Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
26 verses
1جب منسسی سلطنت کرنے لگا تو باراہ برس کا تھا اُس نے پچپن برس یروشلیم میں سلطنت کی اور اُسکی ماں کا نام حفیصیباہ تھا ۔
2اُس نے اُن قوموں کے نفرتی کاموں کی طرح جن کو خُداوند نے بنی اسرائیل کے آگے سے دفعہ کیا خُداوند کی نظر میں بدی کی ۔
3کیونکہ اُس نے اُن اونچے مقاموں کو جن کو اُس کے باپ حزقیاہ نے ڈھایا تھا پھر بنایا اور بعل کے لیے مذبحے بنائے اور یسیرت بنائی جیسے شاہِ اسرائیل اخی اب نے کیا تھا اور آسمان کی ساری فوج کو سجدہ کرتا اور اِن کی پرستش کرتا تھا ۔
4اور اُس نے خُداوند کی ہیکل میں جس کی بابت خُداوند نے فرمایا تھا کہ میں یروشلیم میں اپنا نام رکھوں گا مذبحے بنائے
5اور اُس نے آسمان کی ساری فوج کے لیے خُداوند کی ہیکل کے دونوں صحنوں میں مذبحے بنائے ۔
6اور اُس نے اپنے بیٹے کو آگ میں چلایا اور وہ شگون نکالتا اور افسوں نگری کرتا اور جنات کے یاروں اور جادوگروں سے تعلق رکھتا تھا اُس نےخُداوند کے آگے اُس کو غصہ دلانے کے لیے بڑی شرارت کی ۔
7اور اُس نے یسیرت کی کھودی ہوئی مورت کو جسے اُس نے بنایا تھا اُس گھر میں نصب کیا جس کی بابت خداوند نے داود اور اُس کے بیٹے سلیمان سے کہا تھا کہ اُسی گھر میں اور یروشلیم میں جسے میں نے بنی اسرائیل کے سب قبیلوں میں سے چُن لیا ہے میں اپنا نام ابد تک رکھوں گا ۔
8اور میں ایسا نہ کرونگا کہ بنی اسرائیل کے پاوں اُس مُلک سے باہر آوارہ پھریں جسے میں نے اُن کے باپ دادا کو دیا بشرط کہ وہ اُن سب احکام کے مطابق اور اُس شریعت کے مطابق جس کا حکم میرے بندہ موسیٰ نے اُن کو دیا عمل کرنے کی احتیاط رکھوں۔
9پر اُنہوں نے نہ مانا اور منسسی نے اُن کو بہکایا کہ وہ اُن قوموں کی نسبت جن کو خداوند نے بنی اسرائیل کے آگے سے نابود کیا زیادہ بدی کرے ۔
10سو خداوند نے اپنے بندوں نبیوں کی معرفت فرمایا ۔
11چونکہ شاہِ یہوداہ منسسی نے نفرتی کام کیے اور اموریوں کی نسبت جو اُس سے پیشتر ہوئے زیادہ بدی کی اور یہوداہ سے بھی اپنے بُتوں کےذریعہ سے گناہ کرایا ۔
12اِس لیے خداوند اسرائیل کا خدا یوں فرماتا ہے دیکھو میں یروشلیم اور یہوداہ پر ایسی بلا لانے کو ہوں کہ جو کوئی اُس کا حال سُنے اُس کے کان جھناں اُٹھیں گے ۔
13اور میں یروشلیم پر سامریہ کی رسی اور اخی اب کے گھرانے کا سا پھول ڈالونگا اور میں یروشلیم کو ایسا پونچھ ڈالونگا جیسے آدمی تالی پونچھتا ہے اور اُسے پونچھ کر اُلٹی رکھ دیتا ہے ۔
14اور میں اپنی میراث کے باقی لوگوں کو ترک کر کے اُنکو اُنکے دُشمنوں کے حوالہ کرونگا اور وہ اپنے سب دشمنوں کے لیے شکار اور لوٹ ٹھہریں گے ۔
15کیونکہ جب سے اُن کے باپ دادا مصر سے نکلے اُس دن سے آج تک وہ میرے آگے بدی کرتے اور مجھے غصہ دلاتے رہے ۔
16علاوہ اِس کے منسسی نے اُس گناہ کے سوا کہ اُس نے یہوداہ کو گمراہ کر کے خداوند کی نظر میں بدی کرائی بے گناہوں کا خون بھی اِس قدر کیا کہ یروشلیم اِس سرے سے اُس سرے تک بھر گیا ۔
17اور منسسی کے باقی کام اور سب کچھ جو اُس نے کیا اور وہ گناہ جو اُس سے سرزد ہوا سو کیا وہ بنی یہوداہ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کتاب میں قلمبند نہیں۔
18اور منسسی اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اپنے گھر کے باغ میں جو عزا کا باغ ہے دفن ہو ااور اُس کا بیٹا امون اُس کی جگہ بادشاہ ہوا ۔
19اور امون جب سلط��ت کرنے لگا تو بائیس برس کا تھا اُس نے یروشلیم میں دو برس سلطنت کی اُس کی ماں کا نام مسلمت تھا جو حروص یطبہی کی بیٹی تھی ۔
20اور اُس نے خداوند کی نظر میں بدی کی جیسے اُس کے باپ منسسی نے کی تھی ۔
21اور وہ اپنے باپ کی سب راہوں پر چلا اور اُن بتوں کی پرستش کی جن کی پرستش اُن کے باپ دادا نے کی تھی اور اُن کو سجدہ کیا۔
22اور اُس نے خداوند اپنے باپ دادا کے خدا کو ترک کیا اور خداوند کی راہ پر نہ چلا ۔
23اور امون کے خادموں نے اُس کے خلاف سازش کی اور بادشاہ کو اُسی کے قصر میں جان سے مار دیا ۔
24لیکن اُس ملک کے لوگوں نے اُن سب کو جنہوں نے امون بادشاہ کے خلاف سازش کی تھی قتل کیا ۔ اور ملک کے لوگوں نے اُس کے بیٹے یوسیاہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا ۔
25اور امون کے باقی کام جو اُس نے کیے۔ سو کیا وہ یہوداہ کے بادشاہوں کی تواریخ کی کتاب میں قلمبند نہیں ؟
26اور وہ اپنی گور میں عزا کے باغ میں دفن ہوا اور اُس کا بیٹا یوسیاہ اُس کی جگہ بادشاہ بنا ۔