Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
21 verses
1عبدیاہ کی رویا:-ہم نے خُداوند سے خبر سُنی اور قوموں کے درمیان ایلچی یہ پیغام لے گیا کہ چلو اُس پر حملہ کریں۔ خُداوند خُدا اُدوم کی بابت یُوں فرماتا ہے۔
2کہ دیکھ میں نے تُجھے قوموں کے درمیان حقیر کر دیا ہے۔ تو نہایت ذلیل ہے۔
3اے چٹانوں کے شگافوں میں رہنے والےتیرے دل کے گھمنڈ نے تجھے دھوکا دیا ہے۔تیرا مکان بُلند ہےاور تو دل میں کہتا ہے کون مجھے نیچے اُتارے گا؟۔
4خُداوند فرماتا ہے اگرچہ تو عقاب کی مانند بُلند پرواز ہو اور ستاروں میں اپنا آشیانہ بنائےتو بھی میں تجھے وہاں سے نیچے اُتاروں گا۔
5اگر تیرے گھر میں چور آئیں یا رات کو ڈاکو آگھُسیں( تیری کیسی بربادی ہے! ) تو کیا وہ حسب خواہش ہی نہ لیں گے؟ اگر انگور توڑنے والے تیرے پاس آئیں تو کیا کُچھ دانے باقی نہ چوڑیں گے؟۔
6عیسو کا مال کیسا ڈھونڈ نکالا گیا اور اُس کے پوشیدہ خزانوں کی کیسی تلاش ہوئی!۔
7تیرےسب حمایتیوں نے تجھے سرحد تک ہانک دیا ہے اور اُن لوگوں نے جو تجھ سے میل رکھتے تھے تجھے فریب دیا اور مغلوب کیا اور انہوں نے جو تیری روٹی کھاتے تھےتیرے نیچے جال بچھایا اُس میں ذرہ دانائی نہیں۔
8خُداوند فرماتا ہے کیا میں اس روز اُدوم سے داناوں کو اور عقلمندی کو کوہستان عیسو سے نابُود نہ کُروں گا؟۔
9اے تیمان تیرے بہادُر گھبرا جائیں گےیہاں تک کہ کوہستان عیسو کے باشندوں میں سے ہر ایک کاٹ ڈالا جائے گا۔
10اُس قتل کے باعث اور اُس ظلم کے سبب سے جو تو نے اپنے بھائی یعقوب پر کیا ہے تو خجالت سے ملُبّس اور ہمیشہ کے لے نیست ہو گا۔
11جس روز تو اُس کے مُخالفوں کے ساتھ کھڑا تھا جس روز اجنبی اس کے لشکر کو اسیر کر کے لے گے اور بیگانوں نے اس کے پھاٹک سے داخل ہو کر یروشیلم پر قرعہ ڈالا تو بھی اُن کے ساتھ تھا۔
12تجھے لازم نہ تھا کہ تو اس روز اپنے بھائی کی جلا وطن کو کھڑا دیکھتا رہتا اور نبی یہُوداہ کی ہلاکت کے روز شادمان ہوتا اور مُصیبت کے روز لافزنی کرتا۔
13تجھے مُناسب نہ تھا کہ تو میرے لوگوں کی مُصیبت کے روز ان کے پھاٹکوں میں گُھستا اور اُن کی مُصیبت کے روزاُن کی بدحالی کو کھڑا دیکھتا رہتا اور اُن کے لشکر پر ہاتھ بڑھاتا ۔
14تجھے لازم نہ تھا کہ گھاٹی میں کھڑا ہو کراس کے فراریوں کو قتل کرتا اور اس دکھ کے دن میں اس کے باقی ماندہ لوگوں کو حوالہ کرتا۔ خُداوند قوموں کی عدالت کرے گا
15کیونکہ سب قوموں پر خُداوند کا دن آپُہنچا ہے۔ جیسا تو نے کیا ہے ویسا ہی تجھ سے کیا جائے گا۔ تیرا کیا تیرے سر پر آئے گا۔
16کیونکہ جس طرح تم نے میرے کوہ مُقدس پر پیا اُسیطرح سب قومیں پیا کریں گی ہاں پیتی اور نگلتی رہیں گی اور وہ ایسی ہوں گی گویا کبھی تھیں ہی نہیں ۔
17لیکن جو بچ نکلیں گے کوہ صیون پر رہیں گے اور وہ مُقدس ہو گا اور یعقوب کا گھرانا اپنی میراث پر قابض ہو گا۔
18تب یعقوب کا گھرانا آگ ہو گا اور یوسف کا گھرانا شُعلہ اور عیسو کا گھرانا پُھوس اور وہ اس میں بھڑکیں گے اور اس کو کھا جائیں گےاور عیسو کے گھرانے سے کوئی نہ بچے گا کیونکہ یہ خُداوند کافرمان ہے۔
19اور جُنوب کے رہنے والے کوہستان عیسواور میدان کے باشندے فلستین کے مالک ہوں گے اور وہ افرائیم اور سامریہ کے کھیتوں پر قابض ہوں گےاور بنیمین جلعاد کا وارث ہو گا۔
20اور نبی اسرائیل کے لشکر کے سب اسیرجو کنعانیوں میں صارپت تک ہیں اور یروشیلم کے اسیر جو سفاراد میں ہیں جُنوب کے شہروں پر قابض ہو جائیں گے۔
21اور رہائی دینے والے کوہ صیون پر چڑھیں گےتا کہ کوہستان عیسو کی عدالت کریں اور سلطنت خُداوند کی ہو گی۔+