Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1یربعام بادشاہ کے اٹھارھویں برس سے ابیاہ یہوداہ پر سلطنت کرنے لگا۔
2اُس نے یروشلیم میں تین برس سلطنت کی ۔اُس کی ماں کا نام میکایاہ تھا جو اوری ایل جبعی کی بیٹی تھیاور ابیاہ اور یربعام کے درمیان جنگ ہوئی۔
3اور ابیاہ جنگی سورما ؤں کا لشکر یعنی چار لاکھ چُنے ہوئے مرد لیکر گیا اور یربعام نے اُس کے مقابلہ میں آٹھ لاکھ چُنے ہوئے مرد لے کر جو زبردست سورما تھے صف آرائی کی۔
4اور ابیاہ صمریم کے پہاڑ پر جو افرائیم کے کوہستانی مُلک میں ہے کھڑا ہوا اور کہنے لگا اَے یربعام اور سب اسرائیلیوں میری سنو۔
5کیا تُم کو معلوم نہیں کہ خُداوند اسرائیل کے خُدا نے اسرائیل کی سلطنت داؤد ہی کو اور اُس کے بیٹوں کو نمک کے عہد سے ہمیشہ کے لیئے دی ہے؟۔
6تو بھی نباط کا بیٹا یربعام جو سلیمان بن داؤد کا خادم تھا اُٹھ کر اپنے آقا سے باغی ہوا۔
7اور اُس کے ہاس نکمے اور خبیث آدمی جمع ہوگئے جنہوں نے سلیمان کے بیٹے رُحبعام کے مقابلہ میں زور پکڑا جب رحبعام ہنوز جوان اور نرم دل تھا اور اُن کا مقابلہ نہیں کر سکتا تھا ۔
8اور اب تمہارا خیال ہے کہ تُم خُداوند کی بادشاہی کا جو داؤد کی اولاد کے ہاتھ میں ہے مقابلہ کرو اور تُم بھاری انبوہ و اور تمہارے ساتھ سنہلے بچھڑے ہیں جن کو یربعام نے بنایا کہ تمہارے معبود ہوں۔
9کیا تُم نے ہارون کے بیٹوں اور لاویوں کو جو خُدا وند کے کاہن تھے خارج نہیں کیا اور اور مُلکوں کی قوموں کے طریقہ پراپنے لئے کاہن مقرر نہیں کیے ؟ ایسا کہ جو کوئی ایک بچھڑا اور سات مینڈھے لے کر اپنی تقدیس کرنے آئے وہ اُنکا جو حقیقت میں خُدا نہیں ہیں کاہن ہو سکے۔
10لیکن ہمارا یہ حال ہے کہ خُداوند ہمارا خُدا ہے اور ہم نے اُسے ترک نہیں کیا ہے اور ہمارے ہاں ہارون کے بیٹے کاہن ہیں جو خُداوند کی خدمت کرتے ہیں اور لاوی اپنے اپنے کام میں لگے رہتے ہیں۔
11اور وہ ہر صبح اور ہر شام کو خُداوند کے حضور سوختنی قربانیاں اور خشبودار بخور جلاتے ہیں اور پاک میز پر نذر کی روٹیاں قاعدہ کے مُطابق رکھتے اور سُنہلے شمعدان اور اُس کے چراغوں ہر شام کو روشن کرتے ہیں کیونکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کو مانتے ہیں پر تُم نے اُس کو ترک کردیا ہے۔
12اور دیکھو خُدا ہمارے ساتھ ہمارا پیشوا ہے اور اُس کے قاہن تُمہارے خلاف سانس باندھ کر زور سے پھونکنے کو نرسنگے لیئے ہوئے ہیں۔ اَے بنی اسرائیل! خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا سے مت لڑو کیونکہ تُم کامیاب نہ ہوگے۔
13پر یربعام نے اُن کے پیچھے کمین لگوادی ۔سو وہ بنی یہوداہ کے آگے رہے اور کمین پیچھے تھی۔
14جب بنی یہوداہ نے پیچھے نظر کی تو کیا دیکھا کہ لڑائی اُن کے آگے اور پیچھے دونوں طرف سے ہے اور اُنہوں نے خُدا سے فریاد کی اور کاہنوں نے نرسنگے پھونکے ۔
15تب یہوداہ کے لوگوں نے للکارا اور جب اُنہوں نے للکارا تو ایسا ہوا کہ خُداوند نے ابیاہ اور یہوداہ کے آگے یربعام کو اور سارے اسرائیل کو مارا۔
16اور بنی اسرائیل یہوداہ کے آگے سے بھاگے اور خُداوند نے اُن کو اُن کے ہاتھ میں کر دیا۔
17اور ابیاہ نے اور اُس کے لوگوں نے اُن کو بڑی خون ریزی کے ساتھ قتل کیا سو اسرائیل کے پانچ لاکھ چُنے ہوئے مرد کھیت آئے۔
18یوں بنی اسرائیل اُس وقت مغلوب ہوئے اور بنی یہوداہ غالب آئے اس لیئے کہ اُنہوں نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا پر بھروسہ کیا۔
19اور ابیاہ نے یربعام کا پیچھا کیا اور اُن شہروں کو اُس سے لے لیا یعنی بیت ایل اور اُس کے دیہات ۔ یسانہ اور اُس کے دیہات ۔عفرون اور اُس کے دیہات۔
20اور ابیاہ کے دنوں میں یربعام نے پھر زور نہ پکڑا اور خُداوند نے اُسے مارا اور وہ مرگیا۔
21لیکن ابیاہ قوی ہوگیا اور اُس نے چودہ بیویاں بیاہیں اور اُس سے بائیس بیٹے اور سولہ بیٹیاں پیدا ہوئیں ۔
22اور ابیاہ کے باقی کام اور اُس کے حالات اور اُس کی کہادتیں عید و نبی ی تفسیر میں مندرج ہیں۔