Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
51 verses
1۔ اور سُلیمان تیرہ برس اپنے محل کی تعمیرمیں لگا رہا اور اپنے محل کو ختم کیا ۔
2کیونکہ اُس نے اپنا محل لُبنان کے بن کی لکڑی کا بنایا ۔ اُسکی لمبائی سَو ہاتھ اور چوڑائی پچاس ہاتھ اور اُونچائی تیس ہاتھ تھی اور وہ دیودار کے سُتونوں کی چار قطاروں پر بنا تھا اور سُتونوں پر دیوار کے شہتیر تھے۔
3اور وہ پینتالیس شہتیروں کے اوپر جو سُتونوں پر ٹِکے تھے پاٹ دیا گیا تھا ۔ ہر قطار میں پندرہ شہتیر تھے۔
4اور کِھڑکیوں کی تین قطاریں تھیں اور تینوں قطاروں میں ہر ایک روزن دُوسرے روزن کے مقابل تھا ۔
5اور سب دروازے اور چوکھٹیں مُربع شکل کی تھیں اور تینوں قطاروں میں ہر ایک روزن دُوسرے کے مقابل تھا ۔
6اور اُس نے سُتونوں کا برآمدہ بنایا ۔ اُسکی لمبائی پچاس ہاتھ اور چوڑائی تیس ہاتھ اوراِنکے سامنے ایک ڈیوڑھی تھی اور اِنکے آگے سُتون اور موٹے موٹے شہتیر تھے۔
7اور اُس نے تخت کے لیے ایک برآمدہ یعنی عدالت کا برآمدہ بنایا جہاں وہ عدالت کر سکے اور فرش سے فرش تک اُسے دیودار سے پاٹ دیا ۔
8اور اُسکے رہنے کا محل جو اُسی برآمدہ کے اندر دوسرے صحن میں تھا ایسے ہی کام کا بنا ہُوا تھا اور سُلیمان نے فرعون کی بیٹی کے لیے جسے اُس نے بیاہا تھا اُسی برآمدہ کے ڈھب کا ایک محل بنایا ۔
9یہ سب اندر اور باہر بُنیاد سے مُنڈیر تک بیش قیمت پتھروں یعنی تراشے ہوئے پتھروں کے بنے وئے تھے جو ناپ کے مطابق اروں سے چیرے گئے تھے اور ایسا ہی باہر باہر بڑے صحن تک تھا ۔
10اور بُنیاد بیش قیمت پتھروں یعنی بڑے بڑے پتھروں کی تھی ۔ یہ پتھر دس دس ہاتھ اور آٹھ آٹھ ہاتھ کے تھے ۔
11اور اوپر ناپ کے مطابق بیش قیمت پتھر یعنی گھڑے ہوئے پتھر اور دیودار کی لکڑی لگی ہوئی تھی ۔
12اور بڑے صحن میں گِردا گِرد گھڑے ہوئے پتھروں کی تین قطاریں اور دیودار کے شہتیروں کی ایک قطار ویسی ہی تھی جیسی خُداوند کے گھر کے اندرونی صحن اور اُس گھر کے برآمدہ میں تھی۔
13پھر سُلیمان بادشاہ نے صور سے حیران کو بُلوا لیا۔
14وہ نفتالی کے قبیلہ کی ایک بیوہ کا بیٹا تھا اور اُس کا باپ صور کا باشندہ تھا اور ٹھٹھیرا تھا اور وہ پیتل کے سب کام کی کاریگری میں حکمت اور سمجھ اور مہارت رکھتا تھا ۔ سو اُس نے سُلیمان بادشاہ کے پاس آکر اُسکا سب کام بنایا۔
15کیونکہ اُس نے اٹھارہ اٹھارہ ہاتھ اونچے پیتل کے دو سُتون بنائے اور ایک ایک کا گھیر بارہ ہاتھ کے سُوت کے برابر تھا ۔
16اور اُس نے سُتونوں کی چوٹیوں پر رکھنے کے لیے پیتل ڈھال کر دو تاج بنائے۔ ایک تاج کی اُونچائی پانچ ہاتھ اور دوسرے تاج کی اُونچائی بھی پانچ ہاتھ تھی ۔
17اور اُن تاجوں کے لیے جو سُتونوں کی چوٹیوں پر تھے چار خانے کی جالیاں اور زنجیر نُما ہار تھے ۔ سات ایک تاج کے لیے اور سات دوسرے تاج کے لیے ۔
