Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
38 verses
1۔ اور بنی اسرائیل کے مُلک مصر سے نکل آنے کے بعد چار سو اسیویں سال اسرائیل پر سُلیمان کی سلطنت کے چوتھے برس زیو کے مہینہ میں جو دُوسرا مہینہ ہے ایسا ہُوا کہ اُس نے خُداوندکا گھر بنانا شروع کیا۔
2اور جو گھر سُلیما بادشاہ نے خُداوند کے لیے بنایا اُسکی لمبائی ساٹھ ہاتھ اور چوڑائی بیس ہاتھ اور اُونچائی تیس ہاتھ تھی۔
3۔ اور اُس گھر کی ہیکل کے سامنے ایک برآمدہ اُس گھر کی چوڑائی کے مطابق بیس ہاتھ لمبا تھا او ر اُس کے سامنے اُسکی چوڑائی دس ہاتھ تھی ۔
4اور اُس نے اُس گھر کے لیے جھرو کے بنائے جن میں جالی جڑی ہوئی تھی۔
5اور اُس نے گِردا گِرد کی دیوار سے لگی ہوئی یعنی ہیکل اور اِلہام گا کی دیواروں سے لگی ہوئی گِردا گِرد منزلیں بنائیں اور حُجرے بھی گِردا گِرد بنائے۔
6سب سے نچلی منزل پانچ ہاتھ چوڑی اور تیرسی ساتھ ہاتھ چوڑی تھی کیونکہ اُس نے گھر کی دیوار کے گِردا گِرد باہر باہر کے رُخ پُشتے بنائے تھے تاکہ کڑیاں گھر کی دیواروں کو پکڑے ہوئے نہ ہوں۔
7اور وہ گھر جب تعمیر ہو رہا تھا تو ایسے پتھروں کا بنایا گیا جو کان پر تیار کیے جاتے تھے ۔ سو اُسکی تعمیر کے وقت نہ مار تول نہ کُلہاڑی نہ لوہے کے کسی اوزار کی آواز اُس گھر میں سُنائی دی ۔
8اور بیچ کے حجروں کا دروازہ اُس گھر کی دہنی طرف تھا اور چکر دار سیڑھیوں سے بیچ کی منزل کے حجروں میں اور بیچ کی منزل سے تیسری منزل کو جایا کرتے تھے۔
9سو اُس نے وہ گھر بنا کر اُسے تمام کیا اور اُس گھر کو دیودار کے شہتہروں اور تختوں سے پاٹا۔
10اور اُس نے اُس پورے گھر سے لگی ہوئی پانچ پانچ ہاتھ اوُنچی منزلیں بنائیں اور وہ دیوار کی لکڑیوں کے سہارے اُس گھر پر ٹِکی ہوئی تھیں ۔
11اور خُداوند کا کلام سُلیامن پر نازل ہوا کہ ۔
12یہ گھر جو تُو بناتا ہے سو اگر تُو میرے آئین پر چلے اور میرے حُکموں کو پورا اور میرے فرمانوں کو مانکر اُن پر عمل کرے تو مَیں اپنا وہ قول جو مَیں نے تیرے باپ داود سے کِیا تیرے ساتھ قائم رکھونگا۔
13اور مَیں بنی اسرائیل کے درمیان رہونگا اور اپنی قوم اسرائیل کو ترک نہ کرونگا ۔
14پس سُلیمان نے وہ گھر بنا کر اُسے تمام کیا۔
15اور اُس نے اندر گھر کی دیواروں پر دیودار کے تختے لگائے ۔ اِس گھرکے فرش سے چھت کی دیواروں تک اُس نے اُن پر لکڑی لگائی اور اُس نے اُس گھر کے فرش کو صنوبر کے تختوں سے پاٹ دیا ۔
16اور اُس نے اُس گھر کے پچھلے حصہ میں بیس ہاتھ تک فرش سے دیواروں تک دیودار کے تختے لگائے۔ اُس نے اِسے اُسکے اندر بنایا تاکہ وہ الہام گاہ یعنی پاکترین مکان ہو ۔
17ور وہ گھر یعنی اِلہام گاہ کے سامنے کی ہیکل چالیس ہاتھ لمبی تھی ۔
18اور اُس گھر کے اندر اندر دیودار تھا جس پر لٹو اور کِھلے ہوئے پھُول کندہ ئے گئے تھے ۔ سب دیودار ہی تھا اور پتھر مُطلق نظر نہیں آتا تھا ۔
