Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
23 verses
1خداوند کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا۔
2کہ اُٹھ اور کمہار کے گھر جا اور میں وہاں اپنی باتیں تجھے سُناؤ نگا ۔
3تب میں کمہار کے گھر گیا اور کیا دیکھتا ہوں کہ وہ چاک پر کچھ بنا رہا ہے۔
4اُس وقت وہ مٹی کا برتن جو وہ بنا رہاتھا اُسکے ہاتھ میں بگڑ گیا۔ تب اُس نے اُس سے جیسا مُناسب سمجھا ایک برتن بنا لیا۔
5تب خداوند کا یہ کلام مجھ پر نازل ہوا ۔
6کہ اَے اِسرائیل کے گھرانے کیا میں اِس کمہار کی طرح تم سے سُلوک نہیں کر سکتا ہوں؟ خداوند فرماتا ہے دیکھو جس طرح مٹی کمہار کے ہاتھ میں ہے اُسی طرح اَے اِسرائیل ؔ کے گھرانے تم میرے ہاتھ میں ہو۔
7اگر کسی وقت میں کسی قوم اور سلطنت کے حق میں کہوں کہ اُسے اُکھاڑوں اور توڑ ڈالوں اور ویران کروں۔
8اور اگر وہ قوم جسکے حق میں میں نے کہا اپنی بُرائی سے باز آئے تو میں بھی اُس بدی سے جو میں نے اُس پر لانے کا ارادہ کیا تھا باز آؤنگا ۔
9اور پھر اگر میں کسی قوم اور سلطنت کی بابت کہوں کہ اُسے بناؤں اور لگاؤں ۔
10اور وہ میری نظر میں بدی کرے اور میری آواز کو نہ سُنے تو میں بھی اُس نیکی سے باز ہونگا جو اُسکے ساتھ کرنے کو کہا تھا ۔
11اور اب تو جاکر یہوداہؔ کے لوگوں اور یروشیلم کے باشندوں سے کہدے کہ خداوند یوں فرماتا ہے کہ دیکھو میں تمہارے لئے مصیبت تجویز کرتا ہوں اور تمہاری مخالفت میں منصوبہ باندھتا ہوں ۔ سو اب تم میں سے ہر ایک اپنی بُری روِش سے باز آئے اور اپنی راہ اور اپنے اعمال کو دُرست کرے۔
12پر وہ کہینگے کہ یہ تو فضول ہے کیونکہ ہم اپنے منصوبوں پر چلینگے اور ہر ایک اپنے بُرے دِل کی سختی کے مطابق عمل کریگا ۔
13اِسلئےِ خداوند یوں فرماتا ہے کہ دریافت کرو کہ قومو ں میں کسی نے کبھی اَیسی باتیں سُنی ہیں؟ اِسراؔ ئیل کی کنواری نے نہایت ہولناک کام کیا ۔
14کیا لُبنان کی برف جو چٹان سے میدان میں بہتی ہے کبھی بند ہو گی؟ کیا وہ ٹھنڈا بہتا پانی جو دُرو سے آتا ہے سو کھ جائیگا ؟۔
15لیکن میرے لوگ مجھکو بھول گئے اور اُنہوں نے بطالت کے لئے بخور جلایا اور اُس نے اُنکی راہوں میں یعنی قدیم راہوں میں اُنکو گمراہ کیا تاکہ وہ پگڈنڈیوں میں جائیں اور اَیسی راہ میں جو بنائی نہ گئی ۔
16کہ وہ اپنی سر زمین کو ویرانی اور ہمیشہ کی حیرانی اور سُسکار کا باعث بنائیں ۔ ہر ایک جو اُدھر سے گذرے دنگ ہو گا اور سر ہلائیگا ۔
17میں اُنکو دُشمن کے سامنے گویا پُوربی ہوا سے تتر بتر کر دُونگا ۔ اُنکی مصیبت کے وقت اُنکو منہ نہیں بلکہ پیٹھ دکھاؤنگا۔
18تب اُنہوں نے کہا آؤ ہم یرمیاہ ؔ کی مخالفت میں منصوبے باندھیں کیونکہ شریعت کاہن سے جاتی نہ رہیگی اور نہ مشورت مُشیرسے اور نہ کلام نبی سے ۔ آؤ ہم اُسے زبان سے ماریں اور اُسکی کسی بات پر توجہ نہ کریں۔
19اَے خداوند ! تو مجھ پر توجہ کر اور مجھ سے جھگڑنے والوں کی آواز سن۔
20کیا نیکی کے بدلے بدی کی جائیگی ؟ کیونکہ اُنہوں نے میری جان کے لئے گڑھا کھودا ۔ یاد کر کہ میں تیرے حضور کھڑ اہوا کہ اُنکی شفاعت کروں اور تیرا قہر اُن پر سے ٹلادُوں ۔
21اِسلئےِ اُنکے بچوں کو کال کے حوالہ کر اور اُنکو تلوار کی دھار کے سپر د کر۔ اُنکی بیویاں بے اَولاد اور بیوہ ہوں اور اُنکے مرد مارے جائیں ۔ اُنکے جوان میدان جنگ میں تلوار سے قتل ہوں۔
22جب تو اچانک اُن پر فوج چرھا لائیگا اُنکے گھروں سے ماتم کی صدا نکلے کیونکہ اُنہوں نے مجھے پھنسانے کو گڑھا کھودا اور میرے پاؤں کے لئے پھندے لگائے۔
23پر اَے خداوند تو اُنکی سب سازِشوں کو جو اُنہوں نے میرے قتل پر کیں جانتا ہے۔ اُنکی بد کرداری کو معاف نہ کر اور اُنکے گناہ کو اپنی نظر سے دُور نہ کر بلکہ وہ تیرے حضور پست ہوں۔ اپنے قہر کے وقت تو اُن سے یوں ہی کر۔