؤں میں اَیسا ہی مُقرّر کرتا ہُوں۔
18جو مختُون بُلایا گیا وہ نامختُون نہ ہو جائے۔ جو نامختُونی کی حالت میں بُلایا گیا وہ مختُون نہ ہو جائے۔
19نہ ختنہ کوئی چِیز ہے نہ نامختُونی بلکہ خُدا کے حُکموں پر چلنا ہی سب کُچھ ہے۔
20ہر شَخص جِس حالت میں بُلایا گیا ہو اُسی میں رہے۔
21اگر تُو غُلامی کی حالت میں بُلایا گیا تو فِکر نہ کر لیکِن اگر تُو آزاد ہو سکے تو اِسی کو اِختیّار کر۔
22کِیُونکہ جو شَخص غُلامی کی حالت میں خُداوند میں بُلایا گیا ہے وہ خُداوند کا آزاد کِیا ہُؤا ہے۔ اِسی طرح جو آزادی کی حالت میں بُلایا گیا ہے وہ مسِیح کا غُلام ہے۔
23تُم قِیمت سے خرِیدے گئے ہو۔ آدمِیوں کے غُلام نہ بنو۔
24اَے بھائِیو! جو کوئی جِس حالت میں بُلایا گیا ہو وہ اُسی حالت میں خُدا کے ساتھ رہے۔
25کُنواریوں کے حق میں میرے پاس خُداوند کا حُکم نہِیں لیکِن دِیانتدار ہونے کے لِئے جَیسا خُداوند کی طرف سے مُجھ پر رحم ہُؤا اُس کے مُواف��ق اپنی رائے دیتا ہُوں۔
26پَس مَوجُودہ مُصِیبت کے خیال سے میری رائے میں آدمِی کے لِئے یہی بہُتر ہے کہ جَیسا ہے وَیسا ہی رہے۔
27اگر تیرے بِیوی ہے تو اُس سے جُدا ہونے کی کوشِش نہ کر اور اگر تیرے بِیوی نہِیں تو بِیوی کی تلاش نہ کر۔
28لیکِن تُو بیاہ کرے بھی تو گُناہ نہِیں اور اگر کُنواری بیاہی جائے تو گُناہ نہِیں مگر اَیسے لوگ جِسمانی تکلِیف پائیں گے اور مَیں تُمہیں بَچانا چاہتا ہُوں۔
29مگر اَے بھائِیو! مَیں یہ کہتا ہُوں کہ وقت تنگ ہے۔ پَس آگے کو چاہئے کہ بِیوی والے اَیسے ہوں کہ گویا اُن کی بِیویاں نہِیں۔
30اور رونے والے اَیسے ہوں گویا نہِیں روتے اور خُوشی کرنے والے اَیسے ہوں گویا خُوشی نہِیں کرتے اور خرِیدنے والے اَیسے ہوں گویا مال نہِیں رکھتے۔
31اور دُنیوی کاروبار کرنے والے اَیسے ہوں کہ دُنیا ہی کہ نہ ہو جائیں کِیُونکہ دُنیا کی شکل بدلتی جاتی ہے۔
32پَس مَیں یہ چاہتا ہُوں کہ تُم بے فِکر رہو۔ بے بیاہا شَخص خُداوند کی فِکر میں رہتا ہے کہ کِس طرح خُداوند کو راضی کرے۔
33مگر بیاہا ہُؤا شَخص دُنیا کی فِکر میں رہتا ہے کہ کِس طرح اپنی بِیوی کو راضی کرے۔
34بیاہی اور بے بیاہی میں بھی فرق ہے۔ بے بیاہی خُداوند کی فِکر میں رہتی ہے تاکہ اُس کا جِسم اور رُوح دونوں پاک ہوں مگر بیاہی ہُوئی عَورت دُنیا کی فِکر میں رہتی ہے کہ کِس طرح اپنے شَوہر کو راضی کرے۔
35یہ تُمہارے فائِدے کے لِئے کہتا ہُوں نہ کہ تُمہیں پھنسانے کے لِئے بلکہ اِس لِئے کہ جو زیبا ہے وُہی عمل میں آئے اور تُم خُداوند کی خِدمت میں بے وسوسہ مشغُول رہو۔
36اور اگر کوئی یہ سَمَجھے کہ مَیں اپنی اُس کنواری لڑکی کی حق تلافی کرتا ہُوں جِس کی جوانی ڈھل چلی ہے اور ضرُورت بھی معلُوم ہو تو اِختیّار ہے اِس میں گُناہ نہِیں۔ وہ اُس کا بیاہ ہونے دے۔
37مگر جو اپنے دِل میں پُختہ ہو اور اُس کی کُچھ ضرُورت نہ ہو بلکہ اپنے اِرادہ کے انجام دینے پر قادِر ہو اور دِل میں قصد کر لِیا ہو کہ مَیں اپنی لڑکی کو بے نِکاح رکھّو گا وہ اچھّا کرتا ہے۔
38پَس جو اپنی کنواری لڑکی کو بیاہ دیتا ہے وہ اچھّا کرتا ہے اور جو نہِیں بیاہتا ہے وہ اور بھی اچھّا کرتا ہے۔
39جب تک کہ عَورت کا شَوہر جِیتا ہے وہ اُس کی پاِبنِد ہے پر جب اُس کا شَوہر مر جائے تو جِس سے چاہے بیاہ کر سکتی ہے مگر صِرف خُداوند میں۔
40لیکِن جَیسی ہے اگر وَیسی ہی رہے تو میری رائے میں زِیادہ خُوش نصِیب ہے اور مَیں سَمَجھتا ہُوں کہ خُدا کا رُوح مُجھ میں بھی ہے۔