Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
18 verses
1اور سب لوگ یک تن ہوکر پانی پھاٹک کے سامنے کے میدان میں اِکٹھے ہوئے اور اُنہوں نے عزرافقیہ سے عر ض کی کہ مُوسیٰ کی شریعت کی کتاب کو جسکا خداوند نے اِسرائیل کو حکم دِیا تھا لائے۔
2اور ساتویں مہینے کی پہلی تاریخ کو عزرا کاہن توریت کو جماعت کے یعنی مردوں اور عورتوں اور اُن سب کے سامنے لے آیا جو سُنکر سمجھ سکتے تھے۔
3اور وہ اُس میں سے پانی پھاٹک کے سامنے کے میدان میں صُبح سے دو پہر تک مردوں اور عورتوں اور سبھوں کے آگے جو سمجھ سکتے تھے پڑھتا رہا اور سب لوگ شریعت کی کتاب پر کان لگائے رہے۔
4اور عزرافقیہ ایک چوبی منبر پر جو اُنہوں نے اِسی کام کے لئے بنایا تھا کھڑا ہوا اور ااُسکے پاس متیتاہ اور سمع اور عنایاہ اور اُوریاہ اور خلقیاہ اور معیاہ اُسکے دہنے کھڑے تھے اور اُسکے بائیں فدایاہ اور مساایل اور ملکیاہ اور حاشوم اور حسبدانہ اور زکریاہ اور مُسلام تھے ۔
5اور عزرا نے سب لوگوں کے سامنے کتاب کھولی (کیونکہ وہ سب لوگوں سے اُوپر تھا)اور جب اُس نے اُسے کھولا تو سب لوگ اُٹھ کھڑے ہوئے۔
6اور عزرا نے خداوند خُدایِ عظیم کو مبارک کہا اور سب لوگوں نے اپنے ہاتھ اُٹھا کر جواب دِیا۔آمین ۔آمین ۔اور اُنہوں نے اوندھے منہ زمین تک جھک کر خداوند کو سجدہ کیا۔
7اور یشوع اور بانی اور سر بیاہ اور یامن اور عقوب اور سبتی اور ہودیاہ اور معسیاہ اور قلیطااور عرزیاہ اور یوزبد اور حنان اور فلایاہ اور لاوی لوگوں کو شریعت سمجھاتے گئے اور لوگ اپنی اپنی جگہ پر کھڑے رہے۔
8اور اُنہوں نے اُس کتاب یعنی خداکی شریعت میں سے صاف آواز سے پڑھا ۔ پھر اُسکے معنی بتائے اور اُن کو عبارت سمجھا دی ۔
9اور نحمیاہ نے جو حاکم تھا اور عزرا کاہن اور فقیہ نے اور اُن لاویوں نے جو لوگوں کو سکھا رہے تھے سب لوگوں سے کہا کہ آج کا دِن خداوندتمہارے خدا کے لئے مقدس ہے۔نہ غم کرو نہ رو کیونکہ سب لوگ شریعت کی باتیں سُنکر رونے لگے تھے۔
10پھر اُس نے اُن سے کہا کہ اب جاؤ اور جو موٹا ہے کھاؤ اور جو میٹھا ہے پیو اور جنکے لئے کچھ تیار نہیں ہوااُنکے پاس بھی بھیجو کیونکہ آج کا دِن ہمارے خداوند کے لئے مقدس ہے اور تم اُداس مت ہو کیونکہ خداوند کی شادمانی تمہاری پناہ گاہ ہے۔
11اور لاویوں نے سب لوگوں کو چُپ کرایا اور کہا خاموش ہو جاؤ کیونکہ آج کا دِن مقدس ہے اور غم نہ کرو۔
12سو سب لوگ کھانے پینے اور حصہ بھیجنے اور بڑی خوشی کرنے کو چلے گئے کیونکہ وہ اُن باتوں کو جو اُنکے آگے بڑھی گئیں سمجھے تھے۔
13اور دُوسرے دِن سب لوگو ں کے آبائی خاندانوں کے سردار اور کاہن اور لاوی عزرا فقیہ کے پاس اِکٹھے ہوئے کہ توریت کی باتوں پر دھیان لگائیں ۔
14اور اُن کو شریعت میں یہ لکھا ملا کہ خداوند نے مُوسیٰ کی معرفت فرمایا ہے کہ بنی اِسرائیل ساتویں مہینے کی عید میں جھونپڑیوں میں رہا کریں۔
15اور اپنے سب شہروں میں اور یروشیلم میں یہ اِعلان اور منادی کرائیں کہ پہاڑ پر جاکر زیتون کی ڈالیاں اور مہندی کی ڈالیاں اور کھجور کی شاخیں اور گھنے درختوں کی ڈالیاں جھوپنڑیوں کے بنانے کو لاؤ جیسا لکھا ہے ۔
16سو لوگ جا جا کر اُنکو لائے اور ہر ایک نے اپنے گھر کے صحنوں میں اور پانی پھاٹک کے میدان میں اور افرائیمی پھاٹک کے میدان میں اپنے لئے جھونپڑیاں بنائیں۔
17اور اُن لوگوں کی ساری جماعت نے جو اسیری سے پھر آئے تھے جھونپڑیاں بنائیں اور اُن ہی جھونپڑیوں میں رہے کیونکہ یشوع بن نُون کے دِنوں سے اُس دِن تک بنی اِسرائیل نے اَیسا نہیں کیا تھا چُنانچہ بہت بڑی خوشی ہوئی۔
18اور پہلے دِن سے آخری دِن تک روز بروز اُس نے خدا کی شریعت کی کتاب پڑھی اور اُنہوں نے سات دِن عید منائی اور آٹھویں دِن دستور کے موافق مقدس مجمع ف��اہم ہوا ۔