Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
19 verses
1وہ کلام جو شاہِ یہوداہؔ یہویقیم ؔ بن یوسیاہؔ کے ایام میں خداوند کی طرف سے یرمیاہؔ پر نازل ہوا۔
2کہ تو ریکا بیوں کے گھر جا اور اُن سے کلام کر اور اُنکو خداوند کے گھر کی کوٹھری میں لاکر مے پلا ۔
3تب میں نے یازؔ نیاہ بن یرمیاہؔ بن حبصنیاہؔ اور اُسکے بھائیوں اور اُسکے سب بیٹوں اور ریکابیوں کے تمام گھرانے کو ساتھ لیا۔
4اور اُنکو خداوند کے گھر میں بنی حنان بن یجد لیاہؔ مرد خدا کی کوٹھر ی میں لایا جو اُمرا کی کوٹھری کے نزدیک معسیاہؔ بن سلُوم دربان کی کوٹھری کے اُوپر تھی ۔
5اور میں نے مے سے لبریز پیالے اور جام ریکابیوں کے گھرانے کے بیٹوں کے آگے رکھے اور اُن سے کہا مے پیو۔
6پر اُنہوں نے کہا ہم مے نہ پئینگے کیونکہ ہمارے باپ ےُوناؔ داب بن ریکاؔ ب نے ہم کو یوں حکم دیا کہ تم ہرگز مے نہ پینا ۔ نہ تم نہ تمہارے بیٹے ۔
7اور نہ گھر بنانا نہ بیج بونا نہ تا کستان لگانا نہ اُنکے مالک ہونا بلکہ عمر بھر خیموں میں رہنا تاکہ جس سر زمین میں تم مُسافر ہو تمہاری عمر دراز ہو ۔
8چنانچہ ہم نے اپنے باپ ےُوناؔ داب بن ریکابؔ کی بات مانی ۔ اُسکے حکم کے مطابق ہم اور ہماری بیویاں اور ہمارے بیٹے بیٹیا ں کبھی مے نہیں پیتے ۔
9اور ہم نہ رہنے کے لئے گھر بناتے اور نہ تاکستان اور کھیت اور بیج رکھتے ہیں ۔
10پر ہم خیموں میں بسے ہیں اور ہم نے فرمانبرداری کی اور جو کچھ ہمارے باپ ےُوناؔ داب نے ہم کوحکم دیا ہم نے اُس پر عمل کیا ہے۔
11لیکن یوں ہوا کہ جب شاہِ بابلؔ نبوکدؔ رضر اِس ملک پر چڑھ آیا تو ہم نے کہا کہ آؤ ہم کسدیوں اور ارامیوں کی فوج کے ڈر سے یروشلیم کو چلے جائیں ۔ یوں ہم یروشلیم میں بستے ہیں۔
12تب خداوند کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہوا۔
13کہ ربُّ الافواج اِسراؔ ئیل کا خدایوں فرماتا ہے کہ جا اور یہوداہؔ کے آدمیوں اور یروشلیم کے باشندوں سے یوں کہہ کہ کیا تم تربیت پذیر نہ ہو گے کہ میری باتیں سُنو خداوند فرماتا ہے؟ ۔
14جو باتیں ےُوناؔ داب بن ریکابؔ نے اپنے بیٹوں کو فرمائیں کہ مے نہ پیو وہ بجا لائے اور آج تک مے نہیں پیتے بلکہ اُنہوں نے اپنے باپ کے حکم کو مانا لیکن میں نے تم سے کلام کیا اور بروقت تم کو فرمایا اور تم نے میری نہ سُنی ۔
15اور میں نے اپنے تمام خدمتگذار نبیوں کو تمہارے پاس بھیجا اور اُنکو بروقت یہ کہتے ہوئے بھیجا کہ تم ہر ایک اپنی بُری راہ سے باز آؤ اور اپنے اعمال کو دُرست کرو اور غیر معبودوں کی پیر وی اور عبادت نہ کرو اور جو ملک میں نے تم کو اور تمہارے باپ دادا کو دیا ہے تم اُس میں بسو گے لیکن تم نے نہ کان لگایا نہ میری سُنی ۔
16اِس سبب سے کہ ےُوناؔ داب بن ریکابؔ کے بیٹے اپنے باپ کے حکم کو جو اُس نے اُنکو دیا تھا بجالائے پر اِن لوگوں نے میری نہ سُنی ۔
17اِسلئے خداوند ربُّ الافواج اِسراؔ ئیل کا خدا یوں فرماتا ہے دیکھ میں یہوداہؔ پر اور یروشلیم کے تمام باشندوں پر وہ سب مصیبت جسکا میں نے اُنکے خلاف اِعلان کیا ہے لاؤنگا کیونکہ میں نے اُن سے کلام کیا پر وہ شنوا نہ ہوئے اور میں نے اُنکو بُلایا پر اُنہوں نے جواب نہ دیا۔
18اور یرمیاہؔ نے ریکابیوں کے گھرانے سے کہا کہ ربُّ الافواج اِسراؔ ئیل کا خدا یوں فرماتا ہے کہ چونکہ تم نے اپنے باپ ےُوناؔ داب کے حکم کو مانا اور اُسکی سب وصیتوں پر عمل کیا ہے اور جو کچھ اُس نے تم کو فرما یا تم بجا لائے ۔
19اِسلئے ربُّ الافواج اِسراؔ ئیل کا خدا یوں فرماتا ہے کہ ےُوناؔ داب بن ریکاؔ ب کے لئے میرے حضور میں کھڑے ہونے کو کبھی آدمی کی کمی نہ ہو گی۔