Loading Bible Translation
First-time download in progress. This may take a few seconds…
Urdu Holy Bible Wordproject Bible
22 verses
1اَے صادقو! خُداوند میں شادمان رہو۔ حمد کرنا راست بازوں کو زیبا ہے۔
2سِتارکے ساتھ خُداوند کا شُکر کرو۔ دس تار کی بربط کے ساتھ اُس کی ستایش کرو۔
3اُس کے لئے نیا گیت گاؤ۔ بلند آواز کے ساتھ اچھی طرح بجاؤ ۔
4کیونکہ خُداوند کا کلام راست ہے اور اُس کے سب کام باوفا ہیں۔
5وہ صداقت اور اِنصاف کو پسند کرتا ہے۔ زمین خُداوند کی شفقت سے معمور ہے۔
6آسمان خُداوند کے کلام سے اور اُس کا سارا لشکر اُس کے مُنہ کے دم سے بنا۔
7وہ سُمندر کا پانی تُو دے کی مانند جمع کرتا ہے۔ وہ گہرے سُمندروں کو مخزنوں میں رکھتا ہے۔
8ساری زمین خُداوند سے ڈرے۔ جہان کے سب باشندے اُس کا خَوف رکھیں۔
9کیونکہ اُس نے حُکم دِیا اور واقع ہوا۔
10خُداوند قوموں کی مشورت کوباطل کر دیتا ہے۔ وہ اُمتوں کے منصُوبوںہ کو ناچیز بنا دیتا ہے۔
11خُداوند کی مصلحت ابد تک قائم رہیگی۔ اور اُس کے دِل کے خیال نسل در نسل۔
12مُبارک ہے وہ قوم جس کا خُداخُداوند ہے اور وہ اُمت جس کو اُس نے اپنی ہی میراث کے لئے برگزیدہ کیا۔
13خُداوند آسمان پر سے دیکھتا ہے۔ سب بنی آدم پر اُس کی نگاہ ہے۔
14اپنی سکونت گاہ سے وہ زمین کے سب باشندوں کو دیکھتا ہے۔
15وہی ہے جو اُن سب کے دلوں کو بناتا اور اُن کے سب کاموں کا خیال رکھتا ہے۔
16کسی بادشاہ کو فوج کی کثرت نہ بچائیگی اور کسی زبردست آدمی کو اُس کی بڑی طاقت رہائی نہ دیگی۔
17بچ نکلنے کے لئے گھوڑا بیکار ہے۔ وہ اپنی شہزوری سے کسی کو نہ بچائیگا۔
18ویکھو! خُداوند کی نگاہ اُن پر ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں۔ جو اُس کی شفقت کے اُمیدوار ہیں۔
19تاکہ اُن کی جان مَوت سے بچائے اور قحط میں اُن کو جیتا رکھے۔
20ہماری جان کو خُداوند کی آس ہے۔ وہی ہماری کمک اور ہماری سِپر ہے۔
21ہمارا دِل اُس میں شادمان رہیگاکیونکہ ہم نے اُس کے پاک نام پر تُوکل کیا ہے۔
22اَے خُداوند! جیسی تجھ پر ہماری آس ہے۔ ویسی ہی تیری رحمت ہم پر ہو!