Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
23 verses
1پَولُس کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُوع کا رَسُول ہے اُن مُقدّسوں کے نام جو اِفِسُس میں ہیں اور مسِیح یِسُوع میں اِیماندار ہیں۔
2ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمینان حاصِل ہوتا رہے۔
3ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے خُدا اور باپ کی حمد ہو جِس نے ہم کو مسِیح میں آسمانی مقاموں پر ہر طرح کی رُوحانی بَرکَت بخشی۔
4چُنانچہ اُس نے ہم کو بنایِ عالم سے پیشتر اُس میں چُن لِیا تاکہ ہم اُس کے نزدِیک محبّت میں پاک اور بے عَیب ہوں۔
5اور اُس نے اپنی مرضی کے نیک اِرادہ کے مُوافِق ہمیں اپنے لِئے پیشتر سے مُقرّر کِیا کہ یِسُوع مسِیح کے وسِیلہ سے اُس کے لے پالک بَیٹے ہوں۔
6تاکہ اُس کے اُس فضل کے جلال کی سِتایش ہو جو ہمیں اُس عزِیز میں مُفت بخشا۔
7ہم کو اُس میں اُس کے خُون کے وسِیلہ سے مخلصی یعنی قُصُوروں کی مُعافی اُس کے اُس فضل کی دَولت کے مُوافِق حاصِل ہے۔
8جو اُس نے ہر طرح کی حِکمت اور دانائی کے ساتھ کثرت سے ہم پر نازِل کِیا۔
9چُنانچہ اُس نے اپنی مرضی کے بھید کو اپنے اُس نیک اِرادہ کے مُوافِق ہم پر ظاہِر کِیا۔ جِسے اپنے آپ میں ٹھہرا لِیا تھا۔
10تاکہ زمانوں کے پُورے ہونے کا اَیسا اِنتظام ہو کہ مسِیح میں سب چِیزوں کا مجمُوعہ ہو جائے۔ خواہ وہ آسمان کی ہوں خواہ زمِین کی۔
11اُسی میں ہم بھی اُس کے اِرادہ کے مُوافِق جو اپنی مرضی کی مصلحت سے سب کُچھ کرتا ہے پیشتر سے مُقرّر ہوکر مِیراث بنے۔
12تاکہ ہم جو پہلے سے مسِیح کی اُمِید میں تھے اُس کے جلال کی سِتایش کا باعِث ہوں۔
13اور اُسی میں تُم پر بھی جب تُم نے کلامِ حق کو سُنا جو تُمہاری نِجات کی خُوشخَبری ہے اور اُس پر اِیمان لائے پاک مَوعُودہ رُوح کی مہر لگی۔
14وُہی خُدا کی مِلکِیّت کی مخلصی کے لِئے ہماری مِیراث کا بَیعانہ ہے تاکہ اُس کے جلال کی سِتایش ہو۔
15اِس سبب سے میں بھی اُس اِیمان کا جو تُمہارے درمِیان خُداوند یِسُوع پر ہے اور سب مُقدّسوں پر ظاہِر ہے حال سُن کر۔
16تُمہاری بابت شُکر کرنے سے باز نہِیں آتا اور اپنی دُعاؤں میں تُمہیں یاد کِیا کرتا ہُوں۔
17کہ ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا خُدا جو جلال کا باپ ہے تُمہیں اپنی پہچان میں حِکمت اور مُکاشفہ کی رُوح بخشے۔
18اور تُمہارے دِل کی آنکھیں روشن ہو جائیں تاکہ تُم کو معلُوم ہو کہ اُس کے بُلانے سے کَیسی کُچھ اُمِید ہے اور اُس کی مِیراث کے جلال کی دَولت مُقدّسوں میں کَیسی کُچھ ہے۔
19اور ہم اِیمان لانے والوں کے لِئے اُس کی بڑی قُدرت کیا ہی بے حد ہے۔ اُس کی بڑی قُوّت کی تاثِیر کے مُوافِق۔
20جو اُس نے مسِیح میں کی جب اُسے مُردوں میں سے جِلا کر اپنی دہنی طرف آسمانی مقاموں پر بِٹھایا۔
21اور ہر طرح کی حُکُومت اور اِختیّار اور قُدرت اور رِیاست اور ہر ایک نام سے بہُت بُلند کِیا جو نہ صِرف اِس جہان میں بلکہ آنے والے جہان میں بھی لِیا جائے گا۔
22اور سب کُچھ اُس کے پاؤں تَلے کر دِیا اور اُس کو سب چِیزوں کا سَردار بنا کر کلِیسیا کو دے دِیا۔
23یہ اُس کا بَدَن ہے اور اُسی کی معمُوری جو ہر طرح سے سب کا معمُور کرنے والا ہے۔