Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
18 verses
1اور ابرؔام مؔصر سے اپنی بیوی اور اپنے سب مال اور لوُطؔ کو ساتھ لیکر کنعؔان کے جنوب کی طرف چلا۔
2اور ابرؔام کے پاس چَوپائے اور سونا چاندی بکثرت تھا۔
3اور وہ کنعؔان کے جنوب سے سفر کرتا ہوا بیتؔ ایل میں اُس جگہ پہنچا جہاں پہلے بیتؔایل اور عؔی کے درمیان اُسکا ڈیرا تھا۔
4یعنی وہ مقام جہاں اُس نے شروع میں قربان گاہ بنائی تھی اور وہاں ابرؔام نے خُداوند سے دُعا کی۔
5اور لوُطؔ کے پاس بھی جو ابراؔم کا ہم سفر تھع بھیڑ بکریاں گائے بیل اور ڈیرے تھے۔
6اور اُس مُلک میں اِتنی گنایش نہ تھی کہ وہ اِکٹھے رہیں کیونکہ اُنکے پاس اِتنا مال تھا کہ وہ اِکٹھے نہیں رہ سکتے تھے۔
7اور ابراؔم کے چرواہوں اور لوُطؔ کے چرواہوں میں جھگڑا ہوا اور کنعانی اور فرزأی اُس وقت مُلک میں رہتے تھے۔
8تب ابراؔم نے لُوطؔ سے کہا کہ میرے اور تیرے درمیان اور میرے چرواہوں اور تیرے چرواہوں کے درمیان جھگڑانہ ہُوا کرے کیونکہ ہم بھائی ہیں ۔
9کیا یہ سارا مُلک تیرے سامنے نہیں ؟ سو تُو مجھ سے الگ ہو جا۔ اگر تُو بائیں جائے تو مَیں دہنے جاؤنگا اور اگر تُو دہنے جاٖئے تو میں بائیں جاؤنگا۔
10تب لوُطؔ نے آنکھ اُٹھا کر یرؔدن کی ساری ترائی پر جو ضُغؔر کی طرف ہے نظر دَوڑائی کیونکہ وہ اِس سے پیشتر کہ خُداوند نے سؔدوم اور عمؔورہ کو تباہ کیا خُداوند کے باغ اور مؔصر کے مُلک کی مانند خوب سیراب تھی۔
11سو لُوطؔ نے یرؔدن کی ساری ترائی کو اپنے لِئے چُن لِیا اور وہ مشرق کی طرف چلا اور وہ ایک دُوسرے سے جُدا ہوگئے۔
12ابراؔم تو مُلک کنعان میں رہا اور لُوطؔ نے ترائی کے شہروں میں سکونت اِختیار کی اور سؔدوم کی طرف اپنا ڈیرا لگایا۔
13اور سؔدوم کے لوگ خُداوند کی نظر میں نہایت بدکار اور گنہگار تھے ۔
14اور لُوطؔ کے جُدا ہو جانے کے بعد خُداوند نے ابراؔم سے کہا کہ اپنی آنکھ اُٹھا اور جِس جگہ تُو ہے وہاں سے شِمال اور جنوب اور مشرق اور مغرب کی طرف نظر دَوڑا ۔
15کِیونکہ یہ تمام مُلک جو تُو دیکھ رہا ہے مَیں تجھ کو اور تیری نسل کو ہمیشہ کے لئے دُونگا۔
16اور میں تیری نسل کو خاک کے ذرّوں کی ماند بناؤنگا اَیسا کہ اگر کوئی شخص خاک کے ذرّوں کو گِن سکے تو تیری نسل بھی گِن لی جائیگی ۔
17اُٹھ اور اِس ملک کے طُول و عرض میں سَیر کر کیونکہ مَیں ااِسے تجھ کو دُونگا۔
18اور ابراؔم نے اپنا ڈیرا اُٹھایا اور ممؔزے کے بلُوطوں میں جو حبؔون میں ہیں جا کر رہنے لگا اور وہاں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائی ۔