Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
13 verses
1اب بُتوں کی قُربانِیوں کی بابت یہ ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم سب عِلم رکھتے ہیں۔ عِلم غرُور پَیدا کرتا ہے لیکِن محبّت ترقّی کا باعِث ہے۔
2اگر کوئی گُمان کرے کہ مَیں کُچھ جانتا ہُوں تو جَیسا جاننا چاہئے وَیسا اَب تک نہِیں جانتا۔
3لیکِن جو کوئی خُدا سے محبّت رکھتا ہے اُس کو خُدا پہچانتا ہے۔
4پَس بُتوں کی قُربانِیوں کے گوشت کھانے کی نِسبت ہم جانتے ہیں کہ بُت دُنیا میں کوئی چِیز نہِیں اور سِوا ایک کے اَور کوئی خُدا نہِیں۔
5اگرچہ آسمان اور زمِین میں بہُت سے خُدا کہلاتے ہیں (چُنانچہ بہُتیرے خُدا اور بہُتیرے خُداوند ہیں)۔
6لیکِن ہمارے نزدِیک تو ایک ہی خُدا ہے یعنی باپ جِس کی طرف سے سب چِیزیں ہیں اور ہم اُسی کے لِئے ہیں اور ایک ہی خُداوند ہے یعنی یِسُوع مسِیح جِس کے وسِیلہ سے سب چِیزیں مَوجُود ہُوئیں اور ہم بھی اُسی کے وسِیلہ سے ہیں۔
7لیکِن سب کو یہ عِلم نہِیں بلکہ بعض کو اَب تک بُت پرستی کی عادت ہے۔ اِس لِئے اُس گوشت کو بُت کی قُربانی جان کر کھاتے ہیں اور اُن کا دِل چُونکہ کمزور ہے آلُودہ ہو جاتا ہے۔
8کھانا ہمیں خُدا سے نہِیں مِلائے گا اگر نہ کھائیں تو ہمارا کُچھ نُقصان نہِیں اور اگر کھائیں تو کُچھ نفع نہِیں۔
9لیکِن ہوشیار رہو! اَیسا نہ ہو کہ تُمہاری یہ آزادی کمزوروں کے لِئے ٹھوکر کا باعِث ہو جائے۔
10کِیُونکہ اگر کوئی تُجھ صاحبِ عِلم کو بُت خانہ میں کھانا کھاتے دیکھے اور وہ کمزور شَخص ہو تو کیا اُس کا دِل بُتوں کی قُربانی کھانے پر دِلیر نہ ہو جائے گا؟
11غرض تیرے عِلم کے سبب سے وہ کمزور شَخص یعنی وہ بھائِی جِس کی خاطِر مسِیح مُؤا ہلاک ہو جائے گا۔
12اور تُم اِس طرح بھائِیوں کے گُنہگار ہوکر اور اُن کے کمزور دِل کو گھایل کر کے مسِیح کے گُنہگار ٹھہرتے ہو۔
13اِس سبب سے اگر کھانا میرے بھائِی کو ٹھوکر کھِلائے تو مَیں کبھی ہرگِز گوشت نہ کھاؤں گا تاکہ اپنے بھائِی کے لِئے ٹھوکر کا سبب نہ بنُوں۔