Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
30 verses
1نبُوکدنضر بادشاہ نے ایک سونے کی مُورت بنوائی جس کی لمبائی ساٹھ ہاتھ اور چوڑائی چھ ہاتھ تھی اور اُسے دُرا کے میدان صُوبہ بابل میں نصب کیا۔
2تب نبُوکدنضر بادشاہ نے لوگوں کو بھیجا کہ ناظموں اور حاکموں اور سرداروں اور قاضیوں اور خزانچیوں اور مشیروں اور مُفتیوں اور تمام صُوبوں کے منصب داروں کو جمع کریں تا کہ وہ اُس مُورت کی تقدیس پر حاضر ہوں جس کو نبُوکدنضر بادشاہ نے نصب کیا تھا۔
3تب ناظم اور حاکم اور سردار اور قاضی اور خزانچی اور مُشیر اور مُفتی اور صُوبوں کے تمام منصب دار اُس مُورت کی تقدیس کے لے جسے نبُوکدنضر بادشاہ نے نصب کیا تھا جمع ہُوئے اور وہ اُس مُورت کے سامنے جس کو نبُوکدنضر نے نصب کیا تھا کھڑے ہُوئے۔
4تب ایک مُناد نے بلند آواز سے پُکار کر کہا اے لوگو! اے اُمتو اور اے مُختلف زُبانیں بولنے والو! تمہارے لے یہ حُکم ہے کہ۔
5جس وقت قرنا اور نے اور ستار اور باب اور بربط اور چغانہ اور ہر طرح کے ساز کی آواز سُنو تو اُس مُورت کے سامنے کس کو نبُوکدنضر بادشاہ نے نصب کیا ہے گر کر سجدہ کرو۔
6اور جو کوئی گر کر سجدہ نہ کرے اآسی وقت آگ کی جلتی ہُوئی بھٹی میں ڈالا جائے گا۔
7اس لے جس وقت سب لوگوں نے قرنا اور نے اور ستار اور رباب اور بربط اور ہر طرح کے ساز کی آواز سُنی تو سب لوگوں اور اُمتوں اور مُختلف زُبانیں بولنے والوں نے اُس مُورت کے سامنے جس کو نبُوکدنضر بادشاہ نے نصب کیا تھا گر کر سجدہ کیا۔
8پس اُس وقت چند کسدیوں نے آکر یہُوداہ پر الزام لگایا۔
9اُنہوں نے نبُوکدنضر بادشاہ سے کہا اے بادشاہ ابد تک جیتا رہ۔
10اے بادشاہ تو نے یہ فرمان جاری کیا ہے کہ جو کوئی قرنا اور نے اور ستار اور رباب اور بربط اور چغانہ اور ہر طرح کے ساز کی آواز سُنے گر کر سونے کی مُورت کو سجدہ کرے۔
11اور جو کوئی سجدہ نہ کرے آگ کی جلتی بھٹی میں ڈالا جائے گا۔
12اب چند یہُودی ہیں جن کو تونے بابل کے صُوبہ کی کار پر دازی پر مُعین کیا ہے یعنی سدرک اور میسک اور عبد نجو۔ ان آدمیوں نے اے بادشاہ تیری تعظیم نہیں کی۔ وہ تیرے معبودوں کی عبادت نہیں کرتے اور اُس سونے کی مُورت کو جسے تو نے نصب کیا سجدہ نہیں کرتے۔
13تب نبُوکدنضر نے قہر و غضب سے حُکم کیا کی سدرک اور میسک اور عبد نجو کو حاضر کریں اور انُہوں نے اُن آدمیوں کو بادشاہ کے حضُور حاضر کیا ۔
14نبُوکدنضر نے اُن سے کہا اے سدرک اور میسک اور عبد نجو کیا یہ سچ ہے کہ تم میرے معبُودوں کی عبادت نہیں کرتےاور اُس سونے کی مُورت کو جسے میں نے نصب کیا سجدہ نہیں کرتے ؟۔
15اب اگر تم مُستعد رہو کہ جس وقت قرنا اور نے ستار اور رباب اور بربط اور چغار اور ہر طرح کے ساز کی آواز سُنو تو اُس مُورت کے سامنے جو میں نے بنوائی ہے گر کر سجدہ کروتو بہتر پر اگر سجدہ نہ کرو گے تو اُسی وقت آگ کی جلتی بھٹی میں ڈالے جاو گے اور کون سا معبُود تم کو میرے ہاتھ سے چُھڑائے گا؟۔
