Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
27 verses
1اور یریحوبنی اسرائیل کے سبب سے نہایت مضبوطی سے بند تھا اور نہ تو کوئی باہر جاتا اور نہ کوئی اندر آتا تھا )۔
2اور خداوند نے یشوع سے کہا کہ دیکھ میں نے یریحو کو اور اس کے بادشاہ اور اس کے سورماوں کو تیرے ہاتھ میں کر دیا ہے۔
3سو تم سب جنگی مرد شہر کو گھیر لو اور ایک دفعہ اُس کے چوگرد گشت کرو۔ چھ دن تک تم ایسا ہی کرنا۔
4اور سات کاہن صندوق کے آگے آگے مینڈھوں کے سینگوں کے سات نرسنگے لئے ہوئے چلیں اور ساتویں دن تم شہر کی چاروں طرف سات بار گھومنا اور کاہن نرسنگے پھونکیں ۔
5اور یوں ہو گا کہ جب وہ مینڈھے کے سینگ کو زور سے پھونکےں اور تم نرسنگے کی آواز سُنو تو سب لوگ نہایت زور سے للکاریں ۔ تب شہر کی دیوار بِالکل گر جائیگی اور لوگ اپنے اپنے سامنے سِیدھے چڑھ جائیں ۔
6اور نُون کے بیٹے یشوع نے کاہنوں بُلا کر اُن سے کہا کہ عہد کے صندوق کو اُٹھاو اور سات کاہن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسنگے لئے ہوئے خداوند کے صندوق کے آگے آگے چلیں ۔
7اور انہوں نے لوگوں سے کہا بڑھ کر شہر کو گھیر لو اور جو آدمی مسلّح ہیں وہ خداوند کے صندوق کے آگے آگے چلیں ۔
8اور جب یشوع لوگوں سے یہ باتیں کہہ چکا تو سات کاہن مینڈھوں کے سینگوں کے سات نرسنگے لئے ہوئے خداوند کے آگے آگے چلے اور وہ نرسنگے پھونکتے گئے اور خداوند کے عہد کا صندوق اُن کے پیچھے پیچھے چلا۔
9اور وہ مسلّح آدمی اُن کاہنوں کے آگے آ گے چلے جو نرسنگے پھونک رہے تھے اور دُنبالہ صندوق کے پیچھے پیچھے چلا اور کاہن چلتے چلتے نرسنگے پھونکتے جاتے تھے۔
10اور یشوع نے لوگوں کو یہ حکم دیا کہ نہ تو تم للکارنا اور نہ تمہاری آواز سُنائی دے اور نہ تمہارے منہ سے کوئی آواز نکلے۔ جب میں تم کو للکارنے کو کہوُں تب تم للکارنا ۔
11سو اس نے خداوند کے صندوق کو شہر کے گرد پھروایا ۔ تب وہ خیمہ گاہ میں آئے اور وہیں رات کاٹی ۔
12اور یشوع صبح سویرے اُٹھا اور کاہنوں نے خداوند کا صندوق اٹھا لیا ۔
13اور وہ سات کاہن مینڈھوں کے نرسنگوں کے سات نرسنگے لئے ہوئے خداوند کے صندوق کے آگے آگے برابر چلتے اور نرسنگے پھونکتے جاتے تھے اور وہ مسلّح آدمی آگے آگے ہو لئے اور دُنبالہ خداوند کے صندوق کے پیچھے پیچھے چلا اور کاہن چلتے چلتے نرسنگے پھونکتے جاتے تھے ۔
14اور دوسرے دن بھی وہ ایک بار شہر کے گرد گھوم کر خیمہ گاہ میں پھر آئے ۔ انہوں نے چھ دن تک ایسا ہی کیا ۔
15اور ساتویں دن ایسا ہوا کہ وہ صبح کو پو پھٹنے کے وقت اُٹھے اور اسی طرح شہر کے گرد سات بار پھرے ۔ سات بار شہر کے گرد فقط اسی دن پھرے۔
