Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
15 verses
1اور ابیاہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور انہوں نے اُسے داؤد کے شہر میں دفن کیا اور اُس کا بیٹا آسا اُس کی جگہ بادشاہ ہوا ۔اُس کے دنوں میں دس برس تک مُلک میں امن رہا ۔
2اور آسا نے وہی کیا جو خُداوند اُس کے خُدا کے حضور بھلا اور ٹھیک تھا۔
3کیونکہ اُس نے اجنبی مذبحوں اور اُونچے مقاموں کو دور کیا اور لاٹوں کو گرا دیا اور یسیرتوں کو کاٹ ڈالا۔
4اور یہوداہ کو حُکم کیا کہ خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے طالب ہوں اور شریعت اور فرمان پر عمل کریں۔
5اور اُس نے یہوداہ کے سب شہروں میں سے اُونچے مقاموں اور سورج کی مورتوں کو دور کر دیا اور اُس کے سامنے سلطنت میں امن رہا ۔
6اور اُس نے یہوداہ میں فصیل دار شہر بنائے کیونکہ مُلک میں امن تھا اور اُن برسوں میں اُسے جنگ نہ کرنا پڑا کیونکہ خُداوند نے اُسے امان بخشی تھی۔
7اس لیئے اُس نے یہوداہ سے کہا کہ ہم یہ شہر تعمیر کریں اور اُن کے گرد دیوار اور بُرج بنائیں اور پھاٹک اور اڑبنگے لگائیں یہ مُلک ابھی ہمارے قابو میں ہے کیونکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے طالب ہوئے ہیں ۔ہم اُس کے طالب ہوئے اور اُس نے ہم کو چاروں طرف سے امان بخشی ہے۔سو انہوں نے اُس کو تعمیر کیا اور کامیاب ہوئے ۔
8اور آسا کے پاس بنی یہوداہ کے تین لاکھ آدمیوں کا لشکر تھا جو ڈھال اور بھالا اُٹھاتے تھے اور بنیمین کے دو لاکھ اَسی ہزار تھے جو ڈھال اُٹھاتے اور تیر چلاتے تھے ۔یہ سب زبردست سورما تھے ۔
9اور اُن کے مقابلہ میں زارح کُوشی دس لاکھ کی فوج اور تین سو رتھوں کو لے کر نکلا اور مریسہ میں آیا۔
10اور آسا اُس کے مقابلہ کو گیا اور انہوں نے مریسہ کے بیچ صفاتہ کی وادی میں جنگ کے لیئے صف باندھی۔
11اور آسا نے خُداوند اپنے خُدا سے فریاد کی اور کہا اے خُداوند زور آور اور کمزور کے مقابلہ میں مدد کرنے کو تیرے سِوا اور کوئی نہیں ۔اے خُداوند ہمارے خُدا تو ہماری مدد کر کیونکہ ہم تُجھ پر بھروسہ رکھتے ہیں اور تیرے نام سے اس انبوہ کا سامنا کرنے آئے ہیں ۔تو اَے خُداوند ہمارا خُدا ہے ۔انسان تیرے مُقابلہ میں غالب ہونے نہ پائے۔
12پس خُداوند نے آسا اور یہواہ کے آگے کُوشیوں کو مارا اور کُوشی بھاگے۔
13اور آسا اور اُس کے لوگوں نے اُن کو جرار تک رگیدا اور کُوشیوں میں سے اتنے قتل ہوئے کہ وہ پھر سنبھل نہ سکے کیونکہ وہ خُداوند اور اُس کے لشکر کے آگے ہلاک ہوئے اور وہ بُہت سی لُوٹ لے آئے۔
14اور انہوں نے جرار کے پاس کے سب شہروں کو مارا کیونکہ خپدا کا خوف اُن پر چھا گیا تھا اور انہوں نے سب شہروں کو لُوٹ لیا کیونکہ اُن میں بڑی لُوٹ تھی۔
15اور اُنہوں نے مواشی کے ڈیروں پر بھی حملہ کیا اور کثرت سے بھیڑیں اور اونٹ لے کر یروشلیم کو لَوٹے۔