Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
26 verses
1مسِیح نے ہمیں آزاد رہنے کے لِئے آزاد کِیا ہے پَس قائِم رہو اور دوبارہ غُلامی کے جُوئے میں نہ جُتو۔
2دیکھو مَیں پَولُس تُم سے کہتا ہُوں کہ اگر تُم ختنہ کراؤ گے تو مسِیح سے تُم کو کُچھ فائِدہ نہ ہوگا۔
3بلکہ مَیں ہر ایک ختنہ کرانے والے شَخص پر پھِر گواہی دیتا ہُوں کہ اُسے تمام شَرِیعَت پر عمل کرنا فرض ہے۔
4تُم جو شَرِیعَت کے وسِیلہ سے راستباز ٹھہرنا چاہتے ہو مسِیح سے الگ ہو گئے اور فضل سے محرُوم۔
5کِیُونکہ ہم رُوح کے باعِث اِیمان سے راستبازی کی اُمِید برآنے کے مُنتظِر ہیں۔
6اور مسِیح یِسُوع میں نہ تو ختنہ کُچھ کام کا ہے نہ نامختُونی مگر اِیمان جو محبّت کی راہ سے اثر کرتا ہے۔
7تُم تو اچھّی طرح دَوڑ رہے تھے۔ کِس نے تُمہیں حق کے ماننے سے روک دِیا؟
8یہ ترغِیب تُمہارے بُلانے والے کی طرف سے نہِیں ہے۔
9تھوڑا سا خمِیر سارے گُندھے ہُوئے آٹے کو خمِیر کر دیتا ہے۔
10مُجھے خُداوند میں تُم پر یہ بھروسا ہے کہ تُم اَور طرح کا خیال نہ کرو گے لیکِن جو تُمہیں گھبرا دیتا ہے وہ خواہ کوئی ہو سزا پائے گا۔
11اور اَے بھائِیو! مَیں اگر اَب تک ختنہ کی منادی کرتا ہُوں تو اَب تک ستایا کِیُوں جاتا ہُوں؟ اِس صُورت میں صلِیب کی ٹھوکر تو جاتی رہی۔
12کاش کہ تُمہارے بے قرار کرنے والے اپنا تعلُق قطع کر لیتے۔
13اَے بھائِیو! تُم آزادی کے لِئے بُلائے تو گئے ہو مگر اَیسا نہ ہو کہ وہ آزادی جِسمانی باتوں کا مَوقع بنے بلکہ محبّت کی راہ سے ایک دُوسرے کی خِدمت کرو۔
14کِیُونکہ ساری شَرِیعَت پر ایک ہی بات سے پُورا عمل ہو جاتا ہے یعنی اِس سے کہ تُو اپنے پڑوسِی سے اپنی مانِند محبّت رکھ۔
15لیکِن اگر تُم ایک دُوسرے کو کاٹتے اور پھاڑے کھاتے ہو تو خَبردار رہنا کہ ایک دُوسرے کا ستیاناس نہ کر دو۔
16مگر مَیں یہ کہتا ہُوں کہ رُوح کے مُوافِق چلو تو جِسم کی خواہِش کو ہرگِز پُورا نہ کرو گے۔
17کِیُونکہ جِسم رُوح کے خِلاف خواہِش کرتا ہے اور رُوح جِسم کے خِلاف اور یہ ایک دُوسرے کے مُخالِف ہیں تاکہ جو تُم چاہتے ہو وہ نہ کرو۔
18اور اگر تُم رُوح کی ہِدایت سے چلتے ہو تو شَرِیعَت کے ماتحت نہِیں رہے۔
19اب جِسم کے کام تو ظاہِر ہیں یعنی حرامکاری۔ ناپاکی۔ شہوت پرستی۔
20بُت پرستی۔ جادُوگری۔ عَداوَتیں۔ جھگڑا۔ حسد۔ غُصّہ۔ تفرقے۔ جُدائِیاں۔ بِدعتیں۔
21بُغض۔ نشہ بازی۔ ناچ رنگ۔ اور اَور اِن کی مانِند۔ اِن کی بابت تُمہیں پہلے سے کہہ دیتا ہُوں جَیسا کہ پیشتر جتا چُکا ہُوں کہ اَیسے کام کرنے والے خُدا کی بادشاہی کے وارِث نہ ہوں گے۔
22مگر رُوح کا پھَل محبّت۔ خُوشی۔ اِطمینان۔ تحمُّل۔ مہربانی۔ نیکی۔ اِیمانداری۔
23حلِم۔ پرہیزگاری ہے۔ اَیسے کاموں کی کوئی شَرِیعَت مُخالِف نہِیں۔
24اور جو مسِیح یِسُوع کے ہیں اُنہوں نے جِسم کو اُس کی رغبتوں اور خواہِشوں سمیت صلِیب پر کھینچ دِیا ہے۔
25اگر ہم رُوح کے سبب سے زِندہ ہیں تو رُوح کے مُوافِق چلنا بھی چاہئے۔
26ہم بیجا فخر کر کے نہ ایک دُوسرے کو چڑائیں نہ ایک دُوسرے سے جلیں۔