Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
15 verses
1اسرائیل لہلہاتی تاک ہے جس میں پھل لگا جس نے اپنے پھل کی کثرت کے مُطابق بُہت سی قربان گاہیں تعمیر کیں اور اپنی زمین کی خُوبی کے مُطابق اچھے اچھے ستون بنائے۔
2اُن کا دل دغا باز ہے۔ اب وہ مُجرم ٹھہریں گے۔ وہ اُن کے مزبحوں کو ڈھائے گا اور اُن کے سُتونوں کو توڑے گا۔
3یقینا اب وہ کہیں گے ہمارا کوئی بادشاہ نہیں کیونکہ جب ہم خُداوند سے نہیں ڈرتے تو بادشاہ ہمارے لے کیا کر سکتا ہے ؟۔
4اُن کی باتیں باطل ہیں۔ وہ عہد و پیمان میں جُھوٹی قسم کھاتے ہیں۔ اس لے بلا ایسی پُھوٹ نکلے گی جیسے کھیت کی ریگھاریوں میں اندراین۔
5بیت آون کی بچھیوں کے سبب سے سامریہ کے باشندے خُوف زدہ ہوں گے کیونکہ وہاں کے لوگ اُس پر ماتم کریں گے اور وہاں کے کاہن بھی جو اُس کی گُزشتہ شوکت کے سبب سے شادمان تھے۔
6اس کو بھی اُسور میں لے جا کر اُس مُخالف بادشاہ کی نذر کریں گے۔ افرائیم ندامت اُٹھائے گا اور اسرائیل اپنی مشورت سے خجل ہوگا ۔
7سامریہ کا بادشاہ کٹ گیا ہے۔ وہ پانی پر تیرتی شاخ کی مانند ہے۔
8اور آون کے اُونچے مُقام جو اسرائیل کا گُناہ ہیں برباد کئے جائیں گے اور اُن کے مذبحوں پر کانٹے اور اُونٹکٹارے اُگیں گے اور وہ پہاڑوں سے کہیں گے ہم کو چُھپا لو اور ٹیلوں سے کہیں گے ہم پر آ گرو۔
9اے اسرائیل ! تو جبعہ کے ایّام سے گُناہ کرتا آیا ہے۔ وہ وہیں ٹھہرے رہے تاکہ لڑائی جبعہ میں بدکرداروں کی نسل تک نہ پہنچا۔
10میں جب چاہُوں اُن کو سزادُوں گا اور جب میں اُن کے دُو گناہوں کی سزادُوں گا تو لوگ اُن پر ہجوم کریں گے۔
11افرائیم سدھائی ہُوئی بچھیا ہے جو داونا پسند کرتی ہے اور میں نے اُس کی خُوش نما گردن کو دریغ کیا لیکن میں افرائیم پر سوار بٹھاوُں گا۔ یہُوداہ ہل چلائے گا اور یعقوب ڈگیلے توڑے گا۔
12اپنے لئے صداقت سے تحنم ریزی کرو۔شفقت سے فصل کاٹو اور اپنی اُفتادہ زمین میں ہل چلاو کیونکہ اب موقع ہے کہ تم خُداوند کے طالب ہو تاکہ وہ آے اور راستی کو تم پر برسائے۔
13تم نے شرارت کا ہل چلایا۔ بدکرداری کی فصل کاٹی اور جُھوٹ کا پھل کھایاکیونکہ تو نے اپنی روش میں اپنے بہادروں کے انبوہ پر تکیہ کیا۔
14اس لئے تیرے لوگوں کے خلاف ہنگامہ برپاہو گا اور تیرے سب قلعے مسمار کئے جائیں گے جس طرح شلمن نے لڑائی کے دن بیت اربیل کو مسمار کیا تھا جب کہ ماں اپنے بچوں سمیت ٹُکڑے ٹُکڑے ہو گئی۔
15تُمہاری بے نہایت شرارت کے سبب سے بیت ایل میں تمہاری یہی حال ہوگا شاہ اسرائیل علی الصباح بالکل فنا ہو جائے گا۔