16اور ساتویں بار ایسا ہوا کہ جب کاہنوں نے نرسنگے پھونکے تو یشوع نے لوگوں سے کہا للکارو!کیونکہ خداوند نے یہ شہر تم کو دے دیا ہے۔
17اور وہ شہر اور جو کچھ اس میں ہے سب خداوند کی خاطر نست ہوگا ۔ فقط راحب کسبی اور جتنے اس کے ساتھ اس کے گھر میں ہوں وہ سب جیتے بچےنگے۔ اسلئے کہ اس نے ان قاصدوں کو جن کو ہم نے بھیجا چِھپا رکھّا تھا ۔
18اور تم بہر حال اپنے آپ کو مخصوص کی ہوئی چیز وںسے بچائے رکھنا ۔ ایسا نہ ہو کہ ان کو مخصوص کرنے کے بعد تم کسی مخصوص کی ہوئی چیز کو لواور یوں اسرائیل کی خیمہ گاہ کو لعنتی کرڈالو اور سے دکھ دو ۔
19لیکن سب چاندی اور سونا اور وہ برتن جو پیتل اور لوہے کے ہوں خداوند کے لئے مُقدّس ہیں۔ سو وہ خداوند کے خزانہ میں داخل کئے جائیں ۔
20پس لوگوں نے للکارا اور کاہنوں نے نرسنگے پھونکے اور ایسا ہوا کہ جب لوگوں نے نرسنگے کی آوا ز سنی تو انہوں نے بلند آواز سے للکارا اور دیوار بِالکل گرپڑی اور لوگوںسے ہر ایک آدمی اپنے سامنے سے چڑھ کر شہر میں گھُسا اور انہوں نے اس کو لے لیا ۔
21اور انہوں نے ان سب کو جو میں تھے کیا مرد کیا عورت کیا جوان کیا بُڈھے کیا بیل کیا بھیڑکیا گدھے سب کو تلوار کی دھار سے بِالکل نیست کردیا ۔
22اور یشوعنے اُن دونوں آدمیوں سے جنہوں نے اس ملک کی جاسوسی کی تھی کہا کہ اس کسبی کے گھر جاو اور وہاں سے جیسی تم نے اس سے قسم کھائی ہے اسکے مطابق اس عورت کو اور جو کچھ اسکے پاس ہے سب کچھ نکال لاو۔
23تب وہ دونوں جوان جاسُوس اندر گئے اور راحب کو اور اس کے باپ اور اس کی ماں اور اس کے بھائیوں کو اور اس کے اسباب بلکہ اس کے سارے خاندان کو نِکال لائے اور اُنکو بنی اسرائیل کی خیمہ گاہ کے باہر بٹھا دیا ۔
24پھر انہوں نے اس شہر کو اور جو کچھ اس میں تھا سب کو آگ سے پھونک دیا اور فقط چاندی اور سونے کو اور پیتل اور لوہے کے برتنوں کو خداوند کے خزانہ میں داخل کیا ۔
25لیکن یشوع نے راحب کسبی اور اس کے باپ کے گھرانے کو اور جو کچھ اس کا تھا سب کو سلامت بچا لیا ۔ اس کی بُودوباش آج کے دن تک اسرائیل میں ہے کیونکہ اس نے ان قاصدوں کو جنکو یشوع نے یریحومیں جاسُوسی کےلئے بھیجا تھا چِھپا رکھّاتھا ۔
26اور یشوع نے اس وقت ان کو قسم دےکر تاکید کی اور کہاکہ جو شخص اُٹھ کر اس یریحوشہر کو پھر بنائے وہ خُداوند کے حضور ملعُون ہو وہ اپنے پہلوٹھے کو اس کی نیو ڈالتے وقت اور اپنے سب سے چھوٹے بیٹھے کو اس کے پھاٹک لگواتے وقت کھو بیٹھے گا ۔
27سو خداوند یشوع کے ساتھ تھا اور اس سارے ملک میں اس کی شہرت پھیل گئی۔