18سو اُس نے وہ سُتون بنائے اور سُتونوں کی چوٹی کے اوپر کے تاجوں کو ڈھانکنے کے لیے ایک جالی کے کام پر گِردا گِرد دو قطاریں تھیں اور دوسرے تاج کے لیے بھی اُس نے ایسا ہی کیا ۔
19اور اُن چار چار ہاتھ کے تاجوں پر جو برآمدہ کے سُتونوں کی چوٹی پر تھے سوسن کا کام تھا ۔
20اور اُن دونوں سُتونوں پر اوپر کی طرف بھی جالی کے برابر کی گولائی کے پاس تاج بنے تھے اور اُس دوسرے تاج پر قطار در قطار گِردا گِرد دو سو انار تھے ۔
21اور اُس نے ہیکل کے برآمدہ میں وہ سُتون کھڑے کئے اور اُس نے دہنے سُتون کو کھڑا کر کے اُُسکا نام یاکن رکھا اور بائیں سُتون کو کھڑا کر کے اُسکا نام بوعز رکھا۔
22اور سُتونوں کی چوٹی پر سوسن کا کام تھا ۔ یون سُتونوں کا کام ختم ہُوا۔
23پھر اُس نے ڈھالا ہُوا ایک بڑا حوض بنایا ۔ وہ ایک کنارے سے دُوسرے کنارے تک دس ہاتھ تھا ۔ وہ گول تھا اور بُلندی اُسکی پانچ ہاتھ تھی اور اُسکا گھیر گِردا گِرد تیس ہاتھ کے سُوت کے برابر تھا ۔
24اور اُس کے کنارے کے نیچے گِردا گِرد دسوں ہاتھ لُٹو تھے جو اُسے یعنی بڑے حوض کو گھیرے ہوئے تھے ۔ یہ لٹو دو قطاروں میں تھے اور جب وہ ڈھالا گیا تب ہی یہ بھی ڈھالے گئے تھے۔
25اور وہ بارہ بیلوں پر رکھا گیا ۔ تین کے منہ شمال کی طرف اور تین کے منہ مغرب کی طرف اور تین کے مُنہ جنوب کی طرف اور تین کے منہ مشرق کی طرف تھے اور وہ بڑا حوض اُن ہی پر اوپر کی طرف تھا اور اُن سبھوں کا پچھلا دھڑ اندر کے رُخ تھا۔
26اور دل اُسکا چار اُنگل تھااور اُسکا کنارہ پیالہ کے کنارہ کی طرح گُل سوسن کی مانند تھا اور اُس میں دو ہزا ر بُت کی سمائی تھی ۔
27اور اُس نے پیتل کی دس کُرسیاں بنائیں ۔ ایک ایک کُرسی کی لمبائی چار ہاتھ اور چوڑائی چار ہاتھ اور اونچائی تین ہاتھ تھی۔
28اور اُن کرسیوں کی کاریگری اِس طرح کی تھی۔ اِنکے حاشئے تھے اور پڑوں کے درمیان بھی حاشئے تھے۔
29اور اُن حاشیوں پر جو پڑوں کے درمیان تھے شیر اور بیل اور کروبی بنے تھے اور اُن پڑوں پر بھی ایک کُرسی اوپر کی طرف تھی اور شیروں اور بیلوں کے نیچے لٹکتے کا م کے ہار تھے۔
30اور ہر کُرسی کے لیے چار چار پیتل کے پہئے اور پیتل ہی کے دُھرے تھے اور اُسکے چارو ں پایوں میں ٹیکیں لگی تھیں ۔ یہ ڈھلی ہوئی ٹیکیں حوض کے نیچے تھیں اور ہر ایک کے پہلو میں ہار بنے تھے۔
31اور اُسکا مُنہ تاج کے اندر اور باہر ایک ہاتھ تھا اور وہ مُنہ ڈیڑھ ہاتھ تھا اور اُسکا کام کُرسی کے کام کی طرح گول تھا اور اُسی مُنہ پر نقاشی کا کام تھا اور اُنکے حاشئے گول نہیں بلکہ چوکور تھے۔
32اور وہ چاروں پہیے حاشیوں کے نیچے تھے اور پہیوں کے دُھرے کُرسی میں لگے تھے اور ہر پہیے کی اونچائی ڈیڑھ ہاتھ تھی۔