19اور اُس نے اُس گھر کے اندر بیچ میں اِلہام گاہ تیار کی تاکہ خُداوند کے عہد کا صندوق وہاں رکھا جائے۔
20اور اِلہام گاہ اندر ہی اندر بیس ہاتھ لمبی اور بیس ہاتھ چوڑی اور بیس ہاتھ اونچی تھی اور اُس نے اُس پر خالص سونا منڈھا اور مذبح کو دیودار سے پاٹا۔
21اور سُلیمان نے اُس گھر کو اندر اندر خالص سونے سے منڈھا اور اِلہام گاہ کے سامنے اُس نے سونے کی زنجیریں تان دیں اور اُس پر بھی سونا منڈھا۔
22اور اُس پورے گھر کو جب تک کہ وہ سارا گھر تمام نہ ہو گیا اُس نے سونے سے منڈھا اور اَلہام گاہ کے پُورے مذبح پر بھی اُس نے سونا منڈھا ۔
23اور اِلہام گاہ میں اُس نے زیتون کی لکڑی کے دو کروبی دس دس ہاتھ اونچے بنائے۔
24اور کروبی کا ایک بازو پانچ ہاتھ کا اور اُسکا دُوسرا بازو بھی پانچ ہی ہاتھ کا تھا ۔ ایک بازو کے سِرے سے دوسرے بازو کے سِرے تک دس ہاتھ کا فاصلہ تھا ۔
25اور دس ہی ہاتھ کا دوُسرا کروبی تھا ۔ دونوں کروبی ایک ہی ناپ اور ایک ہی صورت کے تھے۔
26ایک کروبی کی اُونچائی دس ہاتھ تھی اور اِتنی ہی دوسرے کروبی کی تھی ۔
27اور اُس نے دونوں کروبیوں کو بھیتر کے مکان کے اندر رکھا او ر کروبیوں کے بازو پھیلے ہوئے تھے ایسا کہ ایک کا بازو ایک دیوار سے اور دوسرے کا بازو دوسری دیوار سے لگا ہُوا تھا اور اِنکے بازو گھر کے بیچ میں ایک دوسرے سے مِلے ہوئے تھے۔
28اور اُس نے کروبیوں پر سونا منڈھا ۔
29اور اُس نے اُس گھر کی سب دیواروں پر گِردا گِرد اندر اور باہر کروبیوں اور کھجور کے درختوں اور کھِلے ہوئے پھُلوں کی کھُدی ہوئی صورتیں کندہ کیں ۔
30اور اُس گھر کے فرش پر اُس نے اندر اور باہر سونا منڈھا ۔
31اور اِلہام گاہ میں داخل ہونے کے لیے اُس نے زیتون کی لکڑی کے دروازے بنائے ۔ اوپر کی چوکھٹ اور بازووں کا عرض دیوار کا پانچواں حصہ تھا ۔
32دونوں دروازے زیتون کی لکڑی کے تھے اور اُس نے اُن پر کروبیوں اور کھجور کے درختوں اور کھِلے ہوئے پھُلوں کی کھُدی ہوئی صُورتیں کندہ کیں اور اُن پر سونا منڈھا اور اِس سونے کو کروبیوں پر اور کھجور کے درختوں پر پھیلا دیا۔
33ایسے ہی ہیکل میں داخل ہونے کے لیے اُس نے زیتون کی لکڑی کی چوکھٹ بنائی جو دیوار کا چوتھا حصہ تھی
34اور صنوبر کی لکڑی کے دو دروازے تھے ۔ ایک دروازہ کے دونوں پٹ دُہرے ہو جاتے تھے۔
35اور اِن پر کروبیوں اور کھجور کے درختوں اور کھِلے ہوئے پھُلوں کو اُس نے کندہ کیا اور کھُدے ہوئے کام پر سونا منڈھا ۔
36اور اندر کے صحن کی تین صفیں تراشے ہوئے پتھر کی بنائیں اور ایک صف دیودار کے شہتیروں کی ۔
37چوتھے سال زیو کے مہینہ میں خُداوند کے گھر کی بُنیاد ڈالی گئی ۔
38اور گیارھویں سال بول کے مہینہ میں جو آٹھواں مہینہ ہے وہ گھر اپنے سب حصوں سمیت اپنے نقشہ کے مُطابق بن کر تیار ہُوا۔ یوں اُسکے بنانے میں اُسے سات سال لگے۔