Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1اور اُس نے تُمہیں بھی زِندہ کِیا جب اپنے قُصُوروں اور گُناہوں کے سبب سے مُردہ تھے۔
2جِن میں تُم پیشتر دُنیا کی روِش پر چلتے تھے اور ہوا کی عملداری کے حاکِم یعنی اُس رُوح کی پیَروی کرتے تھے جو اَب نافرمانی کے فرزندوں میں تاثِیر کرتی ہے۔
3اِن میں ہم بھی سب کے سب پہلے اپنے جِسم کی خواہِشوں میں زِندگی گُذارتے اور جِسم اور عقل کے اِرادے پُورے کرتے تھے اور دُوسروں کی مانِند طبعی طَور پر غضب کے فرزند تھے۔
4مگر خُدا نے اپنے رحم کی دَولت سے اُس بڑی محبّت کے سبب سے جو اُس نے ہم سے کی۔
5جب قُصُوروں کے سبب سے مُردہ ہی تھے تو ہم کو مسِیح کے ساتھ زِندہ کِیا۔ (تُم کو فضل ہی سے نِجات مِلی ہے).
6اور مسِیح یِسُوع میں شامِل کر کے اُس کے ساتھ جِلایا اور آسمانی مقاموں پر اُس کے ساتھ بِٹھایا۔
7تاکہ وہ اپنی اُس مہربانی سے جو مسِیح یِسُوع میں ہم پر ہے آنے والے زمانوں میں اپنے فضل کی بے نِہایت دَولت دِکھائے۔
8کِیُونکہ تُم کو اِیمان کے وسِیلہ سے فضل ہی سے نِجات مِلی ہے اور یہ تُمہاری طرف سے نہِیں۔ خُدا کی بخشِش ہے۔
9اور نہ اعمال کے سبب سے ہے تاکہ کوئی فخر نہ کرے۔
10کِیُونکہ ہم اُسی کی کارِیگری ہیں اور مسِیح یِسُوع میں اُن نیک اعمال کے واسطے مخلُوق ہُوئے جِن کو خُدا نے پہلے سے ہمارے کرنے کے لِئے تیّار کِیا تھا۔
11پَس یاد کرو کہ تُم جو جِسم کے رُو سے غَیرقَوم والے ہو اور وہ لوگ جو جِسم میں ہاتھ سے کِئے ہُوئے ختنہ کے سبب سے مختُون کہلاتے ہیں تُم کو نامختُون کہتے ہیں۔
12اگلے زمانہ میں مسِیح سے جُدا اور اِسرائیل کی سلطنت سے خارِج اور وعدہ کے عہدوں سے ناواقِف اور نااُمِید اور دُنیا میں خُدا سے جُدا تھے۔
13مگر تُم جو پہلے دُور تھے اَب مسِیح یِسُوع میں مسِیح کے خُون کے سبب سے نزدِیک ہو گئے ہو۔
14کِیُونکہ وُہی ہماری صُلح ہے جِس نے دونوں کا ایک کر لِیا اور جُدائی کی دِیوار کو جو بِیچ میں ٹھی ڈھا دِیا۔
15چُنانچہ اُس نے اپنے جِسم کے ذرِیعہ سے دُشمنی یعنی وہ شَرِیعَت جِس کے حُکم ضابطوں کے طَور پر تھے مَوقُوف کر دی تاکہ دونوں سے اپنے آپ میں ایک نیا اِنسان پَیدا کر کے صُلح کرا دے۔
16اور صلِیب پر دُشمنی کو مِٹا کر اور اُس کے سبب سے دونوں کو ایک تن بنا کر خُدا سے مِلائے۔
17اور اُس نے آ کر تُمہیں جو دُور تھے اور اُنہِیں جو نزدِیک تھے دونوں کو صُلح کی خُوشخَبری دی۔
18کِیُونکہ اُس کے وسِیلہ سے ہم دونوں کی ایک ہی رُوح میں باپ کے پاس رسائی ہوتی ہے۔
19پَس اَب تُم پردیسی اور مُسافِر نہِیں رہے بلکہ مُقدّسوں کے ہم وطن اور خُدا کے گھرانے کے ہوگئے۔
20اور رَسُولوں اور نبِیوں کی نیو پر جِس کے کونے کے سِرے کا پتھّر خُود مسِیح یِسُوع ہے تعمِیر کِئے گئے ہو۔
21اُسی میں ہر ایک عِمارت مِل مِلا کر خُداوند میں ایک پاک مَقدِس بنتا جاتا ہے۔
22اور تُم بھی اُسی میں باہم تعمِیر کِئے جاتے ہو تاکہ رُوح میں خُدا کا مسکن بنو۔