Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
18 verses
1اور صُور کے بادشاہ حیرام نے اپنے خادموں کو سُلیمان کے پاس بھیجا کیونکہ اُس نے سُنا تھا کہ اُنہوں نے اُسے اُسکے باپ کی جگہ مسح کر کے بادشاہ بنایا ہے اِس لیے حِیرام ہمیشہ داود کا دوست رہا تھا ۔
2اور سُلیمان نے حیرام کو کہلا بھیجا کہ ۔
3تُو جانتا ہے کہ میرا باپ داود خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لیے گھر نہ بنا سکا کیونکہ اُسکے چوگرد ہر طرف لڑائیاں ہوتی رہیں جب تک کہ خُداوند نے اُن سب کو اُس کے پاوں کے تلوں کے نیچے نہ کر دیا ۔
4اور اب خُداوند میرے خُدا نے مُجھ کو ہر طرف امن دیا ہے نہ تو کوئی مُخالف ہے نہ آفت کی مار۔
5سو دیکھ ! خُداوند اپنے خُدا کے نام کے لیے ایک گھر بنانے کا میرا اِرادہ ہے جیسا خُداوند نے میرے باپ داود سے کہا تھا کہ تیرا بیٹا جسکو میں تیری جگہ تیرے تخت پر بٹھاونگا وہی میرے نام کے لیے گھر بنائےگا ۔
6سو اب تُو حُکم کر کہ وہ میرے لیے لُبننان سے دیودار کے درختوں کو کاٹیں اور میرے مُلازم تیرے مُلازموں کے ساتھ رہیں گے اور مَیں تیرے مُلازموں کے لیے جتنی اُجرت تُو کہے گا دونگا کیونکہ تُو جانتا ہے کہ ہم میں ایسا کوئی نہیں جو صیدانیوں کی طرح لکڑی کاٹنا جانتا ہو ۔
7جب حیرام نے سُلیمان کی باتیں سُنیں تو نہایت خُوش ہُوا اور کہنے لگا کہ آج کے دن خُداوند مُبارک ہو جس نے داود کو اِس بڑی قوم کے لیے ایک عقلمند بیٹا بخشا۔
8اور حیرام نے سُلیمان کو کہلا بھیجا کہ جو پیغام تُو نے مُجھے بھیجا میں نے اُسکو سُن لیا ہے اور مَیں دیودار کی لکڑی اور صنوبر کی لکڑی کے بارہ میں تیری مرضی پُوری کرونگا ۔
9مرے مُلازم اُنکو لُبنان سے اُتار کر سُمندر تک لائیں گے اور میں اُنکے بڑے بندھو ا دونگا تاکہ سُمندر ہی سُمندر اُس جگہ جائیں جسے تُو ٹھیرائے اور وہاں اُنکو کھُلوا دونگا۔ پھِر تُو اُنکو لے لینا اور تُو میرے گھرانے کے لیے رسد دیکر میری مرضی پُوری کرنا ۔
10پس حیرام نے سُلیمان کو اُسک مرضی کے مطابق دیودار کی لکڑی اور صنوبر کی لکڑی دی ۔
11اور سُلیمان نے حیرام کو اُسکے گھرانے کے کھانے کے لیے بیس ہزار کو گیہوں اور بیس کور خالص تیل دیا۔ اِسی طرح سُلیمان حیرام کو سال بسال دیتا رہا ۔
12اور خُداوند نے سُلیمان کو جیسا اُس نے اُس سے وعدہ کیا تھا حکمت بخشی اور حیرام اور سُلیمان کے درمیان صُلح تھی اور اُن دونوں نے باہم عہد باندھ لیا۔
13اور سُلیمان بادشاہ نے سارے اسرائیل میں سے بیگاری لگائے ۔ وہ بیگاری تیس ہزار آدمی تھے ۔
14اور وہ ہرمہینہ اُن میں سے دس دس ہزار کو باری باری سے لُبنان بھیجتا تھا ۔ سو وہ ایک مہینہ لُبنان پر اور دو مہینے اپنے گھر رہتے اور ادونرام اُن بیگاریوں کے اوپر تھا ۔
15اور سُلیمان کے ستر ہزار بوجھ اُٹھانے والے اور اَسی ہزار درخت کاٹنے والے پہاڑوں میں تھے ۔
16اِنکے علاوہ سُلیمان کے تین ہزار تین سو خاص منصبدار تھے جو اِس کام پر مُختار تھے اور اُن لوگوں پر جو کام کرتے تھے سردار تھے ۔
17اور بادشاہ کے حُکم سے وہ بڑے بڑے بیش قیمت پتھر نکالکر لائے تاکہ گھر کی بُنیاد گھڑے ہوئے پتھروں کی ڈالی جائے۔
18اور سُلیمان کے معماروں اور حیرام کے معماروں اور جبلیوں نے اُنکو تراشا اور گھر کی تعمیر کے لیے لکڑی اور پتھروں کو تیار کیا ۔