16سدرک اور میسک اور عبد نجو بے بادشاہ سے عرض کی کہ اے نبُوکدنضر اس امر میں ہم تجھے جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے ۔
17دیکھ ہمارا خُدا جس کی ہم عبادت کرتے ہیں ہم کو آگ کی جلتی ہُوئی بھٹی سے چھُڑانے کی قدرت رکھتا ہے اور اے بادشاہ وہی ہم کو تیرے ہاتھ سے چُھڑائے گا۔
18اور نہیں تو اے بادشاہ تجھے معلُوم ہو کہ ہم تیرے معبُودوں کی عبادت نہیں کریں گے اور اُس سونے کی مُورت کو جو تونے نصب کی ہے سجدہ نہیں کریں گے۔
19تب نبُوکدنضر قہر سے بھر گیا اور اُس کے چہرہ کا رنگ سدرک اور میسک اور عبد نجو پر مُبدل ہُوا اور اُس نے حُکم دیا کہ بھٹی کی آنچ معمول سے سات گُنا زیادہ کریں ۔
20اور اُس نے اپنے لشکر کے چند زور آور پہلوانوں کو حُکم کیا کہ سدر�� اور میسک اور عبد نجو کو باندھ کر آگ کی جلتی ہُوئی بھٹی میں ڈال دیں ۔
21تب یہ مرد اپنے زیر جاموں قمیضوں اور عماموں سمیت باندھے گئے اور آگ کی جلتی بھٹی میں پھینک دے گئے۔
22پس چُونکہ بادشاہ کا حکم تاکیدی تھا اور بھٹی کی آنچ نہایت تیز تھی اس لے سدرک اور میسک اور عبد نجو کو اُٹھانے والے آگ کے شُعلوں سے ہلاک ہو گئے۔
23اور یہ تین مرد یعنی سدرک اور میسک اور عبد نجو بندھے ہُوئے آگ کی جلتی بھٹی میں جا پڑے۔
24تب نبُوکدنضر بادشاہ سراسیمہ ہو کر جلد اُٹھا اور ارکان دولت سے مُخاطب ہو کر کہنے لگا کیا ہم نے تین شخصوں کو بندھوا کر آگ میں نہیں ڈلوایا؟ اُنہوں نے جواب دیا کہ بادشاہ نے سچ فرمایا ہے۔
25اُس نے کہا دیکھو میں چار شخص آگ میں کھلے پھرتے دیکھتا ہُوں اور اُن کو کُچھ ضرر نہیں پُہنچا اور چوتھے کی صُورت الہٰ زادہ کی سی ہے۔
26تب نبُوکدنضر نے آگ کی جلتی بھٹی کے دروازہ پر آ کر کہا اے سدرک اور میسک اور عبد نجو خُدا تعالیٰ کے بندہ! باہر نکلو اور ادھر آو۔ پس سدرک اور میسک اور عبد نجو آگ سے نکل آے۔
27تب ناظموں اور حاکموں اور سرداروں اور بادشاہ کے مُشیروں نے فراہم ہو کر اُن شخصوں پر نظر کی اور دیکھا کہ آگ نے اُن کے بدنوں پر کچھ تاثیر نی کی اور اُن کے سر کا ایک بال بھی نہ جلایا اور اُن کی پوشاک میں مُطلق فرق نہ آیا اور اُن سے آگ سے جلنے کی بُو بھی نہ آتی تھی۔
28پس نبُوکدنضر نے پُکار کر کہا کہ سدرک اور میسک اور عبد نجو کا خُدا مُبارک ہو جس نے اپنا فرشتہ بھیج کر اپنے بندوں کو رہائی بخشی جہنوں نے اُس پر توکل کر کے بادشاہ کے حُکم کو ٹال دیا اور اپنے بدنوں کو نثار کیا کہ اپنے خُدا کے سوا کسی دُوسرے معبُود کی عبادت اور بندگی نہ کریں۔
29اس لئے میں یہ فرمان جاری کرتا ہوں کہ جو قوم یا اُمت یا اہل لُغت سدرک اور میسک اور عبد نجو کے خُدا کے حق میں کوئی بامُناسب بات کہیں اُن کے ٹکرے ٹکرے کئے جائیں گے اور اُن کے گھر مزبلہ ہو جائیں گے کیونکہ کوئی دُوسرا معبُود نہیں جو اس طرح رہائی دے سکے۔
30پھر بادشاہ نے سدرک اور میسک اور عبد نجو کو صُوبہ بابل میں سرفراز کیا۔