33اور پہیوں کا کام رتھ کے پہئے کا سا تھا اور اُنکے دُھرے اور اُنکی پُٹھیاں اور اُنکے آرے اور اُنکی نابھیں سب کے سب ڈھالے ہوئے تھے۔
34اور ہر کُرسی کے چاروں کونوں پر چار ٹیکیں تھیں اور ٹیکیں اور کُرسی ایک ہی ٹکڑے کی تھیں ۔
35اور ہر کُرسی کے سِرے پر آدھ ہاتھ اونچی چاروں طرف گولائی تھی اور کُرسی کے سِرے کی کنگیاں اور حاشئے اُسی کے ٹکڑے کے تھے۔
36اور اُسکی کنگیوں کے پاٹوں پر اور اُسکے حاشیوں پر اُس نے کروبیوں اور شیروں اور کھجور کے درختوں کو ہر ایک کی جگہ کے مطابق کندہ کیا اور گِردا گِرد ہار تھے۔
37دسوں کُرسیوں کو اُس نے اِس طرح بنایا اور اُن سب کا ایک ہی سانچا اور ایک ہی ناپ اور ایک ہی صور تھی ۔
38اور اُس نے پیتل کے دس حوض بنائے ۔ ہر ایک حوض میں چالیس بت کی سمائی تھی اور ہر ایک حوض چار ہاتھ کا تھا اور اُن دسوں کپرسیوں میں سے ایک پر ایک حوض تھا ۔
39اُس نے پانچ کُرسیاں گھر کی دہنی طرف اور پانچ گھر کی بائیں طرف رکھیں اور بڑے حوض کو گھر کے دہنے مشرق کی طرف جنوب کے رُخ پر رکھا۔
40اور حیرام نے حوضوں اور بیلچوں اور کٹوروں کو بھی بنایا ۔ پس حیرام نے وہ سب کام جسے وہ سُلیمان بادشاہ کی خاطر خُداوند کے گھر میں بنا رہا تھا تمام کیا ۔
41یعنی دونوں سُتون اور سُتونوں کی چوٹی پر کے تاجوں کے دونوں پیالے اور سُتونوں کی چوٹی پر کے تاجوں کے دونوں پیالوں کو ڈھانکنے کی دونوں جالیاں۔
42اور دونوں جالیوں کے لیے چار سَو انار یعنی سُتونوں پر کے تاجوں کے دونوں پیالوں کے ڈھانکنے کی ہر جالی کے لیے اناروں کی دو دو قطاریں ۔
43اور دسوں کُرسیاں اور دسوں کُرسیوں پر کے دسوں حوض۔
44اور وہ بڑا حوض اور بڑے حوض کے نیچے کے بارہ بیل ۔
45اور وہ دیگیں اور بیلچے اور کٹورے ۔ یہ سب ظروف جو حیرام نے سُلیمان بادشاہ کی خاطر خُداوند کے گھر میں بنائے جھلکتے ہوئے پیتل کے تھے۔
46بادشاہ نے اُن سب کو یردن کے میدان میں سُکات اور ضرتان کے بیچ کی چکنی مٹی والی زمین میں ڈھالا۔
47اور سُلیمان نے اُن سب ظروف کو بغیر تولے چھوڑ دیا کیونکہ وہ بہت سے تھے۔ سو اُس پیتل کا وزن معلوم نہ ہو سکا ۔
48اور سُلیمان نے وہ سب ضروف بنائے جو خُداوند کے گھر میں تھے یعنی وہ سونے کا مذبح اور سونے کی میز جس پر نذر کی روٹی رہتی تھی ۔
49اور خالص سونے کے وہ شعمدان جو اِلہام گاہ ک آگے پانچ دہنے اور پانچ بائیں تھے اور سونے کے پھُول اور چراغ اور چِمٹے ۔
50اور خالص سونے کے پیالے اور گُل تراش اور کٹورے اور چمچے اور عود سوز اور اندرونی گھر یعنی ہیکل کے دروازہ کے لیے سونے کے قبضے۔
51یوں وہ سب کام جو سُلیمان اپنے باپ داود کی مخصوص کی ہوئی چیزوں یعنی سونے اور چاندی اور ظروف کو اندر لایا اور اُنکو خُداوند کے گھر کے خزانوں میں رکھا۔