Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
17 verses
1خُداوند کا کلام یُوناہ بن امتی پر نازل ہُوا۔
2کہ اُٹھ اُس بڑے شہر نینوہ کو جا اور اُس کے خلاف مُنادی کر کیونکہ اُن کی شرارت میرے حُضور پُہنچی ہے۔
3لیکن یُوناہ خُداوند کے حضُور سے ترسیس کو بھاگا اور یافا میں پُینچا اور وہاں اُسے ترسیس کو جانے والا جہاز ملا اور وہ کرایہ دے کر اُس میں سوار ہُوا تاکہ خُداوند کے حُضور سے ترسیس کو اہل جہاز کے ساتھ جائے۔
4لیکن خُداوند نے سُمندر پر بڑی آندھی بھیجی اور سُمند میں سخت طُوفان برپا ہُوا اور اندیشہ تھا کہ جہاز تباہ ہو جائے ۔
5تب ملاح ہراسان ہُوئے اور ہر ایک نے اپنے دیوتا کو پُکارا اور وہ اجناس جو جہاز میں تھیں سُمندر میں ڈال دیں تاکہ اُسے ہلکا کریں لیکن یُوناہ جہاز کے اندر پڑا سو رہا تھا۔
6تب نا خُدا اُس کے پاس جا کے کہنے لگا تو کیوں پڑا سو رہا ہے؟ اُٹھ اپنے معبُود کو پکار! شاید وہ ہم کو یاد کرے اور ہم ہلاک نہ ہوں۔
7اور اُنہوں نے آپس میں کہا آو ہم قرعہ ڈال کر دیکھیں کہ یہ آفت ہم پر کس کے سبب سے آئی۔ چُنانچہ اُنہوں نے قرعہ ڈالا اور یُوناہ کا نام نکلا۔
8تب اُنہوں نے کہا تو ہم کو بتا کہ یہ آفت ہم پر کس کے سبب سے آئی ہے؟ تیرا کیا پیشہ ہے اور تو کہاں سے آیا ہے ؟ تیرا وطن کہاں ہے اور تو کس قوم کا ہے؟۔
9اُس نےاُن سے کہا میں عبرانی ہوں اور خُداوند آسمان کے خُدا بحروبر کر خالق سے ڈرتا ہُوں۔
10تب وُہ خُوف زدہ ہر کر اُس سے کہنے لگے تو نے یہ کیا کیا؟ کیونکہ اُن کو معلوم تھا کہ وہ خُداوند کے حُضور سے بھاگا ہے اس لے کہ اُس نے خُود اُن سے کہا تھا۔
11تب اُنہوں نے اُس سے پُوچھا ہم تُجھ سے کیا کریں کہ سُمندر ہمارے لئے ساکن ہو جائے؟ کیونکہ سُمندر زیاہ طُوفانی ہوتا جاتا تھا۔
12تب اُس نے اُن سے کہا مُجھ کو اُٹھا کر سُمندر میں پینک دُو تو تُمہارے لئے سُمندر ساکن ہو جائے گا کیونکہ میں جانتا ہُوں کہ یہ بڑا طُوفان تم پر میرے سبب سے آیا ہے۔
13تو بھی ملاحوں نے ڈانڈ چلانے میں بڑی محنت کی کہ کنارہ پر پُہنچیں لیکن نہ پُہنچ سکے کیونکہ سُمندر اُن کے خلاف اور بھی زیادہ موجزن ہوتا جاتا تھا۔
14تب اُنہوں نے خُداوند کے حضُور گڑ گڑا کر کہا اے خداوند ہم تیری منت کرتے ہیں کہ ہم اس آدمی کی جان کے سبب سے ہلاک نہ ہوں اور تو خُون ناحق کو ہماری گردن پر نہ ڈالے کیونکہ اے خُداوند تو نے جو چاہا سو کیا۔
15اور اُنہوں نے یُوناہ کو اُٹھا کر سُمندر میں پھینک دیا اور سُمندر کا تلاطم موقوف ہوگیا۔
16تب وہ خُداوند سے بُہت ڈر گے اور اُنہوں نے اُس کے حُضور قُربانی گُزرانی اور نذریں مانیں۔
17لیکن خُداوند نے ایک بڑی مچھلی مقرر کر رکھی تھی کہ یُوناہ کو نگل جائے اور یُوناہ تین دن تین رات مچھلی کے پیٹ میں رہا۔