Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
21 verses
1جِس کا یہ اِیمان ہے کہ یِسُوع ہی مسِیح ہے وہ خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے اور جو کوئی والِد سے محبّت رکھتا ہے وہ اُس کی اُولاد سے بھی محبّت رکھتا ہے۔
2جب ہم خُدا سے محبّت رکھتے اور اُس کے حُکموں پر عمل کرتے ہیں تو اِس سے معلُوم ہوجاتا ہے کہ خُدا کے فرزندوں سے بھی محبّت رکھتے ہیں۔
3اور خُدا کی محبّت یہ ہے کہ ہم اُس کے حُکموں پر عمل کریں اور اُس کے حُکم سخت نہِیں۔
4جو کوئی خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے وہ دُنیا پر غالِب آتا ہے اور وہ غلبہ جِس سے دُنیا مغلُوب ہُوئی ہے ہمارا اِیمان ہے۔
5دُنیا کا مغلُوب کرنے والا کَون ہے سِوا اُس شَخص کے جِس کا یہ اِیمان ہے کہ یِسُوع خُدا کا بَیٹا ہے؟
6یہی ہے وہ جو پانی اور خُون کے وسِیلہ سے آیا تھا یعنی یِسُوع مسِیح۔ وہ نہ فقط پانی کے وسِیلہ سے بلکہ پانی اور خُون دونوں کے وسِیلہ سے آیا تھا۔
7اور جو گواہی دیتا ہے وہ رُوح ہے کِیُونکہ رُوح سَچّائی ہے۔
8اور گواہی دینے والے تِین ہیں۔ رُوح اور پانی اور خُون اور یہ تِینوں ایک ہی بات پر مُتّفِق ہیں۔
9جب ہم آدمِیوں کی گواہی قُبُول کر لیتے ہیں تو خُدا کی گواہی تو اُس سے بڑھ کر ہے اور خُدا کی گواہی یہ ہے کہ اُس نے اپنے بَیٹے کے حق میں گواہی دی ہے۔
10جو خُدا کے بَیٹے پر اِیمان رکھتا ہے وہ اپنے آپ میں گواہی رکھتا ہے۔ جِس نے خُدا کا یقِین نہِیں کِیا اُس نے اُسے جھُوٹا ٹھہرایا کِیُونکہ وہ اُس گواہی پر جو خُدا نے اپنے بَیٹے کے حق میں دی ہے اِیمان نہِیں لایا۔
11اور وہ گواہی یہ ہے کہ خُدا نے ہمیں ہمیشہ کی زِندگی بخشی اور یہ زِندگی اُس کے بَیٹے میں ہے۔
12جِس کے پاس بَیٹا ہے اُس کے پاس زِندگی ہے اور جِس کے پاس خُدا کا بَیٹا نہِیں اُس کے پاس زِندگی بھی نہِیں۔
13مَیں نے تُم کو جو خُدا کے بَیٹے کے نام پر اِیمان لائے ہو یہ باتیں اِس لِئے لِکھیں کہ تُمہیں معلُوم ہو کہ ہمیشہ کی زِندگی رکھتے ہو۔
14اور ہمیں جو اُس کے سامنے دِلیری ہے اُس کا سبب یہ ہے کہ اگر اُس کی مرضی کے مُوافِق کُچھ مانگتے ہیں تو وہ ہماری سُنتا ہے۔
15اور جب ہم جانتے ہیں کہ جو کُچھ ہم مانگتے ہیں وہ ہماری سُنتا ہے تو یہ بھی جانتے ہیں کہ جو کُچھ ہم نے اُس سے مانگا ہے وہ پایا ہے۔
16اگر کوئی اپنے بھائِی کو اَیسا گُناہ کرتے دیکھے جِس کا نتِیجہ مَوت نہ ہو تو دُعا کرے۔ خُدا اُس کے وسِیلہ سے زِندگی بخشے گا۔ اُن ہی کو جِنہوں نے اَیسا گُناہ نہِیں کِیا جِس کا نتِیجہ مَوت ہو۔ گُناہ اَیسا بھی ہے جِس کا نتِیجہ مَوت ہے۔ اِس کی بابت دُعا کرنے کو مَیں نہِیں کہتا۔
17ہے تو ہر طرح کی ناراستی گُناہ مگر اَیسا گُناہ بھی ہے جِس کا نتِیجہ مَوت نہِیں۔
18ہم جانتے ہیں کہ جو کوئی خُدا سے پَیدا ہُؤا ہے وہ گُناہ نہِیں کرتا بلکہ اُس کی حِفاظت وہ کرتا ہے جو خُدا سے پَیدا ہُؤا اور وہ شرِیر اُسے چھُونے نہِیں پاتا۔
19ہم جانتے ہیں کہ ہم خُدا سے ہیں اور ساری دُنیا اُس شرِیر کے قبصہ میں پڑی ہُوئی ہے۔
20اور یہ بھی جانتے ہیں کہ خُدا کا بَیٹا آگیا ہے اور اُس نے ہمیں سَمَجھ بخشی ہے تاکہ اُس کو جو حقِیقی ہے جانیں اور ہم اُس میں جو حقِیقی ہے یعنی اُس کے بَیٹے یِسُوع مسِیح میں ہیں۔ حقِیقی خُدا اور ہمیشہ کی زِندگی یہی ہے۔
21اَے بچّو! اپنے آپ کو بُتوں سے بَچائے رکھّو۔