Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1تب میں نے نگاہ کی اورکیا دیکھتا ہوں کہ اس فضا پر جو کروبیوں کے سر کے اوپر تھی ایک چیز نیلم سی دکھائی دی اور اس کی صورت خت کی سی تھی۔
2اور اس نے اس آدمی کو جو کتانی لباس پہنے تھا فرمایا کہ ان پہیوں کے اندر جا جو کروبی کے نیچے ہیں اور آگ کے انگارے جو کروبیوں کے درمیان ہیں مٹھی بھر کر اٹھا اور شہر کے اوپر بکھیر دے اور وہ گیا اور میں دیکھتا تھا۔
3جب وہ شخص اندر گیا تب وہ کروبی ہیکل کے اندر کھڑے تھے اور اندرونی صحن بادل سے بھر گیا۔
4تب خداوند کا جلال کروبی پر سے بلند ہو کر ہیکل کے آستانہ پر آیا اور ہیکل بادل سے بھر گئی اور صحن خداوند کے جلال کے نور سے معمور ہوگیا۔
5اور کروبیوں کے پروں کی صدا باہر کے صحن تک سنائی دتی تھی جیسے قادر مطلق خدا کی آواز جب وہ کلام کرتا ہے۔
6اور یوں ہوا کہ جب اس نے اس شخص کو جو کتانی لباس پہنے تھا حکم دیا کہ وہ پہیے کے اندر سے اور کروبیوں کے درمیان سے آگ لے تب وہ اندر گیا اور پہئے کے پاس کھڑا ہوا۔
7اور کروبیوں میں سے ایک نے اپنا ہاتھ اس آگ کی طرف جو کروبیوں کی طرف تھی بڑھایا اور آگ لے کر اس شخص کے ہاتھوں پر جو کتانی لباس پہنے تھا رکھی۔وہ لیکر باہر چلا گیا۔
8اور کروبیوں کے درمیان ان کے پروں کے نیچے انسان کے ہاتھ کی سی صورت نظر آئی۔
9اور میں نے نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہوں کہ چار پہئے کروبیوں کے آس پاس ہیں۔ ایک کروبی کے پاس ایک پہیہ اور دوسرے کے پاس دوسرا پہیہ تھا اور ان پہیﺅں کا جلوہ دیکھنے میں زبرجد کا سا تھا۔
10اور ان کی شکل ایک ہی طرح کی تھی۔ جیسے پہیا پہئے کے اندر ہو۔
11جب وہ چلتے تھے تو اپنی چاروں طرف پر چلتے تھے۔ وہ چلتے ہوئے مڑتے نہ تھے ۔ جس طرف کہ سر کا رخ ہوتا تھا اسی طرف اس کے پیچھے پیچھے جاتے تھے۔ وہ چلتے ہوئے مڑتے نہ تھے۔
12اور ان کے تمام بدن اور پیٹھ اور ہاتھوں اور پروں اور ان پہیوں میں گردا گرد آنکھیں ہی آنکھیں تھیںیعنی ان چاروں کے پہیوں میں۔
13ان پہیوں کو میرے سنتے ہوئے چرخ کہاگیا۔
14اور ہر ایک کے چار چہرے تھے پہلا چہرہ کروبی کا۔ دوسرا انسان کا۔ تیسرا شیر ببر کا اور چوتھا عقاب کا۔
15اور کروبی بلند ہوئے۔ یہ وہ جاندار تھا جو میں نے نہر کبار میں دیکھا تھا۔
16اور جب کروبی چلتے تھے تو پہئے بھی ان کے ساتھ ساتھ چلتے تھے اور جب کروبیوں نے اپنے بازو پھیلائے تاکہ زمین سے اوپر بلند ہوں تو وہ پہئے ان کے پاس سے جدا نہ ہوئے۔
17جب وہ ٹھہرتے تھے تو یہ بھی ٹھہرتے تھے اور جب وہ بلند ہوتے تھے تو یہ بھی ان کے ساتھ بلند ہو جاتے تھے کیونکہ جاندار کی روح ان میں تھی۔
18اور خداوند کا جلال گھر کے آستانہ پر سے روانہ ہو کر کروبیوں کے اوپر ٹھہر گیا۔
19تب کروبیوں نے اپنے بازو پھیلائے اورمیری آنکھوں کے سامنے زمین سے بلند ہوئے اور چلے گئے اور پہئے ان کے ساتھ ساتھ تھے اور وہ خداوند کے گھر کے مشرقی پھاٹک کے آستانہ پر ٹھہرے اور اسرائیل کے خدا کا جلال ان پر جلوہ گر تھا۔
20یہ وہ جاندار ہے جو میں نے اسرائیل کے خدا کے نیچے نہر کبار کے کنارے پر دیکھا تھا اور مجھے معلوم تھا کہ یہ کروبی ہیں۔
21ہر ایک کے چار چہرے تھے اور چار بازو اور ان کے بازوﺅں کے نیچے انسان کا سا ہاتھ تھا۔
22رہی ان کے چہروں کی صورت ۔ یہ وہی چہرے تھے جو میں نہر کبار کے کنارے پر دیکھے تھے یعنی ان کی صورت اور وہ خود۔ وہ سب کے سب سیدھے آگے ہی کو چلے جاتے تھے۔